ایم سی ایکس پر ہونے والے وعدہ کاروبار میں سونے کی قیمت لگاتار ۸۰؍ ہزار روپے فی تولہ درج ہو رہی ہے۔
EPAPER
Updated: February 02, 2025, 10:08 AM IST | Agency | New Delhi
ایم سی ایکس پر ہونے والے وعدہ کاروبار میں سونے کی قیمت لگاتار ۸۰؍ ہزار روپے فی تولہ درج ہو رہی ہے۔
بجٹ پیش کئے جانے سے قبل ہی سونے کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھا گیا جس نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔ ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) پر سونے کی قیمت وعدہ کاروبار کے دوران ۸۲؍ ہزار ۶۰۰؍ روپے فی تولہ گرام تک پہنچ گئے جس کی وجہ سے ملک بھر میں سونے کی قیمت میں زبردست اچھال آیا اور یہ ۸۴؍ ہزار روپے فی تولہ ہو گئے۔ واضح رہے کہ وعدہ کاروبار اور بازار کی قیمت میں عام طور پر ڈیڑھ سے ۲؍ ہزار روپے کا فرق ہو جاتا ہے۔ کبھی یہ فرق زیادہ بھی ریکارڈ ہوتا ہے۔
گھریلو مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہورہا ہے۔ انڈین بلین جیولرز اسوسی ایشن (آئی بی جے اے) کے مطابق جمعہ کو ۲۴؍ قیراط والے سونے کی قیمت ۸۲؍ ہزار ۹۰؍ روپے تھے جو سنیچر کو ۸۴؍ ہزار کے قریب پہنچ گئی تھی ۔ اسی طرح ۲۲؍ قیراط سونا ۸۰؍ ہزار روپے فی تولہ پر فروخت ہو رہا تھا ۔ یہ اضافہ بجٹ سے قبل ہی مارکیٹ کے غیر یقینی حالات اور سرمایہ کاروں کے سونے میں بڑھتے ہوئے اعتماد کی وجہ سے ہوا ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں سونے کی قیمت یکساں ہوتی ہے لیکن ان میں میکنگ چارجز اور ۳؍فیصد جی ایس ٹی شامل نہیں ہوتی جس کے باعث اصل قیمت مختلف شہروں میں مختلف ہوتی ہے۔ اس وقت ملک میں شادیوں کا سیزن ہے اور اسی وجہ سے سونے کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے۔ دام بڑھنے کی ایک وجہ یہ بھی قرار دی جارہی ہے اور دوسری وجہ سونے میں سرمایہ کاری بتائی جارہی ہے۔