دادر میں واقع کانگریس آفس میں پارٹی لیڈروں نے مہا یوتی کے دور اقتدار میں خواتین پر بڑھتے مظالم اور بدعنوانیوں سے آگاہ کرنے کا عزم کیا
EPAPER
Updated: October 30, 2024, 11:22 PM IST | Mumbai
دادر میں واقع کانگریس آفس میں پارٹی لیڈروں نے مہا یوتی کے دور اقتدار میں خواتین پر بڑھتے مظالم اور بدعنوانیوں سے آگاہ کرنے کا عزم کیا
مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس کی جانب سے بدھ کوریاست میں برسراقتدار پارٹیوں کے خلاف کتابچہ جاری کیاگیا۔ ’بھرشٹ یوتی، مہاراشٹر کی درگتی‘ عنوان سے جاری کئے گئے ۴؍ صفحات پر مشتمل اس کتابچے میں یہ دعویٰ کیاگیا ہے کہ گزشتہ ڈھائی برسوں میں خواتین پر مظالم میں کافی اضافہ ہوا ہے ، ریاست میں نظم و نسق کی صورتحا ل خراب ہے،بدعنوانی میں اضافہ ہو رہا ہے،عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے، تعلیم کا معیار تیزی سے گرا ہے اور سوالیہ پرچے لیک ہوئے ہیں، مہاراشٹر کی صنعتیں گجرات اور دیگر ریاستوں میں منتقل کی گئیں،بے روزگاری عروج پر ہے۔ اسی طرح دیگر باتوںکو اجاگر کیا گیا ہے۔ کانگریس لیڈروں نےدعویٰ کیا ہے کہ وہ اس کتابچے کوعوام میں پھیلائیں گے اور انہیں حکومت کی بدعنوانی سے آگاہ کریں گے ۔
دادر میں واقع کانگریس کے آفس ’تلک بھون ‘میں اس کتابچے کا اجراء کانگریس کے ریاستی انچارج رمیش چنیتھلا ، ریاستی صدر نانا پٹولے، ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ(رکن پارلیمان)، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن محمد عارف نسیم خان، اقلیتی شعبے کے صدر وجاہت مرزااور دیگرلیڈران موجود تھے۔
اس موقع پر مہاراشٹرکانگریس کے انچارج رمیش چنیتھلا نےالزام لگاتے ہوئے کہا کہ مہا یوتی حکومت بدعنوان ہے۔ اس دوران حکومت میں مہنگائی، بے روزگاری میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور حکومت ڈھائی سال سے مہاراشٹر کو لوٹ رہی ہے۔ ریاست میں صنعتیں دیگر ریاستوں میں چلی گئیں جبکہ مہا یوتی حکومت نے بہت سارے فیصلوں کا اعلان کیاتھا لیکن ان پر عمل درآمد مشکل ہے۔ سی ایم لاڈلی بہن اسکیم حکومت کے خزانے میں رقم نہ ہونے کی وجہ سے بند ہو گئی ہے۔اسی لئے عوام نے بدعنوان بی جے پی مہا یوتی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رمیش چنیتھلا نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اب بی جے پی اتحاد کی بدعنوان حکومت جائے گی اور مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت آئے گی جو عوام کی امیدوں اور امنگوں پرپورا اترے گی۔
ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ مہا یوتی حکومت نے گزشتہ دو سال کی ترقی کے کتابچے کا اعلان کیا لیکن اس حکومت نے مہاراشٹر کی ترقی نہیں کی ہے بلکہ اس اتحاد میں موجود بدمعاشوں ہی کی ترقی کی ہوئی ہےاور اس حکومت نے مہاراشٹر کو برباد کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہا یوتی حکومت کے دوران خواتین کے ساتھ بدسلوکی میں کافی اضافہ ہوا ہے، دو سال میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے ۶۷؍ ہزار ۳۸۱؍ کیس رپورٹ ہوئے ہیں، ہر گھنٹے میں خواتین کے ساتھ مظالم کی۵؍ شکایات درج کی جارہی ہیں۔ ریاست میں ۶۴؍ ہزار لڑکیاں اور خواتین لاپتہ ہیں جبکہ وزیر داخلہ دیویندر فرنویس کے آبائی ضلع ناگپور سے۱۳؍ ہزار لڑکیاں اور خواتین لاپتہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ مہا یوتی حکومت نے خواتین کی طرح کسانوں کو بھی نظر انداز کیا ہے، اس حکومت کے دوران۲۰؍ ہزار کسانوں نے خودکشی کی۔
ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ ممبئی کی قیمتیں زمینیں لاڈلے سرمایہ کاروں کو بیچی جارہی ہیں۔ طلبہ کو اسکالر شپ نہیں ملتی، مہاتما جیوتی با پھلے آروگیہ یوجنا اور سنجے گاندھی نرادھر یوجنا کے بھی پیسے نہیں ملتے۔ مہا یوتی حکومت کے دورمیںبدعنوانی عروج پر ہے۔