لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے انتخابی مہم کے آخری دن پیر کو ممبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
EPAPER
Updated: November 18, 2024, 11:33 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے انتخابی مہم کے آخری دن پیر کو ممبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے انتخابی مہم کے آخری دن پیر کو ممبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے مودی کے نعرے کی تشریح کرتے ہوئے اڈانی اور مودی کی تصویر بھی دکھائی۔ انہوں نےکہا کہمودی جی کے نعرے ’ایک ہیں تو سیف ہیں‘ کا مطلب مودی جی اور اڈانی’ایک ہیں اور سیف ہیں‘۔ یہ پریس کانفرنس بی کے سی میں واقع ہوٹل سوفیٹیل میں منعقد کی گئی تھی ۔ اپنی ۲۳؍ منٹ کی پریس کانفرنس میں راہل گاندھی نے ۸؍ پروجیکٹوں کے نام بتانے کے بعد دعویٰ کیا کہ مودی حکومت نے مہاراشٹر کے ان ۸؍پروجیکٹوں کو گجرات اور دیگر ریاستوں میں بھیج دیا ہے جن سے مہاراشٹر کے نوجوانوں کو۵؍ لاکھ ملازمتیں مل سکتی تھیں اور یہاں ۷؍ لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہو سکتی تھی۔ دھاراوی کے ری ڈیولپمنٹ پر اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ موجودہ پروجیکٹ مقامی افراد کے خلاف اور اڈانی کو فائدہ پہنچانے کیلئے منظور کیا گیا ہے۔ اس سے نہ صرف دھاراوی کے واسیوں کے ساتھ بلکہ ممبئی کے شہریوں کے ساتھ بھی نانصافی کی جارہی ہے۔ ہماری مہا وکاس اگھاڑی کی سرکار آتے ہی ہم اس پروجیکٹ کو منسوخ کر یں گے اور ایسا ری ڈیولپمنٹ پلان نافذ کریں گے جو مقامی افراد کیلئے فائدے مند ہو اور جس سے ان کے مکان اور چھوٹی صنعتوں کو تحفظ فراہم ہو۔
اسمبلی انتخابات میں ۲؍ نظریات کی لڑائی
راہل گاندھی نے کہا کہ مہاراشٹر کا قانون ساز اسمبلی کا انتخاب دو نظریات کی لڑائی ہے۔ ایک نظریہ۲؍ ارب پتی صنعتکاروں کو فائدہ پہنچانے والا ہے جبکہ دوسرا نظریہ کسانوں، نوجوانوں اور خواتین کے فلاح بہبود کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ممبئی اور مہاراشٹر کی دولت لوٹ رہی ہے لیکن آپ کی مدد سے ہم اس لوٹ کو روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم وی اے اقتدار میں آتے ہی۳؍لاکھ روپے تک کسانوں کا قرض معاف کرے گی،ڈھائی لاکھ سرکاری خالی اسامیوں کو پُر کرے گی، خواتین کو ماہانہ ۳؍ ہزار روپے مالی مدد فراہم کرے گی،بسوں میں مفت سفر کاانتظام کرے گی، بے روزگاروں کو نوکری ملنے تک ماہانہ ۴؍ ہزار روپے بے روزگاری الاؤنس دے گی اور تمام شہریوں کو۲۵؍ لاکھ روپے کا ہیلتھ انشورنس بھی فراہم کرے گی۔صحافیو ں سے بھرے ہال میں خطاب کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ’’ وزیر اعظم مودی کی ممبئی اور مہاراشٹر کی دولت پر نظر ہے اور وہ اسے لوٹ رہے ہیں۔‘‘
راہل گاندھی نے ’ایک ہیں تو سیف ہیں‘ کا پوسٹر دکھایا
راہل گاندھی نے پریس کانفرنس میں ایک لاکر منگایا اور اسے صحافیوں کے سامنے کھولا۔ اس میں مودی اور اڈانی کا پوسٹر اور دھاراوی کا نقشہ رکھا ہوا تھا۔ انہوں نے وہ پوسٹر دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ ہے ان کے نعرے کا اصل مفہوم۔ مودی اور اڈانی ایک ہیں اور سیف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ملک کر عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نےمزید کہا کہ ممبئی میں دھاراوی چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کا مرکز ہے۔ اس مرکز کو بند کرنے اور دھاراوی کو اڈانی کے سپرد کرنے کیلئے تمام حکومتی میکانزم کام کر رہے ہیں۔ یہ نہ صرف دھاراوی کی زمین کا مسئلہ ہے بلکہ اس کا تعلق ممبئی اور ممبئی کے ماحول سے بھی ہے۔ انہوں نے عوام سے بی جے پی کو اکھاڑ پھینکنے کی اپیل کی۔