• Mon, 24 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریزرو بینک آف انڈیا نے بینکوں کیلئے نیا ڈومین بنانے کا فیصلہ کیا

Updated: February 08, 2025, 12:59 PM IST | Agency | New Delhi

آر بی آئی نے بینکنگ اور ادائیگی کے نظام میں ڈجیٹل سیکوریٹی کو بڑھانے کے مقصد سے ہندوستانی بینکوں کیلئے بینک ڈاٹ ان خصوصی انٹرنیٹ ڈومین کا منصوبہ بنایا۔

Members of the RBI Monetary Policy Committee can be seen addressing the media. Photo: PTI
آربی آئی کیمانیٹری پالیسی کی کمیٹی کے اراکین کو میڈیاسے خطاب کرتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر:پی ٹی آئی

ریزرو بینک آف انڈیا نے بینکنگ اور ادائیگی کے نظام میں ڈجیٹل سیکوریٹی کو بڑھانے کے مقصد سے ہندوستانی بینکوں کیلئے بینک ڈاٹ ان  خصوصی انٹرنیٹ ڈومین اور مالیاتی شعبے کے لیے ایف آئی این ڈاٹ ان ڈومین شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 مانیٹری پالیسی کمیٹی کی سہ  روزہ میٹنگ میں  کئے  گئے فیصلوں کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے ریزرو بینک کے گورنر سنجے ملہوترا نے کہا کہ بینکنگ اور ادائیگی کے نظام میں ڈجیٹل سیکوریٹی کو بڑھانے کے مقصد سے ہندوستانی بینکوں کیلئے  بینک ڈاٹ ان ایکسلوسیو انٹرنیٹ ڈومین   شروع کیا جائے گا۔ اس ڈومین کے لئے  رجسٹریشن اس سال اپریل سے شروع ہوگا اور اس کے بعد پورے مالیاتی شعبے کے لیے ایف آئی این ڈاٹ ان ڈومین شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے بینکنگ  فریب  دہی سے بچنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا ’’ریزرو بینک بینکنگ اور ادائیگی کے نظام میں ڈجیٹل سیکوریٹی کو بڑھانے کیلئے کئی اقدامات کر رہا ہے۔ ڈجیٹل ادائیگیوں کیلئے تصدیق کے اضافی عوامل کا تعارف ایسا ہی ایک قدم ہے۔ اب اسے بیرون ملک مقیم تاجروں کو کی جانے والی آن لائن بین الاقوامی ڈیجیٹل ادائیگیوں تک توسیع دینے کی تجویز ہے جو اس طرح کی تصدیق کیلئے  اہل ہیں۔

ایف آئی ٹی کے آغاز کے بعد اوسط افراط زر کم رہی ہے: سنجے ملہوترا
ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر سنجے ملہوترا نے جمعہ کو کہا کہ لچکدار افراط زر کے ہدف (فلیکسی ایبل انفلیشن ٹارگیٹ ) (ایف آئی ٹی) فریم ورک کے آغاز کے بعد سے اوسط مہنگائی کم رہی ہے اور کنزیومر پرائس انڈیکس پر مبنی خوردہ افراط زر زیادہ تر ہدف کے مطابق رہی ہے۔ مانیٹری پالیسی کمیٹی کے سہ روزہ اجلاس میں کئے  گئے فیصلوں کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے  ملہوترا نے کہا کہ کمیٹی کے فیصلے یقیناً مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے دلچسپی کا باعث ہیں  کیونکہ اس سے ملک کے تقریباً تمام شہریوں کی زندگی متاثر ہوتی ہے۔ یہ کاروباروں، ماہرین اقتصادیات، ماہرین تعلیم اور مالیاتی دنیا سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی ٹی فریم ورک   ۲۰۱۶ء میں متعارف کروایا گیا تھا اور۲۰۲۱ء میں اس کا جائزہ لیا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ’’مجھے یقین ہے کہ اس نے ان برسوں میں ہندوستانی معیشت کی اچھی طرح سے خدمت کی ہے ، بشمول وبائی امراض کے بعد کے چیلنجنگ دور بھی شامل ہیں۔ ایف آئی ٹی کے آغاز کے بعد سے اوسط افراط زر کم رہی ہے۔ مزید یہ کہ سی پی آئی افراط زر زیادہ تر ہدف کے مطابق رہی ہے۔ تاہم  اس  کے قیام کے بعد سے چند مواقع پر اوپری  قیمت کو مہنگائی نے توڑا ہے۔ ہم ابھرتی ہوئی ترقی افراط زر کی حرکیات کا جواب دیتے ہوئے فریم ورک میں موجود لچک کو استعمال کرتے ہوئے معیشت کے بہترین مفاد میں میکرو اکنامک نتائج کو بہتر بناتے رہیں گے۔ ہم نئے ڈیٹا کے استعمال میں پیش رفت کر کےکلیدی میکرو اکنامک ویریئبلز کی پیشین گوئی  اور مزید مضبوط ماڈل تیار کررہے ہیں۔ 

سرحد پار آن لائن لین دین کیلئے اے ایف اے لازمی ہوگا: سنجے 
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) سرحد پار آن لائن لین دین میں سیکوریٹی کو بڑھانے کے لیے تصدیق کے اضافی عنصر (اے ایف اے) کو لازمی بنائے گا۔
 آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترا نے مانیٹری پالیسی کمیٹی کی سہ روزہ میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ سرحد پار آن لائن لین دین میں سیکوریٹی بڑھانے کیلئے اے ایف اے کو لازمی بنانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اے ایف اے کے نفاذ سے گھریلو ڈجیٹل ادائیگی کے لین دین میں سیکوریٹی اور اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، لیکن فی الحال یہ سہولت صرف گھریلو لین دین تک محدود ہے۔  ملہوترا نے کہا کہ اب آر بی آئی نے تجویز دی ہے کہ ہندوستان میں جاری کردہ کارڈس کا استعمال کرتے ہوئے بین الاقوامی آن لائن لین دین میں بھی اے ایف اے کو لازمی قرار دیا جائے۔ یہ ان معاملات میں اضافی سیکوریٹی کو یقینی بنائے گا جہاں غیر ملکی تاجر اے ایف اے کی حمایت کرتے ہیں۔ اس اقدام سے بین الاقوامی لین دین میں فریب  دہی کے امکانات کم ہوں گے۔

 ۲۶۔۲۰۲۵ءمیں خوردہ افراط زر کم ہو کر۴ء۲؍ فیصد رہنے کی امید 
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے جمعہ کو خوراک کی قیمتوں میں نرمی کی توقعات کے درمیان اگلے مالی سال(۲۶ ۔۲۰۲۵ ء) میں خوردہ افراط زر۴ء۲؍ فیصد رہنے کا اندازہ لگایا ہے۔ ساتھ ہی، اس نے رواں مالی سال میں ۴ء۸؍ فیصد کا تخمینہ برقرار رکھا۔
 موجودہ مالی سال کے آخری دو ماہی مانیٹری پالیسی کے جائزے کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے، آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترا نے کہا کہ سپلائی کے محاذ پر کسی جھٹکے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ خریف کی فصلوں کی بہتر پیداوار، سردیوں میں سبزیوں کی قیمتوں میں نرمی اور ربیع کی فصلوں کے لئے سازگار امکانات کی وجہ سے اشیائے خوردونوش میں نمایاں کمی آنی چاہیے۔
 خیال رہےکہ ریپو ریٹ وہ شرح سود ہے جس پر تجارتی بینک اپنی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مرکزی بینک سے رقم ادھار لیتے ہیں۔ آر بی آئی اس شرح کو مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ ریپو ریٹ میں کمی کا مطلب ہے کہ گھر اور گاڑیوں کے قرض سمیت مختلف قرضوں پر ماہانہ قسط (ای ایم آئی ) میں کمی متوقع ہے۔ خیال رہے کہ  مانیٹری پالیسی کمیٹی نے جمعہ کو تقریباً ۵؍برسوں میں پہلی بار ریپو ریٹ میں۲۵؍ بیسس پوائنٹس کی کمی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK