• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

راجستھان: مندر میں مبینہ طور پر ’’گائے کی دُم‘‘ ملنے پر مظاہرہ، دکانیں بند کروائی گئیں

Updated: August 26, 2024, 10:09 PM IST | Jaipur

آج مظاہرین نے راجستھان کے بھیلواڑہ ضلع میں زبردستی دکانیں بند کروانے کی کوشش کی۔ ایک دن قبل قریب کےایک مندر میں مبینہ طور پر گائے کی دُم پائی گئی تھی جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی تھی۔ تاہم، پولیس نے حالات پر قابو پالیا ہے۔

Police baton charging. Image: X
پولیس لاٹھی چارج کرتے ہوئے۔ تصویر: ایکس

دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق آج مظاہرین کے ایک بڑے گروپ نے راجستھان کے بھیلواڑہ ضلع میں لوگوں کو کاروبار بند کرنے پر مجبور کر دیا جس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ ایک دن قبل ایک مندر کے احاطے میں مبینہ طور پر گائے کی دُم ملی تھی۔ اتوار کو بھوانی نگر علاقے میں مبینہ طور پر دُم ملنے والی جگہ پر بھیڑ جمع ہوئی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا جس کے بعد پولیس نے شہر میں پریڈ کی اور عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق، تاہم ہندوتوا گروپوں نے شام ۵؍ بجے تک ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کارروائی نہیں کی گئی تو پیر کو بازار بند کر دیئے جائیں گے۔

اخبار نے نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج شہر کے حساس مقامات پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا کیونکہ سوشل میڈیا پر ایک پیغام کے ذریعے عوام سے مندر میں جمع ہونے کی اپیل کی گئی تھی۔ ہندوتوا گروپ سنت سماج کے ارکان اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ دامودر اگروال نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملزمین کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ صبح ۱۱؍ بجے کے قریب، بھیڑ بڑھ گئی اور نعرے لگائے گئے۔ پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کیلئے لاٹھی چارج بھی کیا۔ اس ضمن میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ وندنا کھوروال نے کہا کہ ’’ہم نے صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کررہے تھے مگر نوجوانوں میں اتنا غصہ تھا کہ انہوں نے پتھراؤ شروع کردیا۔ ہم ان لوگوں کے خلاف کارروائی کریں گے جو شہر میں مسائل پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم نے پتھراؤ کرنے والے لوگوں کی گاڑیاں ضبط کر لی ہیں۔ حالات کو معمول پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں اور بازار بند نہیں ہونے دیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK