• Wed, 18 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

منتخب عازمین کوراحت،رقم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

Updated: December 17, 2024, 11:13 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

بہت سے عازمین کے مسائل کے سبب ۳۰؍دسمبر تک رقم جمع کرانے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ضروری کاغذات یکم جنوری ۲۰۲۵ء تک جمع کرنے ہوںگے۔ محرم کوٹے میںمہاراشٹر کی ۹۲؍ خواتین منتخب ہوئیں۔ عازمین کوٹریننگ دینے والوں کیلئے درخواست دینے کا ۲۲؍دسمبر تک ایک اورموقع

Pilgrims have been given time till December 30 to deposit the amount by the Haj Committee of India. (File photo)
عازمین کوحج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے رقم جمع کرانے کیلئے۳۰؍دسمبر تک کا وقت دیا گیا ہے ۔(فائل فوٹو)

 منتخب ہونے والے اور ویٹنگ لسٹ میں کنفرم ہوئے عازمین کوحج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے راحت دی گئی ہے۔ یہ راحت انہیں رقم جمع کرانے کی تاریخ میں ۳۰؍ دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے دی گئی ہے۔اسی طرح ویٹنگ لسٹ میںکنفرم ہونے والے عازمین کو ضروری کاغذات یکم جنوری ۲۰۲۵ء تک ریاستی حج کمیٹی میں جمع کرانا ہوگا۔ جن عازمین کا نام ویٹنگ لسٹ میں کنفرم ہوا ہے ان کو پہلی اور دوسری قسط ایک ساتھ ۲؍ لاکھ۷۳؍ ہزار۳۰۰؍ روپے اورپہلے منتخب ہونے والے عازمین کو دوسری قسط کے ایک لاکھ ۴۲؍ ہزار روپے جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
۹۲؍خواتین کو جگہ ملی 
 دوسری جانب محرم کوٹہ میں ۷۳۹؍ درخواستیں موصول ہوئی تھیں ،ان میںسے ۷۱۱؍کے کاغذات وغیرہ درست پائےگئےتھے۔ اس زمرے میں کوٹہ چونکہ ۵۰۰؍سیٹوں کا ہی تھا، اس لئے اس کٹیگری میں منتخب ہونے والی خواتین کو بھی ۳۰؍ دسمبرتک ۲؍ لاکھ ۷۲؍ ہزار ۳۰۰؍ روپے جمع کرانا ہوگا۔ محرم کوٹے میں مہاراشٹر کی ۹۲؍ خواتین منتخب ہوئی ہیں۔ 
ٹرینر س کے لئے ایک اور موقع 
 اس کے علاوہ عازمین کو ٹریننگ دینے کے خواہشمند ٹرینرس کیلئے درخواست دینے کی تاریخ میں  ۲۲؍ دسمبر تک توسیع کردی گئی ہے، ٹرینرس حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر درخواست دے سکتے ہیں۔ان کا انتخاب ممبئی ہی نہیںریاستی سطح پر کیا جاتا ہے، انتخاب ہو جانے کے بعد یہ عازمین کوٹریننگ دیتے ہیںکہ وہ کس طرح سفر کریں اورسعودی عرب پہنچنے کےبعد کن چیزوں کا بطور خاص دھیان رکھیں ،کسی مشکل وقت میںکس طرح اورکس سے مدد طلب کریں ۔مرکزی حج کمیٹی کے نئے سی ای اونظیم احمدکی جانب سےسرکیولر بھی جاری کیا گیاہے۔ 
  رقم جمع کرانے کی آخری تاریخ پہلے ۱۶؍دسمبر تھی مگر  بہت سے عازمین نےدوسری قسط جمع نہیںکرائی ، ان کے مختلف مسائل ہیں، اسی بناء پر حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ دوسرےابھی حج  بیت اللہ کی روانگی میںوقت بھی ہے ، اس لئے عازمین کو سہولت دی گئی ہے تاکہ وہ مزید۱۵؍دن میںرقم کا انتظام کرلیں۔
 عازمین یہ بھی ذہن نشین کرلیں کہ ان سے ابھی محض ۲؍ قسط ہی لی جارہی ہے ،حج ۲۰۲۵ء کے خرچ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔اخیر میںاس کا اعلان کیا جائے گا اور اسی حساب سےعازمین کو بقیہ رقم ادا کرنی ہوگی ۔ لیکن اس دفعہ پہلی قسط کے طور پر ۸۱؍ہزار۸۰۰؍ روپے کے بجائے یکمشت ایک لاکھ ۳۰؍ ہزار روپے ادا کرنے کا حج کمیٹی کی جانب سے فرمان جاری کیا گیا جس سےحج کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد سے ہی عازمین کورقم کا انتظام کرنے میں دشواری پیش آئی پھر بھی بیشتر  عازمین نےادا کردی۔ اب انہیں۳۰؍ دسمبر۲۰۲۴ء تک مزیدموقع دیا گیاہے۔ ایسے میںمرکزی اور ریاستی حج کمیٹیوںکی جانب سےیہ امید کی جارہی ہے کہ اس دوران بیشتر عازمین دوسری قسط جمع کرادیں گے۔ 
کمیٹیوں کی جانب سے مدد 
  مہاراشٹر حج کمیٹی کے افسر جہانگیرخان کے مطابق ’’ ان تمام اعلانات سے عازمین کومطلع کیا جارہا ہے، ان کو پیغامات بھیجے جارہے ہیں اور ضلعی سطح پر تنظیمیں بھی اس کام میں ریاستی حج کمیٹی کی معاونت کررہی ہیں تاکہ عازمین رقم اور کاغذات وغیرہ مذکورہ تاریخ کے اندر جمع کرا سکیں ، مزید تاخیر نہ ہونےپائے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK