Inquilab Logo Happiest Places to Work

راہل گاندھی آج سے یوپی کے دو روزہ دورے پر، امیٹھی اوررائے بریلی جائیں گے

Updated: April 29, 2025, 11:49 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر اورکانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی ۲۹؍ اور ۳۰؍اپریل کو رائے بریلی اور امیٹھی کے دورے پر آرہے ہیں۔

Rahul Gandhi. Photo: INN
راہل گاندھی۔ تصویر: آئی این این

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر اورکانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی ۲۹؍ اور ۳۰؍اپریل کو رائے بریلی اور امیٹھی کے دورے پر آرہے ہیں۔ ان کی آمد کے سلسلے میں پولیس حفاظتی انتظامات اوردیگرتیاریاں زوروں پر جاری ہیں۔ راہل گاندھی رائے بریلی اور امیٹھی کے کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح کریں گے اورمیٹنگوں میں شامل ہوں گے۔ اپنے دورے میں وہ کانپور بھی جائیں گے اور پہلگام حملے میں ہلاک ہونے والے شبھم دویدی کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے اور خراج عقیدت پیش کریں گے۔ 
  امیٹھی سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کشوری لال شرما نے بتایا ہے کہ راہل گاندھی سب سے پہلے ۲۹؍ اپریل کو رائے بریلی جائیں گے جہاں وہ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کوآرڈینیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی (دیشا) کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ میٹنگ میں شرکت کرکے اب تک کئے جانے والے کاموں کی معلومات حاصل کریں گے اور آئندہ کئے جانے والے کاموں کے بارے میں بھی افسران سے تبادلہ خیال کریں گے۔ راہل گاندھی ریل کوچ فیکٹری، لال گنج کا بھی دورہ کریں گے اوراس کے بعد بھومؤ گیسٹ ہاؤس میں رات گزاریں گے۔ ۳۰؍ اپریل کو امیٹھی کے گن فیکٹری اور انڈو- رشین رائفلز پرائیویٹ لمیٹڈ کا دورہ کریں گےاور پھر سنجے گاندھی اسپتال میں ہارٹ یونٹ کا افتتاح کریں گے اور اندرا گاندھی نرسنگ کالج کا بھی معائنہ کریں گے۔ واضح رہے کہ سنجے گاندھی اسپتال، سنجے گاندھی میموریل ٹرسٹ، نئی دہلی کے ذریعے چلایا جاتا ہے۔ سونیا گاندھی ٹرسٹ کی چیئرپرسن ہیں جبکہ راہل گاندھی ٹرسٹی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ راہل امیٹھی سے تین بار رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں اور گزشتہ سال جون میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں انہوں نےرائے بریلی سیٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ 
  راہل گاندھی گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے بعد پہلی بار امیٹھی آ رہے ہیں۔ جبکہ اس سے قبل ۲۰؍ فروری کو راہل گاندھی ایک روزہ دورے پر رائے بریلی آئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK