مختلف پروگراموں منعقد کئے۔ پہلی الیکٹرک ٹرین سی ایس ایم ٹی تاکرلا ۳؍ فروری ۱۹۲۵ء کو ہاربر لائن پر چلائی گئی تھی
EPAPER
Updated: February 03, 2025, 10:48 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
مختلف پروگراموں منعقد کئے۔ پہلی الیکٹرک ٹرین سی ایس ایم ٹی تاکرلا ۳؍ فروری ۱۹۲۵ء کو ہاربر لائن پر چلائی گئی تھی
پیر کو ملک کی ریلوے کا تاریخی دن تھا کیونکہ اس دن سینٹرل ریلوے لائن پر بجلی کے ذریعہ پہلی ’ای ایم یو‘ (الیکٹرک ملٹیپل یونٹس) جسے لوکل ٹرین بھی کہا جاتا ہے، چلانے کو ۱۰۰؍ سال مکمل ہوگئے۔ ملک کی پہلی الیکٹرک ٹرین ہاربر لائن پر ’وی ٹی‘ (وکٹوریہ ٹرمنس ، اب ’سی ایس ایم ٹی‘ چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس) سے کرلا کے درمیان چلائی گئی تھی۔
اس موقع پر سینٹرل ریلوے نے ایک خصوصی یاد گار ’لوگو‘ جاری کیا ہے، مختلف مقامات پر سمیناراور دیگر کئی پروگرام منعقد کئے گئے ۔ سینٹرل ریلوے پر سی ایس ایم ٹی، پریلاور کرلا ٹرمنس جیسے کئی اہم اور بڑے ریلوے اسٹیشنوں کو سجایا گیا تھا اور مختلف دور میں ریلوے کی ترقی کو جھانکیوں کے ذریعے پیش کیا گیا۔
سینٹرل ریلوے کے موٹرمین اور دیگر ورکروں نے ٹرینوں پر پھولوں کے ہار چڑھا کر اور مٹھائیاں تقسیم کرکے خوشی کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ اکثر ملازمین نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ ایسے وقت میں ریلوے کا حصہ ہیں جب بجلی سے ٹرینیں چلانے کو ۱۰۰؍ سال مکمل ہوئے ہیں۔
سینٹرل ریلوے کے ایک ترجمان نے کہا کہ کوئلہ، ڈیزل اور فضائی آلودگی پیدا کرنے والے ان جیسے دیگر ایندھن سے چلنے والی ٹرینوں سے بجلی سے چلنے والی ٹرینوں کی جانب منتقل ہونے کا مقصدیہ بھی ہے کہ ماحولیات پر کوئی منفی اثر نہ پڑے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔۲۰۳۰ء تک ملک کی ریلوے کو مکمل طور پر کاربن سے پاک ادارہ قرار دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا کی پہلی ٹرین ۱۸۲۵ء میں چلائی گئی تھی اور ہندوستان میں پہلی ٹرین ۱۶؍ اپریل ۱۸۵۳ء کو ممبئی کے بوری بندر سے تھانے کے درمیان چلائی گئی تھی۔ تاہم اس کے تقریباً ۷۲؍ برس بعد پہلی الیکٹرک ٹرین وی ٹی کے پلیٹ فارم نمبر ۲؍ سے کرلا تک ۳؍ فروری ۱۹۲۵ء کو چلائی گئی تھی۔ اس کا افتتاح اُس وقت کے گورنر سر لیسلی ولسن کے ہاتھوں کیا گیا تھا جو اپنی اہلیہ کے ہمراہ شاہی گھوڑا گاڑی میں وی ٹی پہنچے تھے۔ اس ٹرین کو چلانے والے موٹر مین جہانگیر فرام جی دارو والا تھے۔ یہ ٹرین محض ۴؍ ڈبوں کی تھی اور اس کیلئے بجلی کا انتظام ٹاٹا کمپنی کی جانب سے کیا گیا تھا۔
اس کے بعد سے وقفہ وقفہ سے الیکٹرک ٹرینوں کے ڈبوں میں اضافہ کیا جاتا رہا ہے۔ ۱۹۲۷ء میں ان ٹرینوں کے ڈبوں کی تعداد ۸، ۱۹۶۱ء میں ۹، ۱۹۸۶ء میں ۱۲؍ اور پھر ۲۰۱۶ء میں ۱۵؍ کی گئی۔ اس کے علاوہ ممبئی کی پہلی لوکل اے سی ٹرین ۲۰۲۰ء میں چلائی گئی تھی۔ اگرچہ ممبئی میں پہلی ٹرین ’سینٹرل ‘ یا ’مین لائن‘ کے ہاربر لائن پر چلائی گئی تھی لیکن پہلی اے سی اور ۱۵؍ ڈبوں کی لوکل ٹرینیں ویسٹرن لائن پر چلائی گئی تھی۔