• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

راجستھان ضمنی الیکشن : آج انتخابی مہم کا آخری دن

Updated: November 11, 2024, 10:47 AM IST | Jaipur

جھنجھنو، رام گڑھ، دوسہ، کھیونسر، دیولی-اونیارا، سلومبراور چوراسی اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کیلئے بدھ ۱۳؍ نومبر کو پولنگ ہوگی، کانگریس کیلئے ۴؍ سیٹوں پر وقار برقراررکھنے کا چیلنج، بی جےپی ، آر ایل پی اور بی اے پی کی ایک ایک سیٹ داؤ پر۔

Hanuman Beniwal, Govind Singh Dotasra, Bhajan Lal Sharma and Rajkumar Root. Image: INN.
ہنومان بینی وال، گووند سنگھ ڈوٹاسرا،  بھجن لال شرما اور راجکمار روت۔ تصویر: آئی این این۔

راجستھان میں ۱۳؍ نومبر کو ۷؍ اسمبلی سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے زوروشور سے جاری انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے۔ حکمراں بی جے پی اور اہم اپوزیشن کانگریس سمیت دیگر سیاسی جماعتوں اور ان کے سینئر لیڈروں نے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔ ریاست میں جھنجھنو، رام گڑھ، دوسہ، کھیونسر، دیولی-اونیارا، سلومبراور چوراسی اسمبلی حلقوں میں خالی نشستوں پر ہونے والے اس ضمنی انتخاب کیلئے انتخابی مہم کا شور آج شام کو تھم جائے گا۔ اس سے قبل بی جے پی امیدواروں کی حمایت میں وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما، بی جے پی کے ریاستی صدر مدن راٹھور، نائب وزیر اعلیٰ دیا کماری اور ڈاکٹر پریم چند بیروا، بی جے پی کے ہریانہ انچارج اور سابق ریاستی صدر ڈاکٹر ستیش پونیا، مرکزی وزراء بھاگیرتھ چودھری اور بھوپیندر یادو نیز ریاست کے وزیرزراعت ڈاکٹر کروڑی لال مینا اورکئی دیگر وزراء، اراکین پارلیمنٹ سمیت بی جے پی کے کئی سینئر لیڈروں نے اپنی طاقت جھونک دی ہے۔ تاہم پارٹی کی سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے انتخابی مہم میں نظر نہیں آ رہی ہیں۔ 
اسی طرح کانگریس امیدواروں کی حمایت میں ریاستی صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا، قائد حزب اختلاف ٹیکارام جولی، سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ، ممبران پارلیمنٹ برجندر اولا، ہریش مینا اور سنجنا جاٹو، ایم ایل اے سمیت پارٹی کے کئی سینئر لیڈران اپنا پورازورلگا رہے ہیں ۔ تاہم اس بار کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت بھی ضمنی انتخابات کی مہم میں نظر نہیں آئے ہیں۔  اس بار سب سے زیادہ زیربحث اسمبلی سیٹ کھیونسر میں ابتدا سے ہی اپنا سیاسی دبدبہ برقرار رکھنے والے راشٹریہ لوک تانترک پارٹی (آر ایل پی) کے کنوینر اور رکن اسمبلی ہنومان بینی وال بھی اپنے سیاسی وقار کو برقرار رکھنے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں ۔ حالانکہ اس بار انہوں نے کسی پارٹی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں کیا ہے اور وہ پارٹی کے لوگوں کے ساتھ اپنے امیدوار اور اہلیہ کنیکا بینی وال کیلئے انتخابی مہم میں اپنی پوری طاقت لگا رکھی ہے۔ اسی طرح، بھارت آدیواسی پارٹی (بی اے پی) کے لیڈر اور ایم پی راجکمار روت نے بھی چوراسی اسمبلی حلقہ میں پارٹی کے امیدوار انل کمار کٹارا اور سلمبر میں اپنے امیدوار جتیش کٹارا کی حمایت میں مہم چلانے میں اپنی طاقت لگا دی ہے۔ ان کے علاوہ جھنجھنو ضمنی انتخاب میں آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے والے سابق وزیر راجندر سنگھ گودھا بھی اس انتخاب میں اپنی توانائی صرف کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔ نیز دیولی- اونیارا سے کانگریس کے باغی اور آزاد امیدوار نریش مینا بھی جوش وخروش سے سرگرم ہیں ۔ 
ان ۷؍ اسمبلی حلقوں میں، جھنجھنو، دیولی - اونیارا، دوسہ اور رام گڑھ سیٹوں پر کانگریس کا قبضہ تھا جبکہ سلومبر میں بی جے پی، کھیونسرمیں آر ایل پی اور چوراسی میں بی اے پی پارٹی کے ایم ایل اے تھے۔ ضمنی انتخابات کو کانگر یس کیلئے سب سے بڑا چیلنج سمجھا جا رہا ہے جہاں اسے چار سیٹوں پر اپنا وقار برقرار رکھنا ہے۔ ضمنی انتخابات میں ایک سیٹ برقرار رکھنے کے چیلنج کا سامنا کرنے والی بی جے پی کو اس بار ایک سے زیادہ سیٹیں حاصل ہونے پر فائدہ ہی فائدہ ہے جب کہ آر ایل پی اے اور بی اے پی کو اپنی انتخابی ساکھ برقرار رکھنے کا چیلنج ہے۔ 
پہلی بار وزیر اعلیٰ بننے والے بھجن لال شرما ریاست کی ترقی کیلئے جہاں پوری طاقت لگارکھی ہے وہیں ضمنی انتخابات میں بھی وہ مسلسل انتخابی ریلیاں کررہے ہیں ۔ اپنی حکومت کے گیارہ مہینے اور مرکزی حکومت کی حصولیابیں گنارہے ہیں جبکہ کانگریس اور دیگر پارٹیا ں ریاستی حکومت کی کوتاہیوں کی نشاندہی کر کے عوام سے اپنے امیدواروں کے حق میں ووٹ مانگ رہی ہیں ۔ پولنگ ۱۳؍ نومبر کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی ۲۳؍نومبر کو ہوگی۔ 
دیاکماری کی سلومبر میں ریلی 
راجستھان کی نائب وزیر اعلیٰ دیا کماری نےسلومبرمیں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخاب میں یہاں سےبی جے پی کی جیت ہی سابق ایم ایل اے امرت لال مینا کو حقیقی خراج عقیدت ہوگا۔ دیا کماری نے امیدوار شانتا دیوی کی حمایت میں عوامی رابط مہم چلائی۔ انہوں نے کہا کہ امرت لال مینا ایک ملنسار انسان تھے اور انہوں نے سلومبر کی ترقی کیلئے کوششیں کیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK