• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ماہم درگاہ اور اس کے اطراف کے مکین بھکاریوں کی وجہ سے شدید پریشان

Updated: November 07, 2024, 9:56 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

پولیس اور بی ایم سی سے شکایت کی کہ ہوٹل اور زائرین کے ذریعے ملنے والے کھانے کے پیکٹ سڑکوں پر پھینک دیتے ہیں اوردیررات تک لڑائی جھگڑا کرتے ہیں۔

Local people have complained to the police and BMC against the beggars living near Maham Dargah. Photo: INN
ماہم درگاہ کے قریب رہنے والے بھکاریوں کے خلاف مقامی افراد نے پولیس اور بی ایم سی سے شکایت کی ہے۔ تصویر: آئی این این

ماہم درگاہ کے اطراف رہنے والے افراد بھکاریوں کی بڑھتی تعداد ہی سے نہیں بلکہ ہوٹل اور زائرین کے ذریعہ ملنے والے کھانے اور کھانا کھا کر  گلیوں اور سڑکوں پر گندگی کرنے  نیز دیر رات تک ایک دوسرے سے لڑتے رہنے بھکاریوں سے سخت  پریشان ہیں ۔ ماہم پولیس کی بارہا کارروائیوں کے باوجود بھکاریوں کی تعداد کم تو نہیں ہورہی ہے اورنہ ہی مکینوں کی پریشانیوں کا کوئی مستقل حل نکالا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں ماہم کے مکینو ںنے مخدوم شاہ ماہمی کی درگاہ ،کیڈل روڈ پر بھکاریوں کے بڑھتے مسائل ، گندگی اور ان کے جھگڑے سے نجات دلانے کے لئے بی ایم سی کمشنر بھوشن گگرانی اور جی نارتھ وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کو مکتوب روانہ کیا ہے اور اس مسئلہ کو ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔   ماہم کے مکینو ںکی جانب سے سماجی رضا کار فاروق ڈھالا اور عرفان مچھی والا نے بی ایم سی کمشنر اور ماہم جی نارتھ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کوای میل کے ذریعہ بھیجے گئے شکایتی مکتوب میں بتایا کہ مخدو م شاہ ماہمی کی درگاہ کے اطراف ایک طرف جہاں زائرین بڑی تعداد میں زیارت کے لئے آتے ہیں اور اکثر و بیشتر زائرین وہاں موجود غریبوں کو کھانا کھلاتے ہیں۔  یہی وجہ ہےکہ یہاں نہ صرف دن بہ دن بھکاریوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ ان کی وجہ سے علاقے میں سڑکوں اور گلیوں میں گندگی کا انبار لگ رہا ہے جس سے یقینی طو رپر یہاں کے مکینوں کی صحت بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ یہاں آنے والے زائرین بھکاریوں کو کھانے کاجوپیکٹ دیتے ہیں،وہ  پیکٹ کا کھانا کھاکر یا اسے ادھورا سڑک اور گلیوں میں پھینک کر فٹ پاتھوں پر ڈیرا ڈالے رہتے ہیں ۔اس ضمن میں نامہ نگار سے بات چیت کرتے ہوئے فاروق ڈھالا نے مزیدبتایا کہ یہاں کے  مکین بھکاریوںکے ذریعہ کی جانے والے گندگی   ہی سے نہیں بلکہ ان کے جھگڑے سے بھی پریشان ہیں ۔ فاروق مچھی والا کا کہنا ہے کہ اکثر فٹ پاتھوں پر قبضہ کرکے دیر رات تک شراب پی کربھکاری شب ۳؍ اور ۴؍ بجے تک آپس میں لڑتے ہیں اورگندی گالیاں دیتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اس سلسلہ میں پولیس کے ساتھ ساتھ بی ایم سی کمشنر اور ماہم جی نارتھ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کو بھی شکایتی مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ 
اس سلسلہ میں جی نارتھ وارڈ کے سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے ماہم کے مکینوں سے  ملنے والی شکایت پر خود ماہم درگاہ اور اس کے اطراف بالمیا لین ، کپڑا بازار روڈ کا جائزہ لینے کے بعد  زائرین کے ذریعہ بھکاریوںکے سبب ہونے والے گندگی پر مکینوں کو نظر رکھنے اور اس کی شکایت کرنے کی اپیل کی ہےساتھ ہی وہاں آباد دکانداروں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ بھکاریوں کو کھانے کا پیکٹ دینے کے ساتھ ہی گندگی کرنے والے بھکاریوں کو نہ صرف ڈسٹ بین میں پیکٹ ڈالنے پر مجبور کریں بلکہ وہ خود بھی اپنے ہوٹلوں ، فٹ پاتھوں  اور سڑکوں کو صاف ستھرا رکھیں ۔اس سلسلہ میں جی نارتھ کے افسر اجیت کمار امبی نے کہا کہ ہوٹل مالکوں اور زائرین سے گندگی نہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے لیکن اب اس پر عمل نہ کرنے اورخلاف ورزی کرنے والوں پر کارروائی کی جائے گی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK