موکوک چنگ میں ایک جلسے خطاب کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ اگر مودی کے پاس امن معاہدہ پر عمل کا کوئی راستہ نہیں تھا تو انہیں جھوٹ نہیں بولنا چاہئے تھا
EPAPER
Updated: January 17, 2024, 11:11 PM IST | Mokokchung
موکوک چنگ میں ایک جلسے خطاب کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ اگر مودی کے پاس امن معاہدہ پر عمل کا کوئی راستہ نہیں تھا تو انہیں جھوٹ نہیں بولنا چاہئے تھا
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کو اپنی بھارت جوڑونیائے یاترا کے دوران ناگا امن معاہدہ (۲۰۱۵ء)کے تعلق سے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ اگروزیر اعظم مودی کے پاس امن معاہدہ پر عمل کا کوئی راستہ نہیں تھا تو انہیں جھوٹ نہیں بولنا چاہئے تھا۔واضح رہےکہ راہل گاندھی کی `بھارت جوڑو نیا یاترا کا آغاز۱۴؍ جنوری کو منی پور سے ہوا تھا۔ فی الحال یہ یاترا ناگالینڈ پہنچی ہے جہاں ان کا زبر دست خیرمقدم کیاگیا ا ور ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امن معاہدہ کا ذکر کیا ۔امن معاہدے کے بارے میں ناگالینڈ کے موکوک چنگ میں راہل نے کہا’’ `مجھے شرم آتی ہے کہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے۹؍ سال پہلے ناگالینڈ کے لوگوں سے وعدہ کیا تھا لیکن اس پر کچھ نہیں کیا۔ اگر آپ کے پاس کوئی حل نہیں ہے تو آپ کو اس کے بارے میں جھوٹ نہیں بولنا چاہئے تھا۔ راہل نے کہا کہ مودی کہہ سکتے تھے کہ اب ہمیں حل پر کام کرنے کی ضرورت ہے اور ہم اس پر کام کریں گے۔‘‘
بھارت جوڑو نیا یاترا پیر۱۵؍ جنوری کی شام ناگا لینڈ پہنچی۔راہل نے کہا کہ میں نے ناگا لیڈروں سے بات کی ہے۔ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ امن معاہدے کی طرف ابھی تک کوئی قدم کیوں نہیں اٹھایا گیا۔ کانگریس لیڈر نے کہاکہ `ہمیں یہ بھی نہیں معلوم کہ وزیر اعظم مودی اس کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس کیلئے مکالمے، ایک دوسرے کو سننے اور عمل درآمدکا خاکہ تیار کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق ناگا لینڈ کی بااثر تنظیموں میں سے ایک ناگا ایچ او ایچ او نے اس موقع پر راہل گاندھی سے ملاقات کی ہے۔تنظیم نے راہل گاندھی سےناگا امن معاہدہ پر جس پر۲۰۱۵ء میں دستخط کیے گئے تھے ،عمل در آمد نہ ہونےپر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ۲۰۱۵ءکے معاہدے کے تحت طے شدہ فریم ورک پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا۔ راہل نے بتایا کہ ہم نے تنظیم کے نمائندوں کو یقین دلایا ہےکہ ہم ناگالینڈ کے لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے پابند عہد رہیں گے۔