اینٹی کرپشن بیورو کی رشوت خور اور بد عنوان افسران کے خلاف ترتیب کردہ رپورٹ کے مطابق کیسوں میں کمی کی وجہ سمجھ میں نہیں آسکی ہے
EPAPER
Updated: December 30, 2024, 10:30 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
اینٹی کرپشن بیورو کی رشوت خور اور بد عنوان افسران کے خلاف ترتیب کردہ رپورٹ کے مطابق کیسوں میں کمی کی وجہ سمجھ میں نہیں آسکی ہے
ممبئی اور مہاراشٹر اینٹی کرپشن بیورو ( انسداد بد عنوانی دستہ ) بذات خود اس بات سے حیران ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلہ امسال بد عنوانی کے کیسوں میںواقعی کمی ہوئی ہے یا مختلف سرکاری اداروں میں بد عنوان افسران و اہلکار کم ہوچکے ہیں ۔اےسی بی (ممبئی )نے امسال مختلف اداروں میں تعینات جن پولیس ، انکم ٹیکس ،جی ایس ٹی یا بی ایم سی کے علاوہ دیگر سرکاری اداروں کے افسران کو رشوت لینے کے جرم میں گرفتارکیا ہے اور ان کے خلاف کیس درج کیا ہے، وہ گزشتہ سال کے مقابلہ بہت کم ہیں ۔
اینٹی کرپشن بیورو کے گزشتہ سال اور موجودہ سال کے ترتیب کردہ ریکارڈ کے مطابق امسال ممبئی میں ریاست مہاراشٹر کے دیگر شہروں اور اضلاع کے مقابلہ سب سے کم مختلف سرکاری اداروں کے محض ۵۳؍ افسران یا اہلکاروں کے خلاف بد عنوانی کے تحت کیس درج کیا اور انہیں گرفتارکیاہے ۔ اینٹی کرپشن بیورو بذات خود اس بات سے حیران ہے کہ یہ کیسے اور کیونکر ممکن ہوا ۔ ایجنسی کے بقول ممبئی میں بد عنوانی اور رشوت خوری کے الزامات کے تحت درج کردہ کیسوں اور گرفتاری میںکمی کی وجہ اب تک واضح نہیں ہوسکی ہے ۔
یہی نہیں اینٹی کرپشن کے ایک افسر کے بقول گزشتہ سال ۲۰۲۳ء کے مقابلہ امسال ریاستی سطح پر بد عنوانی کے گراف میں کمی آئی ہے ۔وہیں سماجی اور فلاحی تنظیموں سے وابستہ رضا کاروں نےیہ الزام بھی لگایا ہے کہ ایجنسی سرکاری اداروں کو بد عنوان افسروں کے خلاف ملنے والی شکایت کے باوجود اس پر کارروائی نہیں کر رہی ہے جس کی وجہ سے امسال بد عنوان افسروں کی تیار کردہ فہرست میں کمی نظر آرہی ہے۔سماجی رضا کاروں نے ممبئی میں بد عنوانی کے گراف میں کمی کو تشویشناک بتاتے ہوئے اس ضمن میں اینٹی کرپشن کو سنجیدگی سے غور کرنے اور حقیقت کا پتہ لگانے کی بھی اپیل کی ہے ۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج بھی پولیس ، بی ایم سی ، مہاڈا ، پی ڈبلیو ڈی اور دیگر سرکاری اداروں میں بے شمار بد عنوان افسر موجود ہیں اور سال کے ۳۶۵؍ دن کوئی نہ کوئی افسر یا اہلکار محکمہ میں بد عنوانی کرتا ہے اور رشوت کا مطالبہ کرتا ہے۔
امسال جہاں بد عنوانی میں مبتلا افسروں کی تیار کردہ فہرست میں سب سے کم ۵۳؍ بد عنوان اور رشوت خور افسر کے خلاف کیس درج کیا گیا اور انہیں گرفتار کیا گیا ہے ۔وہیں ناسک میں یکم جنوری تا ۲۵؍ دسمبر ۲۰۲۴ء تک ۲۳۱؍ بد عنوان و رشوت خور افسروںو اہلکاروں کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے اور انہیں گرفتار کیا گیا ہے ۔اسی طرح امسال ممبئی و مہاراشٹر کے مختلف شہروں میں کام کرنے والے مختلف سرکاری اداروں میں کام کرنے والے بد عنوان کل۷۰۰؍ سے زائدافسران کے خلاف کیس درج کیا اور انہیں گرفتار کیا ہےجبکہ گزشتہ سال ممبئی و مہاراشٹر میں ایک ہزار ۱۸۶؍ بد عنوان افسران کے خلاف کیس درج کیا گیا تھا اور انہیں رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا ۔
امسال ممبئی اینٹی کرپشن نے بد عنوان افسران کے خلاف ملنے والی شکایتوں کے بعد ایک ہزار ۶۳؍ مقامات پر جال بچھا یا تھا لیکن محض ۵۳؍ کیس درج کرنے اور ۵۳؍ بد عنوان افسرو اہلکاروں کو ہی گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔واضح رہے کہ ممبئی کے علاوہ تھانے، پونے ، ناسک ، ناگپور،امراوتی ،چھتر پتی سنبھا جی نگر اور ناندیڑ میں اینٹی کرپشن کی کل ۸؍ یونٹ بد عنوان افسروں کے خلاف کیس درج کرنے اور انہیں گرفتار کرنے کی اہل ہے ۔امسال تھانے میں ۱۱۴؍، پونے میں ۲۱۷؍، ناگپور میں ۹۳؍،امراوتی میں ۹۹؍،سنبھا جی نگر میں۱۸۰ اور ناندیڑ میں ۸۸؍ بد عنوان افسران و اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔