• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

۲۰۲۵ء کیلئے حج کمیٹی کے کوٹہ میں کمی،ٹور آپریٹرس کو فائدہ

Updated: September 01, 2024, 10:58 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

حج کمیٹی سے جانے والے ۱۷؍ہزار سے زائدعازمین کا کوٹہ گھٹا دیا گیا جبکہپی ٹی او کا کوٹہ۳۵؍ہزار سے بڑھا کر ۵۲؍ہزارسے زائد کر دیا گیا

Only 123,000 pilgrims will be able to depart through the Hajj Committee in 2025, earlier the quota was 140,000 pilgrims.
حج کمیٹی کے توسط سے ۲۰۲۵ء میں ایک لاکھ ۲۳؍ہزار عازمین ہی روانہ ہو سکیںگے،پہلے ایک لاکھ ۴۰؍ہزار عازمین کا کوٹہ تھا

نئی حج پالیسی متعارف کرائے جانے کے بعد سے جہاںکئی شقوں پرعازمین کی جانب سے مسلسل شکایتیں کی جارہی ہیں وہیں اب یہ چونکانے والا انکشاف ہوا ہے کہ حج ۲۰۲۵ء کے لئے حج کمیٹی سےحج بیت اللہ کے لئے جانے والے عازمین کے کوٹے میں ۱۰؍ فیصد تخفیف کر دی گئی ہے اور پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کے کوٹے میں ۱۰؍ فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔اس تخفیف اور اضافے کے ساتھ حج کمیٹی سے ۷۰؍ فیصد عازمین جبکہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کے ذریعے ۳۰؍  فیصد عازمین روانہ ہوں گے۔ اگر اسے اعداد وشمار میںبیان کیا جائے تو حج کمیٹی سے جانے والوں کی تعداد ایک لاکھ ۲۳؍ ہزار ہوگی اور پرائیویٹ ٹور آپریٹرس(پی ٹی او) کے ذریعے جانے والے عازمین کی تعداد ۵۲؍ ہزار ۲۰۰؍ ہوگی جبکہ گزشتہ سال محض ۳۵؍ہزار تھی ۔اسی طرح  ۲۰۲۴ء میں حج کمیٹی سے ایک لاکھ ۴۰؍ہزار عازمین روانہ ہوئے تھے۔ 
 حج کمیٹی  سےجانے والے عازمین کے کوٹے میں تخفیف سے عازمین پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔ اس لئے کہ مرکزی حج کمیٹی سے جانے والوں کے مقابلے ٹور آپریٹرس کے ذریعے جانے والوں کے اخراجات تقریباً دوگنا ہوتے ہیں۔اس سے قطع نظرکہ پی ٹی او کے ذریعے کھانے پینے اور رہائش حرم پاک سے قریب مہیا کرانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ پھر بھی ہرعازم کے لئے دوگنا خرچ برداشت کرنا ناممکن ہے۔ حج کمیٹی اور پی ٹی او کے خرچ میں اتنا فرق ہے کہ جتنی رقم میںپی ٹی او سے ایک عازم حج کی سعادت حاصل کرتا ہے ،حج کمیٹی سے اتنے خرچ میں۲؍ عازمین یہ سعادت حاصل کرلیتے ہیں ۔ 
  اضافی کوٹہ دینے پرخرچ کی حد کو نافذ کیا جائے  
 ۲۰۱۹ء میںسعودی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل کوٹہ ملنے پرحج کمیٹی کی جانب سے ۱۰؍ ہزار سے زائد اضافی کوٹہ پی ٹی او کو دے دیا گیا تھا۔ مگر اس وقت یہ شرط عائد کی گئی تھی کہ ایڈیشنل کوٹے میں جانے والے عازمین سے حج کمیٹی کے  بقدر ہی ٹور والے خرچ لیں گے ۔اس کا اثر یہ ہوا تھا کہ ۱۰؍ہزار سے زائد عازمین نے کم خرچ میںحج کی سعادت حاصل کرلی تھی۔ اس وقت بھی بہت سے عازمین  اور کچھ ٹور آپریٹرزیہ تسلیم کررہے ہیں کہ جو کوٹہ بڑھایا گیا ہے اگر امسال بھی وہی شرط عائد کردی جائے توعازمین پراضافی بوجھ نہیں پڑیگا کچھ ٹورآپریٹرس یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ ’’اس سے بڑے ٹور آپریٹرس کا زیادہ فائدہ ہونے کا امکان ہے اور اس سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا کہ ان کی جانب سے زائد سیٹیںحاصل کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کئے جائیں گے جس سے ان کی آمدنی میں اضافہ ہو۔ ویسے عازمین کواسی صورت فائدہ پہنچ سکتاہے جب انہیں حج کمیٹی کے بقدر خرچ کا پابند بنایا جائے ۔‘‘ 
حج کمیٹی نے کوٹہ بحال کرنے کا حوالہ دیا 
 حج کمیٹی آف انڈیا کے ایڈیشنل سی ای او لیاقت علی آفاقی سے  استفسار کرنے پر انہوں نے کہا کہ ’’ کوٹہ حکومت کی جانب سے پالیسی کے لحاظ سے طے کیا جاتا ہے۔ امسال پی ٹی او کا کوٹہ بڑھانے اورحج کمیٹی کا گھٹانے کا جہاں تک سوال ہے تو اگرہم پہلے کے ریکارڈ کو دیکھیں تو یہی طریقہ ہوا کرتاتھا یعنی حج کمیٹی کا ۷۰؍ فیصد اورپی ٹی او کا ۳۰؍ فیصد۔لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ دوسال سے ۸۰؍ اور ۲۰؍ فیصد کردیا گیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ سابقہ پالیسی کے مطابق امسال پی ٹی او کا پہلے کے مطابق کوٹہ بحال کردیا گیا ہے ۔ ‘‘ انہوں نےیہ بھی کہاکہ’’ پی ٹی او کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا تھا ،اس کا بھی خیال رکھا گیا ہے ۔‘‘ 
خرچ کی حد پرفوری طور پرکچھ نہیںکہہ سکتا
 حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او سے ۲۰۱۹ءکے مطابق حج خرچ کی حد مقرر کرنے کے تعلق سے پوچھنے پران کا کہنا تھا کہ اس کا تعلق پی ٹی او سے ہے اس لئے اس معاملے میںفوری طور پرمیں کچھ نہیںکہہ سکتا۔‘‘یاد رہے کہ ایم آئی ایم سربراہ اسدالدین اویسی نے ٹورآپریٹرسسے فی عازم ایک لاکھ روپے رشوت لینے کامعاملہ پارلیمنٹ کے حالیہ سیشن میں اٹھاکرمودی حکومت کو گھیرا تھا ۔ 

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK