Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

مالیگائوں میں ۲۹؍ سو برتھ سرٹیفکیٹ منسوخ کرنے کی سفارش

Updated: March 11, 2025, 11:18 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

تحصیلدار دفتر کے اس اقدام کو مائناریٹی ڈیفنس عدالت میں چیلنج کرےگی، متاثرین کی قانونی مدد کی بھی یقین دہانی۔

Former member of parliament Sheikh Asif. Photo: INN
سابق رکن اسمبلی شیخ آصف۔ تصویر: آئی این این

مالیگائوں شہر کے تحصیل انتظامیہ نے ۲۹؍سو سے زائد برتھ سرٹیفکیٹ منسوخ کرنے کی سفارش کی ہے۔ مختلف ذرائع سے اس امر کی تصدیق ہونے کےبعدمائناریٹی ڈیفنس کمیٹی حرکت میں آئی ہے اور فیصلہ کیا ہےکہ تحصیلدار دفترکے اس اقدام کو بامبے ہائی کورٹ میں چیلنج کیاجائے گا۔ مالیگائوں میں مبینہ طور پر جعلی کاغذات کی مدد سے برتھ سرٹیفکیٹ بنانے اور ہندوستانی شہریت حاصل کرنے کے الزام کی جانچ ایس آئی ٹی کے ذریعے ہورہی ہے۔ اس جانچ کے دوران تحصیل انتظامیہ کا مذکورہ اقدام سامنے آیا ہے ۔ 
 کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر شیخ آصف اور کنوینر مستقیم ڈگنیٹی نے ایک روز قبل میڈیا سے خطاب کے دوران کہا کہ اَب تک اس معاملے میں ۳۰؍ افراد پر معاملہ درج کیا گیا ہے۔ ان میں ۲؍ خواتین نجمہ اور شبانہ بھی شامل ہیں۔ نجمہ اور شبانہ کی درخواست ضمانت مقامی عدالت نے منسوخ کر دی ہے۔ ضمانت پر اُن کی رِہائی کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست دی جائے گی۔ کمیٹی نے متاثرین ومظلومین کی مدد کیلئے قانونی جدوجہد کا بیڑا اُٹھایا ہے۔ اس کیلئے عمومی یا خصوصی سطح پرکوئی چندہ، تعاون یا مالی مدد نہیں لی جائے گی۔ کمیٹی بغیر چندے کے یہ سارے قانونی کا م کاج و اخراجات اپنے بَل بُوتے پر کرے گی۔ 
 واضح رہے کہ بی جے پی لیڈر کریٹ سومیّا نےمالیگائوں میں بنگلہ دیشی اورروہنگیا باشندوں کی سکونت کا الزام لگایا تھا۔ گزشتہ ۸؍جنوری کو ریاست کے وزیراعلیٰ وداخلہ دیویندرفرنویس نے معاملے کی جانچ کیلئے محصول کمشنر برائے ناسک ڈیویژن کی سربراہی میں ۴؍رکنی ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی۔ اس میں مالیگائوں کے ایڈیشنل ایس پی تیغ بیر سنگھ سندھو بطور ممبر سیکریٹری شامل ہیں۔ ایس آئی ٹی کی انکوائری تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہے۔ کارروائی جیسے جیسے آگے بڑھ رہی ہےویسے نئے معاملات بھی سامنے آتے جارہے ہیں۔ ۲۹؍سو سے زائد برتھ سرٹیفکیٹ منسوخ کرنے کا اقدام اُن میں سے ایک ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK