ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے نے اپنے کارکنوں کو کھلا خط لکھ کر کہا کہ مہاراشٹر کے سینکو!فی الحال احتجاج بند کر دو
EPAPER
Updated: April 05, 2025, 10:24 PM IST | Mumbai
ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے نے اپنے کارکنوں کو کھلا خط لکھ کر کہا کہ مہاراشٹر کے سینکو!فی الحال احتجاج بند کر دو
مہا راشٹر نو نر مان سینا ( ایم این ایس ) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے اپنے کارکنوں کو خط لکھ کر مراٹھی سے متعلق احتجاج فی الحال روکنے کاحکم دیا ہے ۔مہاراشٹر میں مراٹھی زبان پرجاری تناز ع کے درمیان ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے نے سنیچر کواپنے پارٹی کارکنوں کو ایک کھلا خط لکھا۔ اپنے خط میں انہوں نے پارٹی کارکنوں کو’مہاراشٹرا سینک‘ کہہ کر مخاطب کیا ۔اس کے علاوہ انہوں نے مراٹھی زبان کے بارے میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے بیانات کو بھی نشانہ بنایا۔ راج ٹھاکرے نے اپنے خط میں پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتےہوئے ہوئے کہا ، ’’ مہاراشٹر کے سینکو!فی الحال احتجاج بند کر دولیکن اپنی توجہ اس مسئلے سے ہٹنے نہ دو۔‘‘
اپنے خط میں راج ٹھاکرے نے پارٹی کارکنوں سے کہا، ’’مہاراشٹر میں ایک بار پھر مراٹھی کے مسئلے کے لئے مضبوط آواز اٹھانے پر آپ کو دلی مبارکباد۔ میں نے آپ کو گڈی پاڑوا ریلی میں حکم دیا تھا کہ مہاراشٹر کے بینکوں میں مراٹھی لین دین ہو رہا ہے یا نہیں اور اگر نہیں تو اس کے بارے میں بینک کے انتظامیہ کو مطلع کریں۔اس کےدوسرے دن سے ہی آپ لوگ مہاراشٹر کے مختلف بینکوں میں گئے اور سبھی سے مراٹھی میں لین دین کرنے کی اپیل کی۔ اس مہم کو اچھا رسپانس ملا۔ اب کوئی بھی مراٹھی زبان اور مراٹھی کو کمتر سمجھنے کی غلطی نہیں کرسکتا۔ اس مہم کے ذریعے عوام تک یہ پیغام پہنچا ہے۔ اس سے مہاراشٹر نو نرمان سینا کی طاقت بھی ظاہر ہوئی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید لکھا ،’’میرے خیال سے اب اس تحریک کو روکنے میں کوئی حرج نہیں ہے، کیونکہ ہم نے اس موضوع پر عوام خاصا بیدار کردیا ہے۔ اور کیا ہوسکتا ہے ؟ اس کی اس کی ایک جھلک بھی پیش کر دی ہے ۔ اب مراٹھی والوں کو خود ہی سوچنا چاہئے اور اگر ہمارا مراٹھی سماج ہی خاموش رہےگا تو یہ تحریک کس کیلئے چلائی جائے گی؟‘‘راج ٹھاکرے نے اپنے خط میں لکھا، ’’اس معاملے میں سب سے اہم ذمہ داری حکومت کی ہے، وہ ریزرو بینک کے اصول کو جانتی ہے اور اس اصول کو نافذ کرنا حکومت کا فرض ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’جمعہ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ ہم مراٹھی زبان کے نام پر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ہم بھی ایسا کچھ نہیں چاہتے لیکن اگر آپ قانون کے محافظ ہیں تو کیا آپ کا کام ریزرو بینک کے قوانین کونافذ کرنا نہیں ہے؟‘‘
راج ٹھاکرے نےوزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ بینکوں اور دیگر اداروں میں مراٹھی کو عزت دی جائے۔ پھر ہم قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیں گے۔ایم این ایس سربراہ ٹھاکرے نے کہا ، ’’میرا حکومت کو پیغام ہے کہ اگر کہیں بھی قانون کی پاسداری نہیں کی جاتی ہے اور مراٹھی مانس پر توجہ نہیں دی جاتی یا ان کی توہین کی جاتی ہے تو میرے مہاراشٹر کے سینک ضرور وہاں جائیں گے اور ان سے بات چیت کریں گے۔‘‘
قبل ازیں و زیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا تھاکہ مراٹھی زبان کے استعمال پر اصرار کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن اگر کوئی ایسا کرتے ہوئے قانون کو اپنے ہاتھ میں لیتا ہے تو متعلقہ افراد کے ساتھ مناسب کارروائی کی جائے گی۔ ماہرین کے مطابق ایم این ایس ممبئی، تھانے، پونے، ناسک اور ناگپور جیسی بڑی میونسپلٹیوں کے انتخابات سے پہلے ’مراٹھی شناخت ‘کے ایجنڈے کو جارحانہ انداز میں آگے بڑھا رہی ہے۔