• Fri, 31 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’میں اپنی جان دے سکتا ہوں مگر بی جے پی سے ہاتھ نہیں ملا سکتا ‘‘

Updated: January 31, 2025, 12:38 PM IST | Agency | New Delhi

راہل گاندھی نے مودی اور کیجریوال کو ایک جیسا قرار دیا ، کہا دونوں دلت مخالف، ریزرویشن مخالف اور اقتدار پسند ہیں۔

Rahul Gandhi Photo: INN
راہل گاندھی۔ تصویر: آئی این این

کانگریس کے رکن پارلیمان اور اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈرراہل گاندھی نے جمعرات کو بادلی میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور اروند کیجریوال میں کوئی فرق نہیں ہے۔ دونوں ریزرویشن اور دلت مخالف ہیں، دونوں ہی اقتدار کی طاقت صرف اپنے ہاتھوں میں رکھنا چاہتے ہیں۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’میں اپنی جان دے سکتا ہوں، لیکن بی جے پی اور آر ایس ایس سے کبھی سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔ ‘‘
  دہلی اسمبلی الیکشن میں بادلی سیٹ سے کانگریس کے امیدواردیویندر یادو کے انتخابی جلسے سے خطاب کرنے راہل گاندھی یہاں پہنچے تھے۔ انہوں نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر ملک میں نفرت پھیلانے کا الزام عائد کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے دعویٰ کیا کہ جن لوگوں نے مہاتما گاندھی کو گولی ماری تھی ان لوگوں کے نظریات آج ہندوستان کو چلا رہے ہیں۔ عوام کو مخاطب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’آپ کبھی مت بھولئے گا کہ آپ کے ساتھ کون کھڑا ہوتا ہے، آئین کو کون بچاتا ہے اور آپ سے سچ کون بولتا ہے۔ کانگریس نے آپ سے وعدہ کیا تھا منریگا دیں گے، کھانے کا حق دیں گے، قرض معاف کریں گے، کرناٹک کی خواتین کیلئے مفت بس سروس دیں گے، کرناٹک و تلنگانہ میں خواتین کے اکاؤنٹس میں براہ راست پیسہ دیں گے، چھتیس گڑھ میں کسانوں کو دھان کی صحیح قیمت دیں گے... کانگریس پارٹی نے ان سبھی وعدوں کو پورا کیا۔ انہوں نے کہا ’’کانگریس پارٹی کبھی جھوٹے وعدے نہیں کرتی۔ ایسا اس لئے ہے کہ کانگریس پارٹی اور عوام کا رشتہ محبت و بھائی چارے کا رشتہ ہے۔ ‘‘
 راہل گاندھی نے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صاف ستھری سیاست کی بات کرنے والے سابق وزیر اعلیٰ نے سب سے بڑا آبکاری گھوٹالہ کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کیجریوال جی کچھ سال قبل سیاست میں آئے تھے۔ بجلی کے کھمبے پر چڑھ گئے تھے، چھوٹی گاڑی میں گھومتے تھے۔ آج کل وہی کیجریوال جی شیش محل میں رہتے ہیں۔ ‘‘جمنا میں گندے پانی کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ کیجریوال نے ۵؍ سال پہلے جمنا کو صاف کرنے کا وعدہ کیا تھا جو اب تک وفا نہیں ہو سکا۔ ہم کہتے ہیں کہ کیجریوال جی جمنا کا پانی چھوڑو، لوگوں کے گھروں میں جو پانی آ رہا ہے وہی پانی پی کر دکھا دو۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK