اس وقت ملک کی مختلف ریاستوں میں مختلف قسم کے موسم دیکھے جارہے ہیں۔ دہلی اور اطراف کے علاقوں میں جہاں ہلکی بارش ہورہی ہے، وہیں ہماچل پردیش سمیت پہاڑی ریاستوں میں برف باری ہورہی ہے۔
EPAPER
Updated: December 25, 2024, 11:02 AM IST | Agency | New Delhi
اس وقت ملک کی مختلف ریاستوں میں مختلف قسم کے موسم دیکھے جارہے ہیں۔ دہلی اور اطراف کے علاقوں میں جہاں ہلکی بارش ہورہی ہے، وہیں ہماچل پردیش سمیت پہاڑی ریاستوں میں برف باری ہورہی ہے۔
اس وقت ملک کی مختلف ریاستوں میں مختلف قسم کے موسم دیکھے جارہے ہیں۔ دہلی اور اطراف کے علاقوں میں جہاں ہلکی بارش ہورہی ہے، وہیں ہماچل پردیش سمیت پہاڑی ریاستوں میں برف باری ہورہی ہے۔ اسی طرح کئی ریاستوں میں کہرے کا قہر ہے۔
محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ راجدھانی دہلی میں پورے ہفتے آسمان میں جزوی طور پر بادل چھائے رہ سکتے ہیں۔ اس دوران ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی منگل اور بدھ کو صبح میں کئی علاقوں میں درمیانی سطح کا اور کچھ علاقوں میں گھنا کہرا بھی ہو سکتا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ موسمیات نے دو دنوں کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ کچھ اسی طرح کی پیش گوئی پنجاب، ہریانہ اور چنڈی گڑھ کیلئے بھی کی گئی ہے۔ اسی طرح تین ریاستوں جموں کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ ہماچل میں برف باری کی وجہ سے دو قومی شاہراہوں سمیت۳۰؍ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ شملہ میں سیزن کی دوسری برف باری ہوئی، جس سے سڑکوں پر برف کی۳؍ انچ کی تہہ پڑ گئی۔ اس کی وجہ سے سیاحوں کی گاڑیاں سڑک پر پھسلنے لگیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق دیر رات تک جنوبی پورٹل سے اٹل ٹنل کے شمالی پورٹل تک ایک ہزار سے زائد گاڑیاں برف میں پھنسی ہوئی تھیں۔ پولیس نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے گاڑیوں کو ہٹا یا۔
پہاڑی علاقوں میں برف باری کے درمیان اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ اور آس پاس کے اضلاع میں بھی بارش ہوئی ہے جس کی وجہ سے علاقے میں سردی بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے اتر پردیش کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا تھا لیکن پیر کی رات سے برفیلی ہواؤں نے لوگوں کو سر سے پاؤں تک گرم کپڑوں میں ڈھانپنے پر مجبور کر دیا۔ لکھنؤ، کانپور، اناؤ اور بارہ بنکی سمیت کئی اضلاع میں دیر رات سے ہلکی بارش جاری ہے۔ منگل کو صبح ابر آلود آسمان اور برفیلی ہواؤں نے سردی میں اضافہ کر دیا ہے۔ تاہم، محکمہ موسمیات نے پہلے ہی۲۳؍ سے۲۶؍ دسمبر کے درمیان بارش اور درجہ حرارت میں کمی کی پیش گوئی کی تھی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور آندھی کے باعث آنے والے دنوں میں درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے۔