• Thu, 09 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

رمیش بدھوڑی کی بد زبانی، دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی پریس کانفرنس میں روپڑیں

Updated: January 07, 2025, 1:18 PM IST | Agency | New Delhi

بی جے پی لیڈر بے لگام ،پرینکا گاندھی کیلئے نا زیبا الفاظ استعمال کرنے کے بعدوزیر اعلیٰ آتشی پران کے لقب کے حوالے سے متنازع تبصرہ، آتشی نے کہا کہ سوچا نہیںتھا کہ یہ لوگ اتنی گندی سیاست پر اتر آئینگے!۔

Delhi Chief Minister Atesh Singh could not hold back his tears during the press conference. Photo: PTI
دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی سنگھ پریس کانفرنس کےد وران اپنےآنسوؤں کو روک نہیں سکیں۔ تصویر:پی ٹی آئی

پرینکا گاندھی پر نازیبا تبصرےکے بعدبی جےپی لیڈ راوردہلی میں کالکا جی اسمبلی حلقے سے امیدوار رمیش بدھوڑی نے دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی کے تعلق سے بدزبانی  کی ہے۔ بدھوڑی کے بیان کاحوالہ دیتے ہوئے دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی پیر کو ایک پریس کانفرنس کےد وران روپڑیں۔ رمیش بدھوڑی نے ایک بیان میں آتشی کو نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ انہوں نے اپنا باپ تبدیل کرلیا اور مارلینا سے سنگھ ہوگئیں۔ آتشی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ رمیش بدھوڑی  میرے۸۰؍ سالہ والد کو گالی دے رہے ہیں۔ کیا الیکشن کیلئے  یہ لوگ اس قدر گندی اور پست سیاست پر اترآئیں گے؟ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اس ملک کی سیاست  اتنی نیچے  گر سکتی ہے۔آتشی نے کہا کہ میں رمیش بدھوری کو بتانا چاہتی ہوں کہ میرے والد ساری زندگی ٹیچر رہے ہیں۔ انہوں نے ہزاروں غریب بچوں کو پڑھایا ہے۔ اب ان کی عمر ۸۰؍ سال ہوچکی  ہے اور وہ اس حالت میں ہیں کہ بغیر سہارے کے چل بھی نہیں سکتے۔ رمیش بدھوڑی اب  ایک معمر شخص کو گالی دے کر ووٹ مانگ رہے ہیں۔ واضح رہےکہ بی جے پی نے کالکاجی سے آتشی سنگھ  کے خلاف بدھوڑی کو ٹکٹ دیا ہے۔ بدھوڑی  کے بیان پر کیجریوال نے کہاہےکہ بی جے پی لیڈروں نے بے شرمی کی حدیں پار کر دی ہیں۔بتا دیں کہ کالکا جی اسمبلی حلقےسےرمیش بدھوڑی امیدوار ہیں اور ان کا مقابلہ وزیر اعلیٰ آتشی سنگھ سے ہی ہے۔
بدھوڑی نے بے شرمی کی تمام حدیں پارکردیں
 بدھوڑی کے بیان پرعام آدمی پارٹی کےکنوینر اروند کیجریوال نے ایکس پر کہا کہ بی جے پی لیڈروں نے بے شرمی کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ بی جے پی لیڈر دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی کو گالی دے رہے ہیں۔ دہلی کے عوام ایک خاتون وزیر اعلیٰ کی توہین برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے دہلی کی تمام خواتین اس کا انتقام لیں گی۔ 
پرینکا ککڑ کار دعمل 
 عام آدمی پارٹی کی ترجمان پرینکا ککڑ نے کہا کہ رمیش بدھوڑی نے وزیر اعلیٰ آتشی کیلئے جو زبان استعمال کی ہے ،اس سے ان کی ذہنیت ظاہرہوتی ہے۔یہ لوگ ایک خاتون وزیراعلیٰ کے تعلق سے ایسی بات کہہ سکتے ہیں، پھر سوچو کہ اگر غلطی سے جیت گئےتو عام خواتین کے ساتھ ان کا کیا رویہ ہوگا؟
بدھوڑی نے پرینکا گاندھی  کے تعلق سے بھی متنازع بیان  دیا تھا
 اس سے پہلے اتوارکو رمیش بدھوڑی  نے پرینکا گاندھی پر تبصرہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا  تھا کہ لالو نے بہار کی سڑکوں کو ہیما مالنی کے گالوں جیسا بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ ایسا نہیں کر سکے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں، میں کالکاجی کی تمام سڑکوں کو پرینکا گاندھی کے گالوں کی طرح بناؤں گا۔پون کھیڑا نے پرینکا گاندھی پر بدھوڑی  کے بیان پر اپنا اعتراض ظاہر کیا تھا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ’’ `یہ بدتمیزی صرف اس سستے آدمی کی ذہنیت کی عکاسی نہیں کرتی بلکہ اس کے مالکان کی حقیقت کو ظاہر کرتی ہے۔ آپ بی جے پی کے ان گھٹیا لیڈروں میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی قدریں دیکھیں گے۔‘‘
کانگریس کی مخالفت پر رمیش بدھوڑی نے کہا تھا کہ `میں نے کوئی متنازع بیان نہیں دیا ہے۔ اگر کانگریس کو اس بیان پر کوئی اعتراض ہے تو پہلے لالو یادو سے کہیں کہ وہ ہیما مالنی سے معافی مانگیں، کیونکہ انہوں نے بھی ایسا بیان دیا تھا۔تاہم جب تنازع بڑھ گیا تو بدھوڑی  نے صفائی دیتے ہوئے کہا - میں نے یہ بات لالو یادو کی بات کے تناظر میں کہی ہے۔ کانگریس اس وقت بھی خاموش رہی جب لالو یادو ان کی حکومت میں وزیر تھے۔ اگر میرے الفاظ سے کسی کو تکلیف ہوئی ہے تو میں اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں۔
بدھوڑی نےپارلیمنٹ میں دانش پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا
بدھوڑی نے اس سے قبل ۲۱؍ ستمبر ۲۰۲۳ء کو پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے دوران  بی ایس پی کے رکن پارلیمنٹ دانش علی پر ان کی مسلم شناخت کے حوالے سے انتہائی نا زیبا تبصرے کئے تھے۔ دانش علی نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو خط لکھ کر اس کی شکایت بھی کی تھی۔بی جے پی نے بدھوڑی کے بیان کی مذمت کی تھی اور وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیاتھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK