پہلوانوں سے ملاقات کی ،چٹائی پر بیٹھ کر ان سےکشتی کی باریکی سیکھی، باجرے کی روٹی اور سرسوں کے ساگ کا بھی لطف لیا
EPAPER
Updated: December 28, 2023, 7:26 AM IST | New Delhi
پہلوانوں سے ملاقات کی ،چٹائی پر بیٹھ کر ان سےکشتی کی باریکی سیکھی، باجرے کی روٹی اور سرسوں کے ساگ کا بھی لطف لیا
کانگریس لیڈر راہل گاندھی پہلوانوں سے ملنے ہریانہ کے پہلوان بجرنگ پونیا کے گاؤں پہنچے ۔ اس دوران انہوں نے پہلوانوں کی زندگی کا قریب سے مشاہدہ کیا، کشتی کی باریکی سیکھی اور گا ؤں کے پکوان کا بھی لطف لیا۔
راہل گاندھی بد ھ کو ہریانہ کے چھرا گاؤں پہنچے اور ویریندر اکھاڑہ میں پہلوانوں سے ملاقات کی۔ اس دوران کانگریس لیڈر کے ساتھ بجرنگ پونیا بھی موجود تھے۔ چھرا گاؤں پہلوان دیپک پونیا کا گاؤں ہے جو جھجر ضلع میں ہے۔ دیپک اور بجرنگ پونیا نے اپنی ریسلنگ اسی وریندر اکھاڑہ سے شروع کی تھی۔اس دوران راہل پہلوانوں کے اکھاڑے میں پہنچے اور ان کی مشقوں کے بارے میں بات چیت کی۔ راہل کے دورے میں بجرنگ پونیا بھی ان کے ساتھ نظر آئے جو ریسلنگ فیڈریشن کے خلاف جاری احتجاج کے اہم چہروں میں سے ایک ہیں۔
وریندر آریہ اکھاڑہ میں پہلوانوں کو پریکٹس کرتے دیکھ کر راہل گاندھی خود پر قابو نہیں رکھ سکے اور رنگ میں اترگئے۔ انہوں نے پہلوانوں سے پنجہ لڑایا اور دو دوہاتھ کئے۔ اس دوران انہوں نے خاص طور پر اولمپین بجرنگ پونیا سے بات چیت کی۔ انہوں نے بجرنگ پونیا کے ساتھ چٹائی پر کشتی لڑی اور ان سے کشتی کا فن سیکھا۔ پہلوانوں کے معمولات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ پہلوان کہاں رہتے ہیں؟ مشق کیسے کرتے ہیں اور کیا کھاتے پیتے ہیں؟ انہوں نے ایک ایک پہلو کو قریب سے دیکھا اور سمجھا۔
اکھاڑے کے آپریٹراور پہلوان بجرنگ پونیا کے علاوہ دیپک پونیا کے کوچ آریہ وریندر دلال نے بتایا ،’’ گاندھی جب اچانک اکھاڑے میں پہنچے تو پہلوان انہیں دیکھ کر حیران رہ گئے اور ان کی خوشی کاٹھکانہ نہ رہا۔ ‘‘دلال نے کہا ، ’’تنازع کی وجہ سے کھلاڑیوں کو بھی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ پہلوان ذہنی طور پر پریشان ہیں۔ گاندھی نے بھی بڑی سادگی سے چٹائی پر بیٹھ کر پہلوانوں سے کشتی کی باریکی سیکھی۔ انہوں نے باجرے کی روٹی اور سرسوں کے ساگ کا لطف بھی لیا۔ رخصت ہوتے وقت پہلوانوں نے کھیتوں سے تازہ مولیاں اور کھیت سے توڑ کر لائے گنے بھی راہل گاندھی کو پیش کئے۔‘‘
راہل گاندھی تقریباً ڈھائی گھنٹے تک اکھاڑہ میں رہے۔ شاید کانگریس کے کسی لیڈر کو ان کے پروگرام کی اطلاع نہیں تھی، اس لئے کوئی لیڈر اکھاڑہ نہیں پہنچاتھا۔