• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

راجستھان : ریاستی وزیر کروڑی لال مینا نے اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دیدیا

Updated: July 05, 2024, 10:38 AM IST | Agency | Jaipur

انہیں۷؍ سیٹوں پر انتخابی مہم کی ذمہ داری دی گئی تھی جن میں سے۴؍ سیٹوں پر بی جے پی ہار گئی، ایک بھی سیٹ ہارنے پر انہوں نے استعفیٰ کا وعدہ کیا تھا۔

Kirodi Lal Meena. Photo: INN
کروڑی لال مینا۔ تصویر : آئی این این

راجستھان کی سیاست سے جڑی بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ راجستھان میں بی جے پی کی بھجن لال حکومت کے کابینی وزیر کروڑی لال مینا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ مینا نے لوک سبھا انتخابات کے نتائج سے پہلے ہی کہا تھا کہ اگر وہ اپنے حلقے اور اثر و رسوخ والے علاقے سے کوئی سیٹ ہارتے ہیں تو وہ وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی  ایسے ۴؍ حلقوں سے ہار گئی تھی۔
اس کے بعد سے ہی کروڑی لال مینا کے استعفے کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔ کروڑی لال مینا نے خود اپنے’ایکس‘ اکاؤنٹ پر اس بارے میں اشارہ دیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے خود کو سرکاری مراعات سے دور کر لیا تھا۔ دوسہ سیٹ سے بی جے پی کی شکست کے بعد اپوزیشن نے بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اس کے بعد سے ان کے مستعفی ہونے کی مسلسل قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ جمعرات کو انہوں نے میڈیا کے سامنے کہا کہ’’شکست کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے میں نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ‘‘تاہم ابھی تک ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا گیا ہے۔
لوک سبھا انتخابات کے بعد کروڑی لال مینا نے واضح طور پر کہا تھا کہ وزیر اعظم مودی نے انہیں مشرقی راجستھان میں ان کے زیر اثر ۷؍ سیٹوں پر انتخابی مہم چلانے کی ذمہ دا ری دی تھی۔ ان میں سےبھرت پور، کرولی ڈھولپور،دوسہ اور ٹونک سوائی مادھور پور کی سیٹوں پر بی جےپی کو شکست ہوئی ۔مینا نے کہا تھا کہ انہوں نے ماضی میں دوسہ اور ٹونک-سوائی مادھوپور جیسی سیٹوں پر کافی کام کیا ہے۔ اس کے باوجود اگر وہ پارٹی کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے تو اخلاقی بنیادوں پر انہیں استعفیٰ دے دینا چاہئے۔
مینا نے۴؍ جون کو نتائج سے کچھ وقت پہلے اعلان کیا تھا کہ اگر پارٹی ان ۷؍ سیٹوں میں سے ایک بھی ہار جاتی ہے جس پر انہوں نے لوک سبھا انتخابات میں مہم چلائی تھی تو وہ وزیر کے عہدے سے بھی دستبردار ہو جائیں گے۔
کروڑی لال مینا تین بار ایم پی رہ چکے ہیں
 کروڑی لال مینا مشرقی راجستھان میں بی جے پی کا ایک بڑا چہرہ ہیں۔ سوائی مادھوپور سے ایم ایل اے مینا نے اس بار پانچویں بار اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سے پہلے وہ ۲؍ بار لوک سبھا اور ایک بار راجیہ سبھا کے رکن رہ چکے ہیں۔ وہ ایک بار ضلعی سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی اہلیہ گولما دیوی بھی ریاستی وزیر رہ چکی ہیں۔ کروڑی لال مینا کو زمین سے جڑا ہوا لیڈر مانا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK