Inquilab Logo Happiest Places to Work

آربی آئی کے ۹۰؍ ویں یوم تاسیس کی تقریب

Updated: April 02, 2025, 10:45 AM IST | Mumbai

صدر جمہوریہ کی خصوصی شرکت،آر بی آئی کی خدمات کا اعتراف کیا، کہاکہ آر بی آئی ملک کے مالی استحکام کا ستون ہے۔

President Draupadi Murmu speaking. Photo: INN
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو خطاب کرتےہوئے۔ تصویر: آئی این این

یکم اپریل کو ملک کے سب سے بڑے  بینک اور انتہائی اہم ادارے ریزرو بینک آف انڈیا ( آر بی آئی ) کے۹۰؍  ویںیو م تاسیس کی تقریب میں صدر جمہوریہ   دروپدی مرمو نے خصوصی شرکت کی۔ انہوںنے  اپنے خطاب میں کہا کہ ریزرو بینک ہندوستان کے مالی استحکام کا ستون رہے گا۔ ہندوستان کو ڈیجیٹل لین دین میں عالمی لیڈر بنانے میں ریزرو بینک آف انڈیا نے اہم رول ادا کیا ہے۔صدر مرمو  نے این سی پی اے نریمان پوائنٹ پر منعقدہ ریزرو بینک آف انڈیا کے۹۰؍ ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ   آج ہم ریزرو بینک آف انڈیا کا۹۰؍واں  یوم تاسیس منا رہے ہیں۔ یہ باوقار ادارے ریزرو بینک آف انڈیاکے لئے ایک اہم موڑ  ہے جو ملک کے   اہم اداروں میں سے ایک ہے۔  ملک کے مرکزی بینک کے طور پر ریزرو بینک آف انڈیا ہندوستان کی ترقی کے سفر میں مرکز ی کردار ادا کرتا رہا ہے ۔ آزادی سے پہلے کی مشکل صورتحال سے لے کر آج عالمی سپر پاور تک کے سفر میںآر بی آئی ایک اہم ستون رہا ہے۔ صدر مرمو نے کہا کہ۱۹۳۵ء میں قائم ہونے والا یہ ادارہ ہمیشہ ملک کی ترقی کے سفر میں ایک قدم آگے رہا ہے اور اس سفر میں ملک کی قیادت بھی کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: آج گھریلو میدان پر رائل چیلنجرز فتح کیلئے پُرعزم

انہوں نے مزید کہا کہ آر بی آئی نہ صرف ایک مرکزی بینک ہے بلکہ مالی شمولیت اور اداروں کی تعمیر میں بھی کلیدی کردار ادا کرتارہا ہے۔  ادارہ سازی کے نقطہ نظر سےآر بی آئی   نے نابارڈ،  آئی ڈی بی آئی ، ایس آئی ڈی بی آئی  اور نیشنل ہاؤسنگ بینک جیسے اہم مالیاتی ادارے قائم کئے ہیں جو زراعت، چھوٹے کاروبار اور ہاؤسنگ کے شعبوں کو اہم مدد فراہم کرتے ہیں۔  آر بی آئی  نے پردھان منتری جن دھن یوجنا کے لئے  ایک سازگار ماحول بنایا ہے۔ خاص طور پر اس اسکیم میں خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت  نے معاشی طور پر انہیں بااختیار بنایا ہے۔
ان کےمطابق  آر بی آئی نے ہندوستان کو ڈیجیٹل لین دین میں عالمی لیڈر بنانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ یو پی آئی جیسے  نظاموں نے مالی لین دین کو آسان اور محفوظ بنا دیا ہے۔ آر بی آئی صارفین کے تحفظ کو مضبوط بنا رہا ہے اور نئے چیلنجوں سے نمٹ رہا ہے۔آر بی آئی صارفین کے اعتماد کو ترجیح دے رہا ہے۔
صدرجمہوریہ نے اپنےخطاب میں یہ بھی کہاکہ گزشتہ۹۰؍برس میں آر بی آئی کا سفر حکومت  کے وژن اور پالیسیوں کے مطابق رہا ہے۔ اقتصادی اصلاحات سے لے کر استحکام تک، حکومت اور آر بی آئی کے درمیان تعاون ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔  کاغذ کا ایک سادہ سا ٹکڑا صرف آر بی آئی گورنر کی ایک دستخط کے ساتھ کرنسی بن جاتا ہے۔ کسی اور کے دستخط میں یہ طاقت نہیں ہے۔
اس تقریب میں گورنر سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور ریزرو بینک کے گورنر سنجے ملہوترا بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK