• Wed, 25 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

۱۹۷۸ء میں فلم ’بھیروی ‘سے ہی رجنی کانت سپراسٹار بن گئے تھے

Updated: December 12, 2024, 10:57 AM IST | Mumbai

جنی کانت ۱۲؍ دسمبر ۱۹۵۰ء کو بنگلور کے ایک مراٹھی خاندان میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا تعلق تمل ناڈو ریاست سے ہے اور حقیقی نام شیواجی راؤ گائیکواڑ ہے۔

Rajinikanth was born on 12 December 1950 in a Marathi family in Bangalore. Photo: INN
رجنی کانت ۱۲؍ دسمبر ۱۹۵۰ء کو بنگلور کے ایک مراٹھی خاندان میں پیدا ہوئے تھے۔ تصویر: آئی این این

رجنی کانت ۱۲؍ دسمبر ۱۹۵۰ء کو بنگلور کے ایک مراٹھی خاندان میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا تعلق تمل ناڈو ریاست سے ہے اور حقیقی نام شیواجی راؤ گائیکواڑ ہے۔ ان کے والد کا نام راموجی راؤ اور ماں کا نام جیجابائی گائیکواڑ ہے۔ ابتدائی دور میں انہوں نے بس کنڈکٹر کا کام شروع کیا اور اس دوران انہوں نے اسٹیج ڈراموں میں بھی کام کیا ۔ تمل فلموں کے مشہور ہدایتکار کے بالا چندر نے ایک ڈرامے میں رجنی کانت کی کارکردگی دیکھی جس سے وہ بہت متاثر ہوئے۔ ۱۹۷۵ءمیں کے بالا چندر کی ہدایتکاری میں بنی تمل فلم ’اپوروراگنگل‘ سے رجنی کانت نے اپنی فلمی کریئر کی شروعات کی۔ اس فلم میں کمل ہاسن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
 ۱۹۷۸ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’بھیروی‘ میں رجنی کانت کو کلیدی رول ادا کرنے کا پہلا موقع ملا۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم کے ساتھ ہی رجنی کانت بھی سپر اسٹار بن گئے ۔ اس کے بعد ۱۹۸۰ء میں رجنی کانت کی ایک اور سپر ہٹ فلم ’بلا‘ ریلیز ہوئی۔ فلم ’بلا‘ امیتابھ کی سپر ہٹ فلم ’ڈان‘ کا ریمیک تھی۔

یہ بھی پڑھئے: فلم ’بے خودی‘ کے سیٹ پر کاجول کا ایک بچی جیسا خیال رکھا جاتا تھا

۱۹۸۳ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’اندھا قانون‘ کے ذریعہ رجنی کانت نے بالی ووڈ میں بھی قدم رکھا۔ اس فلم میں رجنی کانت کی اداکاری نہایت شاندار تھی۔ ان کا مخصوص انداز اور مکالمے کی ادائیگی ان کی مقبولیت کی بڑی وجہ ہیں۔ ’اندھا قانون‘ سپر ہٹ فلم رہی۔ اسی دوران رجنی کانت نے’جان جانی جناردھن‘ میں ٹرپل رول کیا، لیکن یہ فلم باکس آفس پرکوئی خاص اثر نہیں دکھا سکی۔
۹۰ء کے عشرے میں رجنی کانت جنوبی ہند کی فلموں کے سپر اسٹار بن گئے۔ رجنی کانت نے جتنی بھی فلموں میں کام کیا سبھی باکس آفس پر تقریباً ہٹ ثابت ہوئیں۔ ۲۰۰۷ء میں رجنی کانت کی فلم ’شیواجی : دی باس‘ ریلیز ہوئی۔ اس فلم نے باکس آفس پر کامیابی کے نئے جھنڈے گاڑدئیے۔۲۰۱۰ء میں رجنی کانت کی فلم ’روبوٹ‘ ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں رجنی کانت کے ساتھ ایشوریہ رائے تھیں۔ ’روبوٹ‘ نے ۲۵۵؍کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کرکے نئی تاریخ رقم کی تھی۔ ’روبوٹ‘ رجنی کانت کی تمل فلم ’انتھرن‘ کا ہندی ورژن تھا۔
 اداکاری کے ساتھ پروڈیوسر، اسکرین رائٹر اور پلے بیک سنگر کی حیثیت سے فلم نگری میں اپنی پہچان بنانےوالے رجنی کانت اب تک زائد از ۱۷۵؍ تمل، تیلگو، کنڑ، ملیالم، ہندی، اانگریزی اور بنگالی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK