• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

راج ٹھاکرے کی بدلاپورمعاملے کی متاثرہ بچیوں کے والدین سے ملاقات

Updated: August 28, 2024, 11:24 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

اس معاملے میں احتجاج کرنے والے پارٹی ورکروں سے بھی بات چیت کی ، لیکن میٹنگ میں گنتی کے افراد نظر آنے پر ایم این ایس سربراہ کچھ ہی منٹ ٹھہرے اور پھراعلیٰ افسران سے ملاقات کا بہانہ کرکے سیدھا ممبئی چلے گئے

In Badlapur, Raj Thackeray interacted with the protestors and the families of the victims
بدلا پور میں راج ٹھاکرے نے مظاہرین اور متاثرین کے اہل خانہ سے بات چیت کی

 مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے جنسی زیادتی معاملے کی متاثرہ بچی ،اسکے والدین اور مظاہرین سے ملاقات کیلئے بدھ کو بدلا پورکا دورہ کیا۔ یہاں انہوں نے متاثرہ بچی کے والدین اور احتجاج میں شامل ایم این ایس کے کارکنان سے چند ہی منٹ بات چیت کی۔بتایا جارہا ہے کہ جس ہال میں راج ٹھاکرے سرپرستوں ،شہریوں اور ایم این ایس کے کارکنان سے خطاب کرنے  والے تھے،وہاں گنتی کے چند افراد ہی موجود تھے۔ یہ دیکھ کر  راج ٹھاکرے پولیس سے ملنے کا بہانہ کرکے ممبئی کیلئے روانہ ہوگئے۔
 خیال رہے کہ جنسی زیادتی معاملے پر سب سے پہلے ایم این ایس کے کارکنان نے احتجاج شروع کیا تھا۔جس وقت یہ سانحہ رونما ہوا،راج ٹھاکرے ودربھ کے دورے پر تھے۔وہیں سے انہوں نے شندے سرکار پر تنقید کی تھی اور متاثرہ بچیوں کے والدین سے موبائل پر بات چیت بھی کی تھی۔بعد ازیں انہوں نے ایم این ایس کی خواتین ونگ کی کارکنان سے بھی رابطہ کیا تھا۔ 
دورے کی تاریخ تبدیل کی گئی
 بدلاپور سانحہ کے خلاف احتجاج کرنے والے سیکڑوں ایم این ایس کارکنان کے خلاف پولیس نے کیس درج کئے ہیں۔پولیس کی جانب سے اب بھی مظاہرین کی گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔ اس معاملے میں ریلوے پولیس نے بھی مظاہرین کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ اس پس منظر میں راج ٹھاکرے پہلے ۲۶؍اگست کو سرپرستوں اور احتجاج میں شامل مظاہرین سے بات چیت کیلئے آنے والے تھے۔ تاہم ان کا طے شدہ دورہ اچانک رد کردیا گیا۔اس پرسوشل میڈیا پر چہ میگوئیاں ہونے لگیں۔جس کے بعد طے ہوا  کہ ۲۸ ؍اگست کو راج ٹھاکرے بدلاپور کا دورہ کریں گے۔طے شدہ پروگرام کے مطابق ایم این ایس سربراہ بدھ کی دوپہر ایک بجے بدلاپور پہنچے ۔لیکن جس ہال میں ان کا پروگرام رکھا گیا تھا وہاں کرسیاں خالی پڑی تھیں۔راج ٹھاکرے نے  سرپرستوں اور ایم این ایس کے کارکنان سے بات چیت کی اور پھر  بتایا کہ  وہ بدلاپور پولیس  کے افسران سے ملنے جارہے ہیں مگر وہ سیدھے ممبئی کیلئے روانہ  ہوگئے۔اس کا علم ہوتے ہی بدلاپور کے شہریوں نے راج ٹھاکرے کے تئیں اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK