پالیسی ہولڈرز کا کوٹہ پہلے ہی دن اوور سبسکرائب ہو گیا، خوردہ سرمایہ کاروں میں بھی جوش ، کوٹے کے ۵۷؍ فیصد شیئر فروخت ، کمپنی نے سنیچر کو بھی بولی لگانے کی سہولت دی
EPAPER
Updated: May 05, 2022, 11:04 AM IST | Agency | New Delhi
پالیسی ہولڈرز کا کوٹہ پہلے ہی دن اوور سبسکرائب ہو گیا، خوردہ سرمایہ کاروں میں بھی جوش ، کوٹے کے ۵۷؍ فیصد شیئر فروخت ، کمپنی نے سنیچر کو بھی بولی لگانے کی سہولت دی
ایل آئی سی کا آئی پی او شروع ہوتے ہی سرمایہ کاروں کے درمیان اس کے شیئر خریدنے کی مقابلہ آرائی شروع ہو گئی۔ بدھ کی صبح ایشو کھلنے کے صرف دو گھنٹے کے اندر ۲۷؍ فیصد سبسکرپشن مکمل ہو گیا تھا ۔ جبکہ شام تک کمپنی کا تقریباً ۶۴؍ فیصد سبسکرپشن پورا ہوگیا۔ حالانکہ بدھ کو آئی پی او کا پہلا ہی دن تھا۔ ابھی ۹؍ تاریخ تک یہ خریداری جاری رہے گی۔ اطلاع کے مطابق سب سے زیادہ بولی کمپنی کے پالیسی ہولڈرز نے لگائی ہے۔دراصل، خوردہ سرمایہ کاروں کو بھی ایشو پرائس پر رعایت دی جا رہی تھی۔ یہی وجہ تھی کہ آئی پی او کھلتے ہی سرمایہ کار ٹوٹ پڑے۔ کل آئی پی او سائز کا ۲۷؍فیصد سبسکرپشن دوپہر ۱۲؍ بجے تک مکمل ہو گیا تھا۔ اس میں سب سے زیادہ بولی پالیسی ہولڈرز نے لگائی اور ان کیلئے مختص ۹۵؍ فیصد شیئرز کی سبسکرپشن دوپہر ۱۲؍ بجے ہی مکمل کر لیا گیا تھا۔ جبکہ شام ہوتے ہوتے پالیسی ہولڈرز کا کوٹہ اوور سبسکر ائبڈ ہو گیا۔ یاد رہے کہ کمپنی نے اپنے پالیسی ہولڈرز کیلئے کل آئی پی او کا ۱۰؍ فیصد حصہ مختص کیا تھا جبکہ اس کوٹے میں ۱ء۹؍ فیصد زائد بولی لگائی جا چکی ہے۔
اس کے بعد ایل آئی سی کے ملازمین کا نمبر آتا ہے، جن کیلئے ریزرو حصص کے ۴۶؍ فیصد کا سبسکرپشن دوپہر ۱۲؍ بجے تک ہو چکا تھا۔ شام تک ملازمین کا پورا کوٹہ فروخت ہو گیا۔ نیز خوردہ سرمایہ کاروں نے بھی اپنے لئے مخصوص ایشو سائز کا ۳۰؍ فیصد حصہ دوپہر ۱۲؍ بجے تک لے لیا تھا۔ شام تک خوردہ سرمایہ کاروں کے کوٹے سے ۵۷؍ فیصد شیئرفروخت ہو چکے تھے۔ یہ تیزی بتا رہی ہے کہ سرمایہ کار اس آئی پی او کے بارے میں کتنے پرجوش ہیں۔ اس کے علاوہ، گرے مارکیٹ میں بڑھتے ہوئے پریمیم کے پیش نظر، سرمایہ کاروں کے درمیان بھاری منافع کمانے کا مقابلہ ہے۔ غیر ادارہ جاتی سرمایہ کاروں نے بھی دوپہر۱۲؍ بجے تک فیصد سبسکرپشن مکمل کر لیا تھا۔
سرمایہ کار سنیچر کو بھی بولی لگا پائیں گے
قابل ذکر ہے کہ ایل آئی سی کا آئی پی او کھل گیا ہے اور بدھ سے خوردہ یعنی چھوٹے سرمایہ کار اپنی بولی لگا سکتے ہیں۔ اس بولی کیلئے ۹؍مئی تک کا وقت دیا گیا ہے۔ لیکن ایل آئی سی نےاپنے سرمایہ کاروں کیلئے ایک ایسا فیصلہ کیا ہے، جو کسی دوسرے آئی پی او کیلئے نہیں ہوتا۔ فیصلہ یہ ہے کہ اگر آپ چاہیں تو سنیچر کو بھی آئی پی او کیلئے اپلائی کر سکیں گے۔ یاد رہے کہ سنیچر کو بازار بند رہتا ہے اس لئے اس روز کسی طرح کی کوئی خرید وفروخت نہیں ہوتی۔ لیکن شاید سرمایہ کاروں کے جوش کو دیکھتے ہوئے انہیں یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ کمپنی کے شیئر آئی پی او بند ہونے کے ایک ہفتے بعد یعنی ۱۷؍ مئی کو مارکیٹ میں لسٹ ہوں گے۔ چونکہ ایل آئی سی ایک سرکاری کمپنی ہے اس لئے اس کے ذریعے حکومت کو ۲۱؍ ہزار کروڑ روپے حاصل ہوں گے۔ اس آئی پی او کے ذریعے حکومت کمپنی میں اپنے ۲۲ء۱۳؍ کروڑ شیئر فروخت کر رہی ہے۔ اس کیلئے شیئروں کے دام ۹۰۲؍ روپے سے ۹۴۹؍ تک مقرر کئے گئے ہیں۔ ایک طرف جہاں سرمایہ کاروں کے اندر ایل آئی سی کے شیئر خریدنے کےتعلق سے جوش دکھائی دے رہا ہے وہیں تجزیہ کار بھی اس وقت کمپنی کے شیئر خریدنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ کمپنی میں شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم (قلیل مدتی اور طویل مدتی) دونوں طرح کے شیئر ہیں لیکن ماہرین کا خیال ہے کمپنی میں لانگ ٹرم( طویل مدتی) کیلئے پیسہ لگانا زیادہ سودمندہے۔ ایسا اس لئے کہ انشورنس کمپنیوں کا بزنس ماڈل لانگ ٹرم کا ہوتا ہے۔ اگر آپ نے بطور پالیسی ہولڈر شیئر خریدا ہے تو اس میں پہلے ہی آپ کو ۶۰؍ روپے فی شیئر کی چھوٹ مل جائے گی۔ اب اگر آپ کا شیئر ۹۴۹؍ روپے بھی لسٹ ہوتا ہے تب بھی آپ کو ۶۰؍ روپے کا منافع مل جائے گا۔ یاد رہے کہ سرمایہ کاروں کا پہلے دن کا جوش حکومت کیلئے ایک خوش آئند بات ہے۔ ایک ایسے موقع پر جبکہ کمپنیوں کی حالت خستہ ہوتی جا رہی ہے اور حکومت بیشتر کمپنیوں کو فروخت کرنے کے درپے ہے ایل آئی سی کے شیئروں کیلئے عوام کا ایسا رسپانس کمپنی کیلئے راحت کی بات ہے اور بازار کیلئے بھی مثبت اشارہ ہے۔ فی الحال شیئروں کی خریداری جاری ہے جس کیلئے مزید ۵؍ دن باقی ہیں۔ اگر اسی طرح کا رسپانس رہا تو کوئی حیرت کی بات نہ ہوگی کہ کمپنی کے سارے شیئر ایک دودن میں ہی فروخت ہو جائیں۔ ماہرین نے اس پورے عمل کو بازار کیلئے اچھا شگون قرار دیا ہے۔ البتہ دیکھنا یہ ہے کہ ۱۷؍ مئی کے بعد جب کاروبار شروع ہوگا تب کیسا رسپانس رہتا ہے۔