ٹویٹ کیا کہ’’ سری ہرمندر صاحب پہنچنے کے بعد انسانی اقدار میں یقین اور بھی گہرا ہوتا ہے‘‘، بھائی چارہ کیلئے دعا کی
EPAPER
Updated: January 11, 2023, 10:41 AM IST | Amritsar
ٹویٹ کیا کہ’’ سری ہرمندر صاحب پہنچنے کے بعد انسانی اقدار میں یقین اور بھی گہرا ہوتا ہے‘‘، بھائی چارہ کیلئے دعا کی
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے منگل کو پنجاب میں بھارت جوڑو یاترا کے آغاز سے قبل امرتسر کے گولڈن ٹیمپل میں ماتھا ٹیکا۔وہ انبالہ ضلع میں ہریانہ مرحلے کو ختم کرنے کے بعد منگل کی دوپہر امرتسر ہوائی اڈے پر اترے۔ اس کے بعد وہ وہیں سے کیسری پگڑی باندھ کر گولڈن ٹیمپل پہنچے جہاں انہوں نے ماتھا ٹیکا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ پنجاب کانگریس کے سربراہ امریندر سنگھ راجہ وارنگ، قائد حزب اختلاف پرتاپ سنگھ باجوہ، رکن پارلیمنٹ گرجیت سنگھ اوجلا اور پارٹی کے دیگر لیڈر موجود تھے۔
راہل گاندھی نے اس تعلق سے ٹویٹ کرکے کہا کہ ’’گرو کے ذریعے سری ہرمندر صاحب تک پہنچنے کے بعد انسانی اقدار میں یقین اور بھی گہرا ہوتا ہے۔ ست شری اکال۔ ‘‘ایک ٹویٹ میں کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے کہاکہ ’’راہل گاندھی نے پنجاب میں بھارت جوڑو یاترا شروع کرنے سے پہلے امرتسر میں سکھ مذہب کی سب سے مقدس عبادت گاہ سری ہرمندر صاحب پر ماتھا ٹیکا۔یہ کانگریس کے اس عزم کی نشانی ہےجس کے تحت تمام مذاہب کی عزت کی جاتی ہے اور سبھی کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی جاتی ہے۔‘‘
اس سے قبل میڈیا نے یہاں راہل گاندھی سے متعدد سوالات کئے جن کا انہوں نے جواب دیا۔ اپنے ٹی شرٹ کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں راہل نے بالکل واضح انداز میں کہا کہ وہ سویٹر اسی صورت میں پہنیں گے جب انہیں تھرتھرا دینے والی ٹھنڈ لگے گی۔اس سے قبل تو وہ ایسا کرنے سے رہے ۔ واضح رہے کہ شمالی ہند میں اس وقت کڑاکے کی ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔ کئی شہروں میں درجہ حرارت ۳؍ سے ۲؍ ڈگری ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ ا س کے باوجو د راہل گاندھی سویٹر کے بغیر ہی نظر آرہے ہیںجس پر پورے ملک کا میڈیا اچنبھے کا شکار ہے۔اس سے قبل ہریانہ کے انبالہ ضلع میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر بی جے پی اور آر ایس ایس کو نشانہ بنایا۔ انہوںنے آر ایس ایس کو ۲۱؍ ویں صدی کے ’کورو ‘ قرار دیا اور ان کے خلاف جنگ کو لازم قرار دیا۔ انہوں نے ان کوروئوں کے خلاف ہم جیسے پانڈوئوں کو جنگ لڑنی پڑے گی تاکہ ملک سے بے روزگاری ، مہنگائی ، نفرت ختم ہو اور بھائی چارہ کو فروغ ملے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں بھارت جوڑو یاترا روزانہ کی بنیاد پر ۲۵؍ کلومیٹر پیدل چلے گی۔ اس دوران ۱۱؍ اور ۱۲؍ جنوری کو یاترا ہو گی جبکہ ۱۳؍ جنوری کو لوہڑی کی تعطیل رہے گی۔ ۱۴؍ جنوری کو یاترا دوبارہ شروع ہوگی۔راہل گاندھی جالندھر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔