صنعتی شہر میں روہنگیائوں اور بنگلہ دیشیوں کی تلاش کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل دیئے جانے پرمقامی سطح پر ناراضگی، تمام پارٹیوں کے لیڈران نے بیک زبان مخالفت کی۔
EPAPER
Updated: January 10, 2025, 5:19 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
صنعتی شہر میں روہنگیائوں اور بنگلہ دیشیوں کی تلاش کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل دیئے جانے پرمقامی سطح پر ناراضگی، تمام پارٹیوں کے لیڈران نے بیک زبان مخالفت کی۔
بی جے پی لیڈرکریٹ سومیّا کی مالیگائوں کے تعلق سے ہرزہ سرائی کے بعد وزیراعلیٰ وداخلہ دیویندرفرنویس نے ایک قبل ایس آئی ٹی کی تشکیل کااعلان ایسے کام کیلئے کردیا۔ حالانکہ اپنے الزامات کی کوئی مضبوط بنیاد تلاش بسیارکےبعدبھی کریٹ سومیّاکے ہاتھ نہیں آسکی۔ سومیّا اور فرنویس کے کام کو مالیگائوں کے سیاسی لیڈران نے بی جے پی کی زہریلی سیاست سے تعبیر کیاہے۔ واضح رہے کہ سومیّا ایک سے زائد مرتبہ مالیگائوں کادورہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ مالیگائوں میں بنگلہ دیشی وروہنگیائی مسلمان آبادہیں اور ان کو مقامی سرکاری اداروں نےمبینہ طورپر برتھ سرٹیفکیٹ جاری کئے ہیں جس کی بنیادپرہندوستانی شہریت ثابت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
ایس آئی ٹی تشکیل کی تفصیل
کبھی اجیت پوار کو بدعنوان کہنے والے کریٹ سومیا کے بیان کی بنیاد پر بدعنوان اجیت پوار کو نائب وزیر اعلیٰ بنانے والے دیویندر فرنویس نے بدھ کو خصوصی حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ ایس آئی ٹی کا دائرئہ کار شہر مالیگائوں ہوگاجو اِس بات کی جانچ کرے گی کہ اِس شہر میں بنگلہ دیشی وروہنگیائی مسلمان آباد ہیں یانہیں ؟ کیابنگلہ دیشیوں اور روہنگیائی مسلمانوں کیلئے مالیگائوں کے تحصیل دار اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پیدائشی ثبوت(برتھ سرٹیفکیٹ)جاری کئے گئے ہیں ؟ حکومت کو شکایت موصول ہوئی ہے کہ غیر ملکیوں کوجعلی برتھ سرٹیفکیٹ دیئے گئے ہیں۔ اس کی تصدیق کیلئے تفتیشی احوال مطلوب ہیں۔ اسی مقصد سے ڈائریکٹرجنرل آف پولیس برائے ڈیویژن ناسک کی سربراہی میں چار رکنی ایس آئی ٹی قائم کی جاتی ہے جس میں ڈیویزنل کمشنرناسک ڈیویزن اربن ڈیولپمنٹ ، ایڈیشنل کلکٹرناسک اورایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس برائے مالیگائوں بطور رُکن اپنی خدمات انجام دیں گے۔ ایس آئی ٹی کے کام کاج کی تکمیل کیلئے ۶؍ مہینے کی مدت متعین کی گئی ہے۔ اس سے متعلق دفتری سطح پر ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مہاراشٹر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ریوینیو سیکریٹریٹ، ایڈمنسٹر یٹیوسیکریٹری وزارت برائے شہری ترقیات، میونسپل کمشنر مالیگائوں، پولیس سپرنٹنڈنٹ ناسک اور مقامی پولیس کوتفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
سیاسی لیڈران کے بیانات
مالیگائوں۔ دھولیہ کی رکن پارلیمان شوبھا بچھائو نے اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’منفی سیاست بی جےپی کا وطیرہ ہے۔ کریٹ سومیّا الزام لگانے کے کاروبار سے منسلک ہیں۔ نفرت اور تفریق پھیلانے کیلئے یہ سب کیاجارہا ہے۔ مالیگائوں کے شہری امن پسند ہیں۔ یہاں کے ہندومسلمان اور دیگرمذاہب کے ماننے والے شیٖروشکر کی طرح رہتے بستے آئے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’سومیّا مالیگائوں آکر یہاں کی فرقہ وارانہ فضا کوخراب کرنےوالاکام کررہے ہیں۔ انہیں یہ سب زیب نہیں دیتا۔ ‘‘ مالیگائوں (سینٹرل) کے رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل نے کہا ہے کہ اقلیتی فرقے کے رائے دہندگان نے خالدہ ضیاء یا شیخ حسینہ واجدنام کے امیدوارکوووٹ نہیں دئے تھے بلکہ انڈیا الائنس کی نامزد امیدوارڈاکٹرشوبھا کوکامیاب کیا تھا۔ بی جے پی کی تلملاہٹ کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہے لہٰذا صوبے ومرکز کی حکمراں جماعت کواپنی شکست اِس حلقے میں ہضم کرنے کی تاب پیداکرنے کی ضرورت ہے۔ مالیگائوں کو بدنام کرکےکچھ حاصل نہیں ہوسکتا۔ ‘‘ سابق رکن اسمبلی شیخ آصف نے کہا کہ ’’ انتہائی سنگین معاملات کی تفتیش کیلئے ایس آئی ٹی قائم کی جاتی ہےلیکن مالیگائوں کیلئے ایس آئی ٹی کی تشکیل مستقبل کے خطرے کی علامت ہے۔ محض جنم داخلوں کی جانچ کیلئے اسے قائم کرکے عملی کارروائیوں کے احکامات جاری کرنابہت سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔ اس سلسلے میں لائحہ عمل طے کرنے کیلئے اگلے سنیچرکومیری پارٹی کےکارکنان کی میٹنگ طے ہوچکی ہے۔ سماج وادی پارٹی کے محمد مستقیم نے کہا ہے کہ پارلیمانی الیکشن کے بعدسے مالیگائوں کو مسلسل ہدف بنایاجارہاہے۔ بی جے پی ہر معاملے کو مالیگائوں سے جوڑکراس شہر کی بدنامی کا کام کررہی ہے۔ مالیگائوں میں بیرون ملک سے کوئی آکر سکونت اختیارکرجائےیہ ممکن نہیں۔ سماج وادی پارٹی اس الزام کو قطعی قبول نہیں کرتی۔ اس کے خلاف موثر احتجاج کیلئے ۲۶؍جنوری یوم جمہوریہ کا انتظار ہے۔