تجویز کردہ سب سے زیادہ پروجیکٹس سڑکیں ۱۰۱، ریلوے ۷۳، شہری ترقی ۱۲؍ اور تیل اور گیس کی وزارت سے تعلق رکھنے والے ہیں۔
EPAPER
Updated: October 14, 2024, 10:26 AM IST | New Delhi
تجویز کردہ سب سے زیادہ پروجیکٹس سڑکیں ۱۰۱، ریلوے ۷۳، شہری ترقی ۱۲؍ اور تیل اور گیس کی وزارت سے تعلق رکھنے والے ہیں۔
پی ایم گتی شکتی پہل کے تحت، اب تک سڑکوں اور ریلوے سمیت مختلف وزارتوں سے۱۵ء۳۹؍ لاکھ کروڑ روپے کے ۲۰۸؍ بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی منظوری کے لئے سفارش کی گئی ہے۔ ایک سینئر سرکاری افسر نے یہ جانکاری دی۔
ان منصوبوں کی سفارش۱۳؍ اکتوبر۲۰۲۱ء کو شروع کی گئی پی ایم گتی شکتی پہل کے تحت قائم کردہ نیٹ ورک پلاننگ گروپ (این پی جی) نے کی ہے۔ دوسری طرف محکمہ برائے فروغ صنعت اور اندرونی تجارت (ڈی پی آئی آئی ٹی) کے سکریٹری امردیپ سنگھ بھاٹیہ نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ ’’اب تک، اس پہل کے تحت ۱۵ء۳۹؍ لاکھ کروڑ روپے کے۲۰۸؍ پروجیکٹس کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ‘‘
انہوں نے مزیدکہا کہ اس نظام کو استعمال کرنے کے بہت سے فوائد ہیں جن میں ان بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی منصوبہ بندی کے وقت اور لاگت میں نمایاں کمی بھی شامل ہے۔ گروپ کی طرف سے تجویز کردہ سب سے زیادہ پروجیکٹس سڑکیں (۱۰۱)، ریلوے (۷۳)، شہری ترقی (۱۲ ) اور تیل اور گیس کی وزارت سے تعلق رکھنے والے چار منصوبے ہیں۔
بین وزارتی این پی جی ہر ۱۵؍ دن کو میٹنگ کرتا ہے اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا جائزہ لیتا ہے تاکہ کثیر الضابطہ، کوششوں کے تال میل اور پروجیکٹ سائٹ کے ارد گرد جامع ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ اقدام لاجسٹک اخراجات کو کم کرنے کیلئے ایک مربوط بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کیلئے شروع کیا گیا تھا۔
۵۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری والے تمام لاجسٹک اور کنیکٹیویٹی انفراسٹرکچر پروجیکٹس این پی جی کے ذریعے چلائے جاتے ہیں۔ اس سے پہلے کہ پبلک انویسٹمنٹ بورڈ (پی آئی بی ) یا وزارت خزانہ کے تحت اخراجات کا محکمہ اس منصوبے کی منظوری دے سکے اس سے پہلے این پی جی کی منظوری درکار ہے۔ بھاٹیہ نے کہا کہ حکومت اس سال نجی شعبے کو پی ایم گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان (این ایم پی) پورٹل تک رسائی فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور تفصیلات کیلئے بات چیت جاری ہے۔ بھاٹیہ نے کہا کہ این ایم پی کے حوالے سے کچھ حساس ڈیٹا ہے اور اسے ظاہر نہیں کیا جانا چاہیے۔ لہٰذا، ہم ان کی شناخت کر رہے ہیں۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے صحافیوں کو یہ اطلاع دی۔ ہم نجی شعبے سے بھی مشاورت کریں گے۔ بات چیت جاری ہے اور تفصیلات پر کام کیا جائے گا۔ ہم اس سال اسے شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
مودی نے پی ایم گتی شکتی قومی ماسٹر پلان کے۳؍ برس مکمل ہونے کی ستائش کی
وزیر اعظم نریندر مودی نے پی ایم گتی شکتی قومی ماسٹر پلان کے ۳؍ برس مکمل ہونے کی ستائش کی ہے۔ تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل کے ذریعہ ایکس پر کئے جانے والے ایک پوسٹ اور اسی سے متعلق مائی گو کے ذریعہ کئے جانے والے پوسٹ کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے لکھا:’’پی ایم گتی شکتی قومی ماسٹر پلان ہندوستان کے بنیادی ڈھانچے میں انقلاب لانے کے مقصد سے ایک تغیراتی پہل کے طور پر ابھرا ہے۔ اس نے ملٹی ماڈل کنکٹیویٹی کو اہم طور پر آگے بڑھایا ہے، جس سے مختلف شعبوں میں تیز رفتار اور مزید اثرانگیز ترقی ہوئی ہے۔ مختلف شراکت داروں کے بلارکاوٹ ارتباط سے لاجسٹکس کو فروغ حاصل ہوا ہے، تاخیر میں کمی ہوئی ہے اور متعدد افراد کےلئے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ گتی شکتی کی بدولت ہندوستان وکست بھارت کے ہمارے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ یہ ترقی، صنعت کاری اور اختراع کاری کے لئے حوصلہ فراہم کرے گا۔ ‘‘