کانگریس لیڈ ر نے اس دورے کو ذاتی نوعیت کا بتایا، اسلئے پارٹی کارکنوں اپیل کی گئی تھی کہ ان سے ملاقات کی کوشش نہ کی جائے، بیماریوں سے جوجھ رہی سدھو کی اہلیہ نے راہل گاندھی کو عظیم انسان بتایا۔
EPAPER
Updated: October 04, 2023, 10:12 AM IST | Agency | Amritsar
کانگریس لیڈ ر نے اس دورے کو ذاتی نوعیت کا بتایا، اسلئے پارٹی کارکنوں اپیل کی گئی تھی کہ ان سے ملاقات کی کوشش نہ کی جائے، بیماریوں سے جوجھ رہی سدھو کی اہلیہ نے راہل گاندھی کو عظیم انسان بتایا۔
کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمان راہل گاندھی منگل کو ایک بار پھر امرتسر کے گولڈن ٹیمپل پہنچے اور وہاں ماتھا ٹیکا۔ انہوں نے شری ہرمندر صاحب میں سرجھکا کر برتنوں کی صفائی کرنے کے ساتھ ہی لنگر کیلئے تیار ہونے والی سبزیاں کاٹتے بھی نظر آئے۔ قبل ازیں منگل کی صبح انہوں نے پالکی صاحب کی خدمت انجام دی تھی۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ راہل گاندھی ذاتی دورے پر امرتسر آئے ہیں۔ پیر کو وہ گرودوارہ پہنچے تھے اور وہاں پہنچ کر پہلے پریکرما کی تھی۔ پریکرما کے دوران انہوں نے گرودوارہ بابا دیپ سنگھ کے قریب سبیل میں عقیدت مندوں کو پانی فراہم کرنے کی خدمت بھی کی۔ آدھے گھنٹے تک خدمت کرنے کے بعد راہل گاندھی ماتھا ٹیکنے کیلئے تقریباً نو بجے سچ کھنڈ شری ہرمندر صاحب پہنچے۔ انہوں نے سچ کھنڈ میں سری گرو گرنتھ صاحب کے سامنے چندو صاحب کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے سچ کھنڈ میں ہی تقریباً۵۰؍ منٹ تک کیرتن سنا۔ صبح تقریباً سوا دس بجے راہل گاندھی سچ کھنڈ سے ہوٹل واپس لوٹ گئے۔راہل گاندھی منگل کو صبح۱۰؍ بجے شری ہرمندر صاحب جانے والے تھے لیکن وہ ۱۱؍ بج کر ۵۰؍ منٹ پروہاں پہنچے۔
یہ راہل گاندھی کا ذاتی دورہ ہے۔ اسلئے ان کے آس پاس کوئی کانگریسی لیڈر نظر نہیں آیا۔ سیکوریٹی کو دیکھتے ہوئے وہ ہوٹل’رمدا‘ میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل سارگڑھی سرائے میں ان کے قیام کے انتظامات کئے گئے تھے۔ اپنے ذاتی دورے میں راہل گاندھی نے شری ہرمندر صاحب میں خدمت کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی تھی۔ انہوں نے ہرمندر کے لنگر ہال میں برتن دھوئے۔ ان کے دورے سے قبل پنجاب پولیس کی جانب سے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
اس دوران پنجاب کانگریس کے سابق سربراہ نوجوت سنگھ سدھو کی اہلیہ نوجوت کورسدھو جو کئی سنگین بیماریوں سے جوجھ رہ ہیں، کاایک ٹویٹ سامنے آیا ہے۔ راہل گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ہے کہ’’راہل بھائی بہت ہی پاکیزہ روح رکھنے والے ایک شاندار اور عظیم انسان ہیں، وہ بالکل زمین سے جڑے ہوئے، ایک منکسرالمزاج اور مہربان شخص ہیں۔‘‘ انہوں نے راہل گاندھی کا ایک ویڈیو بھی شیئر کیا جس میں وہ برتن دھوتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
کانگریس پارٹی نے اپنے کارکنوں کو راہل گاندھی سے دور رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ان کا ذاتی نوعیت کا دورہ ہے، اسلئے ان سے ملاقات کی کوشش نہ کی جائے۔
پنجاب کانگریس کے صدر امریندر سنگھ راجہ وڈنگ نے ’ایکس‘ پر کہا کہ راہل گاندھی سورن صاحب پر ماتھا ٹیکنے کیلئے امرتسر آرہے ہیں۔ یہ ان کا ذاتی اور روحانی سفر ہے، ان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔ تمام پارٹی کارکنوں سے گزارش ہے کہ اس دوران وہاں نہ پہنچیں۔ اگلی بار وہ ان سے مل سکتے ہیں۔ پارٹی کے امرتسر یونٹ کے صدر اشونی کمار پپو نے کہا کہ راہل گاندھی گولڈن ٹیمپل آئیں گے۔ پارٹی کی طرف سے ہدایات ہیں کہ راہل گاندھی کے ذاتی پروگرام میں کوئی لیڈر نہ ہو۔