• Wed, 13 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ راج ٹھاکرے، فرنویس کی باتوں میں آکر مراٹھوں سے دشمنی مول نہ لیں‘‘

Updated: November 09, 2024, 9:27 AM IST | Jalna

منوج جرنگے کا ایم این ایس سربراہ کو انتباہ، کہا’’ اپنے کام سے کام رکھیں آئندہ ریزرویشن پر کوئی بیان نہ دیں۔‘‘

Manoj Jarange during a rally.  File photo
منوج جرنگے ایک ریلی کے دوران۔ فائل فوٹو

مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے نے ایک بار پھر ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے کو انتباہ دیا ہے کہ وہ آئندہ سے  مراٹھا ریزرویشن کے تعلق سے بیان نہ دیں ورنہ انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ راج ٹھاکرے نے حال ہی میں کہا تھا کہ مراٹھا سماج کو ریزرویشن نہیں ملے گا۔ میں نے منوج جرنگے سے پہلے ہی کہا تھا کہ سارے سیاستداں صرف انہیں بہلانے کیلئے مراٹھا ریزرویشن کی حمایت کرتے ہیں، حقیقت میںمراٹھا سماج کو ریزرویشن نہیں دیا جا سکتا۔ منوج جرنگے نے راج ٹھاکرے کو انتباہ دیا  ہے کہ وہ دیویندر فرنویس کی بات سن کر اس جھنجھٹ میں نہ پڑیں اور اپنے کام سے کام رکھیں۔  
راج ٹھاکرے نے ۲؍ روز قبل لاتور میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ’’ منوج جرنگے سے جب میںملنے گیا تھا تو میں نے انہیں سمجھا دیا تھا کہ مراٹھا سماج کو ریزرویشن نہیں دیا جا سکتا کیونکہ یہ صرف مہاراشٹر کا معاملہ نہیں ہے ۔ پورے ملک کا معاملہ ہے۔ اگر یہاں ریزرویشن دیدیا گیا تو پورے ملک میں الگ الگ سماج اٹھ کھڑے ہوں گے۔‘‘ ان کا کہنا تھا ’’ جو بات ہو نہیں سکتی، جو چیز مل نہیں سکتی اس کیلئے ہم آپس میں کیوں لڑیں؟ ‘‘راج ٹھاکرے نے جواز پیش کیا کہ ’’ ہر پارٹی یہ کہہ رہی ہے کہ وہ مراٹھا ریزرویشن کے حق میں ہے ، حکومت نے خصوصی اجلاس بلاکر کہا تھا کہ ہم مراٹھا سماج کو ریزرویشن دے رہے ہیں پھر اب تک ریزرویشن ملا کیوں نہیں ؟ جب کوئی اس کی مخالفت کر نہیں رہا ہے تو ریزرویشن مل کیوں نہیں رہا ہے؟‘‘ 
 جمعرات کی رات جب جالنہ میں میڈیا نے منوج جرنگے کی توجہ راج ٹھاکرے کے بیان کی جانب مبذول کروائی تو انہوں نے کہا ’’انہیں کیا پنچایت پڑی ہوئی ہے میری سمجھ میں نہیں آ رہا ہے۔ دیویندر فرنویس کی بات سن کر انہیں اس جھمیلے میں پڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔   ‘‘ جرنگے نے کہا ’’میں آپ (راج ) سے یہ بات غصے میں نہیں کہہ رہا ہوں لیکن میرا کہنا ہے کہ آپ مجھ سے الجھنے کی کوشش نہ کریں۔ آپ اپنے کام سے کام رکھیں اس کے بعد  آپ ریزرویشن کے تعلق سے بیان نہ دیں ۔‘‘ منوج جرنگے نے واضح طور پر راج ٹھاکرے کو متنبہ کیا کہ ’’آپ بلاوجہ مراٹھا سماج سے دشمنی مول نہ لیں۔ ‘‘  یاد رہے کہ ایک رو ز قبل بھی منوج جرنگے نے راج ٹھاکرے کو متنبہ کیا تھا کہ ’’ میں نے ابھی مراٹھا سماج کو کوئی ہدایت نہیں دی ہے کہ کسے ہرانا ہے اور کسے  ووٹ دینا ہے۔ اگر میں نے مراٹھا سماج کو ہدایت دیدی تو پھر وہ آپ کو کہیں کا نہیں رکھیں گے۔ ‘‘ یاد رہے کہ راج ٹھاکرے نے اب تک منوج جرنگے  کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK