• Wed, 25 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ہمارا مسئلہ ان قوتوں سے ہے جو علاقہ کا استحکام تباہ کررہی ہیں‘‘

Updated: November 21, 2024, 11:26 AM IST

ریوڈی جینیرو میں جی ۲۰؍ اجلاس کے بعدترکی کے صدر اردگان نے غزہ اور فلسطین کے حالات پرگفتگو کی ۔

Recep Tayyip Erdogan. Photo: INN.
رجب طیب اردگان۔ تصویر: آئی این این۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا کہ ہمارا مسئلہ ان لوگوں سے ہے جو قبضہ اور جارحیت کی پالیسی کے ذریعے ہمارے خطے کو بے چینی اور عدم استحکام کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ صدر اردگان نے برازیل کے شہر ریو ڈی جینیرو میں جی ۲۰؍سربراہی اجلاس میں اپنی مصروفیات مکمل کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کےد وران یہ بات کہی۔ اردگان نے کہا’’ میں ۲۰۰۸ء سےجی ۲۰؍ تقریبات میں شرکت کر رہا ہوں ، مجھے یاد نہیں کہ ہماری دنیا کبھی ایک ساتھ متعدد جنگوں، نسل کشی اور انسانی المیوں سے دوچار رہی ہو خاص طور پر غزہ میں قحط کا خطرہ بین الاقوامی درجہ بندی کے مطابق تباہ کن سطح تک پہنچ گیا ہے۔ غزہ کی۹۶؍ فیصد آبادی یعنی۲؍ ملین سے زیادہ لوگوں کو صحت مند خوراک اور پانی تک رسائی نہیں ہے۔ اسرائیلی حکومت غزہ کو کھلی جیل میں تبدیل کر کے انسانی امداد کی ترسیل کو روک کر انسانیت کے خلاف جرم کر رہی ہے یہ صرف ہم نہیں کہہ رہے اقوام متحدہ اور کئی تنظیمیں بھی یہی کہہ رہی ہیں شدید بمباری کے دوران ایک وقت کے کھانے اور ایک گھونٹ پانی کیلئے اپنی جان خطرے میں ڈالنے والے بچوں کے المیے کو ہم سب پچھلے۱۴؍مہینوں سے دل پر پتھر رکھ کر دیکھ رہے ہیں۔ ‘‘
صدر اردگان نےلبنان میں خطرناک کشیدگی کے بارے میں گہری تشویش کے ساتھ ساتھ غزہ تک انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹوں کو دور کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کسی بھی ملک، قوم یا مذہب سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہمارا مسئلہ قتل عام اور قاتلوں سے ہے۔ ہمارا مسئلہ ان لوگوں سے ہے جو اپنے ملک اور شہریوں کی حفاظت کو مزید معصوم خون بہا کر تلاش کر رہے ہیں، ہمارا مسئلہ ان لوگوں سے ہے جو قبضہ اور جارحیت کی پالیسی کے ذریعے ہمارے خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK