ایگزٹ پول کے حوالے سے کسان لیڈر ٹکیت نے کہا کہ اگر یہ درست ہوئے تو سال بھر میں بی جے پی کیلئے دوسرا بہت بڑا جھٹکا ثابت ہوں گے۔
EPAPER
Updated: October 07, 2024, 12:41 PM IST | Agency | Lucknow
ایگزٹ پول کے حوالے سے کسان لیڈر ٹکیت نے کہا کہ اگر یہ درست ہوئے تو سال بھر میں بی جے پی کیلئے دوسرا بہت بڑا جھٹکا ثابت ہوں گے۔
اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں کسانوں اور مزدوروں کی مہاپنچایت کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں کسان ایکو گارڈن پہنچے۔ اس مہاپنچایت کا مقصد کسانوں کے مطالبات کو حکومت تک پہنچانا تھا۔ اس دوران معرف کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے ہریانہ اسمبلی انتخابات کے بعد جاری ایگزٹ پول کے حوالہ سے بی جے پی کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ راکیش ٹکیت نے کہا کہ ایگزٹ پول کو اگر سچ مان لیا جائے تو ہریانہ میں موجودہ نائب سنگھ سینی حکومت نمٹ گئی ہے۔ اسے بری طرح سے شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
راکیش ٹکیت کے مطابق ریاست میں کانگریس کی حکومت بنتی ہوئی نظر آ رہی ہے جبکہ بی جے پی کی حالت خراب ہے اور وہ اکثریت سے دور دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف اور صرف کسانوں سے دشمنی مول لینے اور انہیں ایم ایس پی کے نام پر بلاوجہ حیران کرنے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:نرسمہا نند کی گستاخی کیخلاف اترپردیش میں خصوصی الرٹ
ٹکیت کے مطابق اگر بی جے پی ہریانہ کے کسانوں کے ساتھ وہ رویہ نہ اپناتی جو اس نے گزشتہ کچھ سال سے اپنایا ہوا تھا تو اس کی اتنی خراب حالت کبھی نہیں ہو تی۔ اسے اب بھی سمجھ جانا چاہئے کہ کسان کتنی بڑی طاقت ہیں۔ تاہم بی جے پی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایگزٹ پول کے نتائج غلط ثابت ہوں گے اور ریاست میں بی جے پی کی ہی حکومت بنے گی۔
ٹکیت نے مزید کہا کہ اس وقت ہریانہ ہو یا یوپی کسانوں کی فصلوں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور ان کی زمینوں پر خطرات منڈلا رہے ہیں۔ ان کے مطابق سرکل ریٹ میں اضافہ نہیں ہو رہا اور یوپی حکومت کی جانب سے جو ادائیگیاں کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے، وہ زمینی حقیقت میں درست ثابت نہیں ہوتی ہیں۔ لکھنؤ میں یہ کہا جا رہا ہے کہ ادائیگیاں مکمل ہو چکی ہیں لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہاپنچایت کے ذریعے کسان اپنی بات حکومت تک پہنچائیں گے اور کسانوں کے مسائل پر گفتگو ناگزیر ہے۔ انہوں نے ایم ایس پی کے مسئلے پر مرکزی اور ریاستی حکومت کو چیلنج کیا اور مشورہ دیا کہ ریاستی حکومت کو اس موضوع پر حکومت ہند کو خط لکھنا چاہئے تاکہ کسانوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔ ٹکیت نے اعلان کیا کہ وہ جلد ہی چیف سیکریٹری سے ملاقات کریں گے۔