• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بے مثال اداکاری کی ملکہ ریکھاآج بھی دلکش اور حسین ہیں

Updated: October 10, 2024, 11:58 AM IST | New Delhi

بچپن سےہی تیلگو فلموں سے اپنا فلمی سفر شروع کرنےوالی ریکھا کو کافی جدوجہد کرنی پڑی۔ انہوں نےاپنے کریئرکاآغاز محض ۱۱؍برس کی عمر میں تمل فلموں سےکیا تھا اور رفتہ رفتہ انھوں نے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔

Rekha. Photo: INN.
ریکھا۔ تصویر: آئی این این۔

بالی ووڈمیں اپنی استقامت کیلئےمشہور اور ہندوستانی سنیما کی بہترین اداکاراؤں میں شمار ریکھا کو جہاں ان کی بہترین اداکاری کیلئےیاد کیا جاتاہے وہیں ان کی پراسراریت بھی ان کی جاذب نظر شخصیت کا حصہ رہی ہے۔ ریکھا کی پیدائش ۱۰؍ اکتوبر ۱۹۵۴ء کو تمل ناڈو کے شہر مدراس میں ہوئی۔ اُن کا حقیقی نام بھانو ریکھا گنیشن ہے۔ ان کے والد تمل اداکار جیمنی گنیشن اور والدہ تیلگو اداکارہ پشپاویلی ہیں۔ 
بچپن سےہی تیلگو فلموں سے اپنا فلمی سفر شروع کرنےوالی ریکھا کو کافی جدوجہد کرنی پڑی۔ انہوں نےاپنے کریئرکاآغاز محض ۱۱؍برس کی عمر میں تمل فلموں سےکیا تھا اور رفتہ رفتہ انھوں نے بالی ووڈ میں قدم رکھاجہاں انھوں نے یش چوپڑا جیسے ڈائریکٹرز کی فلموں میں اپنی اداکاری کے جلوے بکھیرے۔ ریکھا ۱۹۶۹ءمیں ہندی فلم ’دو شکاری‘ میں بطور ہیروئن جلوہ گر ہوئیں اور جلد ہی فلمی دنیا پر راج کرنے لگیں۔ ۱۹۷۶ءمیں ریکھا نے پہلی بار امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ’دو انجانے‘ میں کام کیا اور فلم کو امر کردیا۔ اس کےبعدیہ جوڑی نٹور لال، خون پسینہ اور بہت سی فلموں میں ایک ساتھ نظر آئی۔ ۱۹۷۸ءمیں فلم ’مقدرکا سکندر‘ نےریکھا کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اورانہیں فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ 
ریکھا کی جوڑی اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ بےحد پسند کی گئی اور دونوں نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ ریکھا کی رقص کی صلاحیتوں کو بھی فلم بینوں نے خوب سراہا۔ 
ریکھا کی کامیاب فلموں میں ساون بھادو، رام پورکالکشمن، گورا کالا، کہانی قسمت کی، نمک حرام، دھرم کرم، دھرماتما، اتسو، مقدر کا سکندر، سلسلہ، پیار کی جیت، پھول بنے انگارے، زبیدہ، امرائو جان، کوئی مل گیا وغیرہ شمار کی جاتی ہیں جن کے ذریعہ انہوں نے بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔ 
یوں توریکھا نے ہندی کی متعدد کامیاب فلموں میں کام کیا۔ لیکن ۱۹۸۱ءمیں انہوں نے فلم’امراؤ جان‘ میں طوائف کا کردار ادا کیا اور اس کردار کو ناقابل فراموش بنا دیا۔ ریکھانےاس فلم میں ادا کاری کے لیےباقاعدہ اردو زبان سیکھی تھی۔ اسی لیے اشعار و مکالموں کی ادائیگی میں زبردست برجستگی ہے۔ یہ فلم ان کی زندگی میں بہت بڑا موڑ ثابت ہوئی کیونکہ اس کے بعد ان کی کامیابی آسمان کو چھونے لگی۔ 
ان کی خانگی زندگی بےحد ناکام رہی۔ فلم انڈسٹری میں کبھی ان کا معاشقہ فلم اداکار ونود مہرا کے ساتھ تھا اور کبھی امیتابھ بچن کے ساتھ ان کا نام لیا جاتا تھا۔ ان کے علاوہ نوین نشچل، وشوجیت، جتیندر، شتروگھن، سنجے دت اور اکشے کمار کے ساتھ بھی ان کا نام جوڑا گیا۔ 
ریکھا نے دہلی کے ایک بڑے تاجر مکیش اگروال سے ۱۹۹۰ءمیں شادی کی تھی لیکن ایک سال بعدہی مکیش نے خودکشی کر لی تھی۔ فلم لجا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ یافتہ ریکھاکو ۲۰۱۰ءمیں اعلیٰ ترین شہری اعزاز پدم شری سےبھی نوازاگیا۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری میں اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی ریکھااب تک ۱۸۰؍ے زائد فلموں میں کئی لازوال کردار نبھا چکی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK