Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

آر بی آئی ۱۰؍ بلین ڈالر کی نیلامی کرے گا

Updated: March 12, 2025, 12:29 PM IST | Agency | Mumbai

اس نیلامی کا مقصد ڈالر کے مقابلے میں روپے کو مزید گرنے سے بچانا ہے، روپے کو مستحکم رکھنے کیلئے نیلامی ۲۴؍ مارچ کو ہوگی۔

Detailed information regarding the auction process and application is available on the RBI website. Photo: INN
نیلامی کے عمل اور درخواست سے متعلق تفصیلی معلومات آر بی آئی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ تصویر: آئی این این

ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے بازار میں کیش فلو کو بڑھانے کے مقصد کے ساتھ۲۴؍ مارچ کو۱۰؍ بلین ڈالر کی خرید و فروخت کی سویپ نیلامی کا اعلان کیا ہے۔
 آر بی آئی نے پیر کو کہا کہ یہ تبادلہ۳۶؍ ماہ کی مدت کے لئے ہوگا جس سے مارکیٹ کے استحکام اور غیر ملکی کرنسی کی لیکویڈیٹی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ نیلامی۲۴؍ مارچ۲۰۲۵ء کو صبح ساڑھے۴؍ بجے شروع ہوگی اورساڑھے۱۱؍ بجے تک جاری رہے گی۔
 اس نیلامی میں صرف مجاز ڈیلر – زمرہ ون کے بینک حصہ لے سکتے ہیں۔ اس عمل میں بینک پہلے ریزرو بینک کو ڈالر بیچیں گے اور ایک مقررہ مدت کے بعد واپس خریدیں گے۔ یہ نیلامی متعدد قیمتوں پر مبنی ہوگی، یعنی کامیاب بولی دہندگان کو ان کے بتائے گئے پریمیم کے مطابق ڈیل کی منظوری ملے گی۔ نیلامی میں کم از کم بولی۱۰؍ملین ڈالر ہوگی اور اس کے بعد بولی ایک ملین ڈالر کے ضرب میں لگائی جاسکتی ہے۔ بینک کو یہ فیصلہ کرنا چاہئے کہ وہ سویپ کی مدت کے لئے کتنا پریمیم ادا کرنے کو تیار ہے جس کا اظہار۲ء۲؍مقامات پر کیا جائے گا۔ نیلامی کے اختتام پر کٹ آف پریمیم کا فیصلہ کیا جائے گا اور اسی یا اس سے زیادہ پریمیم پر لگائی گئی بولیوں کو کامیاب سمجھا جائے گا۔ اگر کٹ آف پریمیم پر متعدد بولیاں موصول ہوتی ہیں تو انہیں متناسب طور پر مختص کیا جائے گا۔
 سویپ کے عمل کے پہلے مرحلے میں بینک آر بی آئی کو ڈالر فروخت کریں گے اور اس کے بدلے میں ریزرو بینک ان کے کرنٹ اکاؤنٹس میں روپے جمع کرے گا۔ مقررہ مدت کے اختتام پر بینک سویپ پریمیم کے ساتھ روپے واپس کر کے وہی ڈالر واپس خریدیں گے۔
 نیلامی میں حصہ لینے کے خواہشمند بینکوں کو اپنی سیٹلمنٹ کی تفصیلات ایک دن پہلے تک جمع کرانی ہوں گی۔ بولی صرف ای میل کے ذریعہ آر بی آئی کو بھیجی جاسکتی ہے اور نیلامی کی کھڑکی بند ہونے کے بعد کوئی تبدیلی یا منسوخی ممکن نہیں ہوگی۔ نیلامی کے نتائج کا اعلان اسی دن کیا جائے گا۔ آربی آئی مقررہ رقم سے کم یا زیادہ بولیاں قبول کرنے یا بغیر کوئی وجہ بتائے کسی تجویز کو مسترد کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔نیلامی کے عمل اور درخواست سے متعلق تفصیلی معلومات آر بی آئی کی  ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ماہرین کےمطابق اس نیلا می سے ڈالر کے مقابلے میں  روپےکو  مزید گرنے سےبچایا جاسکے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK