• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

رتن ٹاٹا کے سوتیلے بھائی نوئیل ’ٹاٹا ٹرسٹ‘ کے نئے چیئرمین مقررکئے گئے

Updated: October 11, 2024, 10:56 PM IST | Mumbai

ٹاٹا ٹرسٹ کی بورڈ میٹنگ میں اتفاق رائے سے فیصلہ ،نوئیل ٹاٹا فی الحال وولٹاس اور ٹاٹا اسٹیل سمیت کئی کمپنیوں کے بورڈ میں شامل ہیں

Noel Tata is currently in charge of several important companies of the Tata Group
نوئیل ٹاٹا اس وقت بھی ٹاٹا گروپ کی کئی اہم کمپنیوں کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں

نوئیل ٹاٹا کو جمعہ کو ’ٹاٹا سنس‘ کے پروموٹر ’ٹاٹا ٹرسٹ‘ کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا۔   ٹاٹا گروپ کے سابق چیئرمین رتن ٹاٹا کے انتقال کے بعد جانشین کے انتخاب کے  لئے منعقدہ ٹاٹا ٹرسٹ کی بورڈ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیاگیا۔ بورڈ نے نوئیل ٹاٹا کو اتفاق رائے سے  چیئرمین منتخب کیا ہے۔ نوئیل ٹاٹا رتن ٹاٹا کے سوتیلے بھائی ہیں اور وہ فی الحال ٹاٹا اسٹیل اور وولٹاس سمیت کئی شیئر مارکیٹ لسٹیڈکمپنیوں کے منیجنگ بورڈس میں شامل ہیں۔اطلاعات کے مطابق مہلی مستری کو ٹاٹا ٹرسٹ کا مستقل ٹرسٹی مقرر کیا جا سکتا ہے۔ مہلی ٹاٹا گروپ کے سابق چیئرمین آنجہانی سائرس مستری کے کزن ہیں۔ 
 نوئیل ٹاٹا کو اپنی ’لو پروفائل‘ قیادت کے  لئے جانا جاتا ہے، جو رتن ٹاٹا کے زیادہ عوامی کردار کے برعکس ہے۔ انہوں نے پہلی بار ٹاٹا گروپ میں۲۰۰۰ءمیں شمولیت اختیار کی تھی۔اس سال کے شروع میں نوئیل ٹاٹا کے تین بچوں لیا، مایا اور نیویل کو سر رتن ٹاٹا ٹرسٹ اور سر دورابجی ٹاٹا ٹرسٹ سے منسلک کئی ٹرسٹوں میں بطور ٹرسٹی مقرر کیا گیا تھا۔ لِیا اس وقت `دی انڈین ہوٹلز میں نائب صدر ہیں جبکہ مایا کا تعلق `ٹاٹا کیپٹل سے ہے۔ نیویل ٹرینٹ اور اسٹار بازار کی قیادت کی ٹیم میں شامل ہیں۔ٹاٹا ٹرسٹ ایک اہم ادارہ ہے جو تمام ۱۴؍ ٹاٹا ٹرسٹوں کے معاملات کا انتظام کرتا ہے۔ ٹاٹا ٹرسٹ ٹاٹا سنس میں حصص رکھتا ہے اور ہندوستان کے سب سے بڑے کاروباری گروپ کی رہنمائی کیلئے کام کرتا ہے۔ٹاٹا سنس کافی حد تک ٹاٹا ٹرسٹ کے تحت دو بڑے ٹرسٹوں سر دورابجی ٹاٹا ٹرسٹ اور سر رتن ٹاٹا ٹرسٹ کی ملکیت ہے۔
 یادرہے کہ رتن ٹاٹا نے اپنا جانشین مقرر نہیں کیا تھا ایسی صورت میں ان کے ٹرسٹیوں میں سے ایک چیئرمین کا انتخاب کیا جانا تھا۔ ٹاٹا گروپ کے دو اہم ٹرسٹ سر دورابجی ٹاٹا ٹرسٹ اور سر رتن ٹاٹا ٹرسٹ مشترکہ طور پر ٹاٹا سنز میں تقریباً ۵۲؍ فیصد حصص رکھتے ہیں، جو ٹاٹا گروپ کی بنیادی کمپنی ٹاٹا سنز کو چلاتی ہے۔ یہ گروپ ہوا بازی سے لے کر ایف ایم سی جی تک کے پورٹ فولیوز کو سنبھالتا ہے۔ دونوں ٹرسٹوں میں کل ۱۳؍ ٹرسٹیز ہیں۔ یہ ٹرسٹی  دونوں ٹرسٹوں کے امانت دار ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK