کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اپنی بھارت جوڑو یاترا کے دوسرے مرحلے کا آغاز۱۴؍ جنوری کو منی پور سے کریں گے۔
EPAPER
Updated: December 28, 2023, 7:20 AM IST | New Delhi
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اپنی بھارت جوڑو یاترا کے دوسرے مرحلے کا آغاز۱۴؍ جنوری کو منی پور سے کریں گے۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اپنی بھارت جوڑو یاترا کے دوسرے مرحلے کا آغاز۱۴؍ جنوری کو منی پور سے کریں گے۔اس بارےمیں کانگریس جنرل سیکریٹری آرگنائزیشن کے سی وینوگوپال اور پارٹی کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے بدھ کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا ،’’راہل گاندھی کے مشرق سے مغرب تک کی اس یاترا کا نام ’بھارت نیائے یاترا‘ ہوگا اور پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے منی پور کی راجدھانی امپھال سے اس یاترا کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گاندھی نے گزشتہ سال۷؍ ستمبر کو تمل ناڈو کے کنیا کماری سے جموں کشمیر کی راجدھانی سری نگر تک تقریباً۴ ؍ ہزار۵؍سو کلومیٹر کی یاترا شروع کی تھی اور اب وہ امپھال سے یاترا کا دوسرا مرحلہ شروع کریں گے جس میں تقر یباً۶۲؍ سوکلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جائے گا۔ یاترا کے دوران گاندھی۱۴؍ ریاستوں کے۸۵؍ اضلاع سے ہوتے ہوئے۲۰؍ مارچ کو ممبئی میں یاترا کا اختتام کریں گے۔کانگریس لیڈروں نے بتایا کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوسرے مرحلے میں گاندھی کی یہ ’نیائے یاترا‘ ملک کےعوام کو معاشی، سماجی اور سیاسی انصاف فراہم کرنے پر زو ر دے گی۔
وینوگوپال نے کہا کہ۲۱؍ دسمبر کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں، پارٹی کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز تنظیم کو ایک متفقہ تجویز موصول ہوئی کہ گاندھی کو مشرق سے مغرب تک `بھارت جوڑو یاترا کا دوسرا مرحلہ شروع کرنا چاہئے۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ گاندھی کی یاترا کا دوسرا مرحلہ امپھال سے شروع ہو کر ممبئی تک جاری رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ یاترا منی پور، ناگالینڈ، آسام، میگھالیہ، مغربی بنگال، بہار، جھارکھنڈ، ادیشہ، چھتیس گڑھ، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، راجستھان اور گجرات سے ہوتی ہوئی مہاراشٹر میں مکمل ہو گی۔جب کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش سے پوچھا گیا کہ اس یاترا کا نام ’نیائے یاترا‘ کیوں رکھا گیا تو انہوں نے کہا، ’’ہم عوام کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہم اقتصادی، سماجی اور سیاسی سطح پر انصاف دیں گے۔‘‘