• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

راشن دکانداروں کی ہڑتال، ریاست میں بیشتر دکانیں بند

Updated: January 02, 2024, 12:01 PM IST | Inquilab News Network | Jalgaon / Malegaon / Nanded / Ayut Mahal

مختلف اضلاع میں دکانداروں نے کام کاج بند رکھا اور مقامی انتظامیہ کو میمورنڈم پیش کیا ، عین موقع پر ایک تنظیم نے خود کو ہڑتال سے الگ کر لیا پھر بھی ہڑتال کامیاب رہی۔

Malegaon shopkeepers writing to the officers of the Food and Supply Department. Photo: INN
مالیگائوں کے دکاندار محکمۂ خوراک ورسد کے افسران کو مکتوب دیتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

جلگائوں ؍ مالیگائوں ؍ ناندیڑ ؍ ایوت محل: حسب اعلان ریاست بھر میں راشن دکانداروں نے پیر کو اپنا کاروبار بند رکھا اور احتجاج کیا۔ یاد رہے کہ کمیشن وقت پر نہ ملنے اور مشین میں خامی سمیت متعدد شکایتوں کے سبب راشن دکانداروں کی تنظیم نے یکم جنوری یعنی پیر سے ہڑتال کا اعلان کر دیا تھا۔ تنظیموں کے درمیان اختلاف کے باوجود کہا جاسکتا ہے کہ ہڑتال کامیاب رہی کیونکہ ریاست کے مختلف شہروں میں راشن کی دکانیں بند نظر آئیں۔ 
ایوت محل کے ۱۶؍ تعلقوں میں بند منایا گیا 
آل انڈیا فیئر پرائز شاپ ڈیلرس فیڈریشن کی قیادت میں کی جارہی اس ہڑتال کو اکھل مہاراشٹر راجیہ سوست دھانیہ و کیروسین لائسنس ہولڈر مہا سنگھ کی بھی حمایت حاصل تھی۔ لہٰذاپیر کو ایوت محل ضلع کے ۱۶؍ تعلقوں میں بھی کل ۲۰۴۱؍ سرکاری راشن دکانیں بند رہیں ۔ ایوت محل ضلع راجیہ سوست دھانیہ لائسنس ہولڈر و کرکول کیروسین وترک صدر بھگونت راؤت نے بتایا کہ ایوت محل کے ۱۶؍ تعلقوں میں پر راشن دوکانداروں نے تحصیل انتظامیہ کو میمورنڈم بھی دیا۔
 مالیگائوں کے دکانداروں کا اتحادوطاقت کا مظاہرہ 
اس ہڑتال میں مالیگائوں کے راشن دکانداروں نے پورے اتحاد وطاقت کے ساتھ اپنی شرکت درج کروائی۔ مالیگائوں شہر وتعلقہ راشن دکان سنگھٹنا کے صدر نثار شیخ اکبر نے کہا کہ آل انڈیا فیئر پرائز شاپ ڈیلرس فیڈریشن کی ایماپرکی گئی بے مدت ہڑتال کے پہلے دن مالیگائوں کے راشن دکانداروں نے سرکاری محکمہ خوراک ورسدکے افسران سے ملاقات کرکے مطالباتی خط پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر ی حدود میں ۱۴۹؍راشن دکانیں بن ہیں ۔دکانداروں کا مطالبہ ہے کہ راشننگ کی مفت تقسیم کاری کے اعلانات سے قبل مناسب معاوضہ دیا جائے ۔عام طور سےدکانداروں کو اناج بانٹنے کا معاوضہ(کمیشن )خاصی تاخیر سے ملتا ہے۔ طویل عرصے سے راشن دکاندار مطالبہ بھی کر رہے ہیں کہ انہیں سرکاری ملازم تسلیم کرتے ہوئے کمیشن کےبجائے ماہانہ تنخواہ اور دیگر سرکاری مراعات دی جائیں ۔ ہڑتال میں شامل راشن دکاندار مومن معین اختر نے کہا کہ راشننگ نظام کی تقسیم کاری کیلئے پوائنٹ آف سیل مشین (وہ مشین جس میں کارڈہولڈرکے انگوٹھے کا نشان لیاجاتا ہے) ۲؍جی سے ۴؍جی یا ۵؍جی کردینا چاہئے تاکہ کم وقت میں بہتر کام ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے جائز آئینی حق کیلئے ہڑتال کے راستے پر آئے ہیں ۔ لہٰذا راشن دکانداروں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے آل انڈیا فیئر پرائز شاپ ڈیلرس فیڈریشن کے پرچم تلے پیش کئے گئے مطالبات کو پورا کرنا چاہئے۔‘‘
جلگائوں میں بھی ہڑتال کا خاصا اثر 
 ضلع جلگائوں میں بھی ہڑتال کا خاصا اثر نظر آیا۔ ضلع کے ۱۵؍ تعلقوں میں راشن کی دکانیں بند رہیں راجیه سوست دھانیہ لائسنس ہولڈر و کرکول کیروسین وترک کے ذمہ دار مہندر بھورسے (املنیر) نے بتایاکہ ۱۵ ؍ تعلقوں میں تعلقہ سطح پر راشن دوکانداروں کی جانب سے انتظامیہ کو میمورنڈم دیا گیا۔اس احتجاج میں جلگائوں ضلع کے کم و بیش ۱۹ ؍سو راشن دکانداروں نے حصہ لیا ۔ چالیس گائوں تعلقہ راشن ایسویشن کے کارکنان نے بھی تحصیلدار دفتر پر پہنچ کر انتظامیہ کو میمورنڈم دیا ،اس موقع پر جگدیش چودھری ،ابرارملا کشور پنگلے ،وغیرہ موجود تھے۔
 ناندیڑ میں بھی اناج کی تقسیم جزوی طورپر بند 
  ضلع ناندیڑ میں بھی راشن دکانداروں نے اناج کی تقسیم کا کام بند کر دیا ہے۔ پونے کی تنظیم ’ آل مہاراشٹر فیئر پرائز شاپ کیپر فیڈریشن پونے ‘ نے اس ہڑتال سے خود کو الگ کر لیا تھا لہٰذا اس تنظیم سے وابستہ ۱۸؍ سو دکانیں کھلی رہیں ۔دیگر تنظیم کے ذمہ داران نے حکومت کی جانب سے ملنے والا راشن حاصل کرلیا ہے اور صرف تقسیم کا عمل روک دیاہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک مشین میں موجود تکنیکی خرابی دور نہیں کی جاتی وہ تقسیم کا عمل روکے رکھیں گے۔مطالبات پورے ہونے پر اناج کی تقسیم پھر شروع کر دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK