• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

راہل گاندھی نے کولہاپور میں دلت خاندان سے ملاقات کا ویڈیو شیئر کیا

Updated: October 08, 2024, 1:53 PM IST | Agency | Kolhapur

باورچی خانہ میں کھانا پکایا اور ساتھ بیٹھ کر کھایا، ’’مراٹھواڑہ کے دلت کچن‘‘ نامی کتاب کے مصنف بھی ساتھ تھے، بہوجنوں  کے حقوق کے تحفظ کا عزم کیا۔

Rahul Gandhi eating at the home of a Dalit family in Kolhapur. Photo: INN
راہل گاندھی کولہاپور میں دلت کنبہ کے گھر پر کھانا کھاتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹر اسمبلی الیکشن سے قبل  لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی  نے سنیچر کو مہاراشٹر کا دورہ کیا ۔اس دوران کولہاپور میں وہ ایک دلت کنبہ کے گھر گئے اور وہاں اپنے ہاتھوں سے کھانا بھی بنایا۔  اس کی مختصر رپورٹ انقلاب  کے ۶؍ اکتوبر کے شمارے میں شائع ہو چکی ہے۔ پیر کو راہل گاندھی نے مذکورہ ملاقات کا ویڈیو اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر شیئر کیا اوراس عزم کااظہار کیا کہ وہ ملک میں بہوجنوں کے حقوق کے تحفظ کی لڑائی لڑتے رہیں گے۔ 
 اس ویڈیو کے ساتھ راہل گاندھی نے اپنے تجربات بھی قلم بند بھی کئے ہیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’دلت کچن (باورچی خانہ) کے بارے میں آج بھی بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ جیسا شاہو پٹولے جی نے لکھا ہےکہ دلت کیا کھاتے ہیں، کوئی نہیں جانتا۔‘‘ راہل گاندھی کے ساتھ ’’مراٹھواڑہ کے دلت کچن‘‘ نامی کتاب کے مصنف  شاہو پٹولے بھی تھے۔ راہل گاندھی کے مطابق’’اسی  تجسس کے ساتھ میں نے اجئے تکا رام  شندے اور انجنا تکارام شندے  کے ساتھ ایک دوپہر گزاری۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’انھوں نے کولہاپور، مہاراشٹر میں مجھے اپنے گھر عزت واحترام  کے ساتھ بلایا، باورچی خانہ میں ہاتھ بٹانے کا موقع دیا۔ ہم نے مل کر چنے کے ساگ کی سبزی ’ہربھریاچی بھاجی‘ اور بینگن کے ساتھ تور دال بنائی۔‘‘ویڈیو میں دلت کنبہ راہل گاندھی مذکورہ پکوان اور اس کے لوازمات کے بارے میں بتاتا نظر آ رہا ہے۔ پھر راہل گاندھی دلت کنبہ کے ساتھ مل کر پکوان تیار کرتے ساتھ میں بیٹھ کرپلیٹ میں کھاتے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں۔ راہل گاندھی  ویڈیو  میں کچھ اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے بھی نظر آتے ہیں۔ انہوں نے عز م کیا کہ ’’بہوجنوں کو حصہ داری اور حقوق آئین دیتا ہے، ہم اس کی حفاظت کریں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK