• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جوبائیڈن کے بیان کے جواب میں ٹرمپ نے کچرے کے ٹرک کی سواری کی

Updated: November 01, 2024, 10:04 AM IST | Washington

امریکی صدر نےٹرمپ اور ان کے کارکنوں کو کچرا قراردیا تھا، ٹرمپ نے کچرے کے ٹرک کی ڈرائیونگ سیٹ پربیٹھ کرکہا ’’یہ ٹرک کملا ہیرس اور جوبائیڈن کے اعزاز میں ہے۔ ‘‘

Donald Trump is sitting in a truck. Photo: INN.
ڈونالڈ ٹرمپ ٹرک میں بیٹھے ہیں۔ تصویر: آئی این این۔

امریکی صدارتی انتخابات کی مہم ختم ہونے سے ۴؍ دن قبل بدھ کو سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کے زیر انتظام ایک خصوصی ’کچرا ٹرک ‘کے کیبن میں نظر آئے۔ انہوں نے ٹرک کے ڈرائیونگ کیبن میں بیٹھ کر صحافیوں کے سوالات کے جوابات دئیے۔ ٹرمپ کا یہ انٹرویو امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے ریپبلکن امیدوار کے حامیوں کو کچراقرار دینے کے بعد سامنے آیا ہے۔ 
اگرچہ ٹرمپ پہلے ہی اپنے سیاسی حریفوں کو ’کچرا‘ قرار دے چکے ہیں تاہم وہ جو بائیڈن کی زبان کی لغزش سے فائدہ اٹھانے کیلئے تیار نظر آئے۔ وہ کچرا جمع کرنے والے ایک ٹرک پر سوار ہو گئے جس پر’امریکہ کو ایک بار پھر عظیم بنائیں ‘ کا نعرہ تحریر تھا۔ یہ ٹرک وسکونسن کے ہوائی اڈے پر ٹرمپ کا منتظر تھا جہاں انھیں صحافیوں سے گفتگو کرنا تھا۔ جو بائیڈن نے منگل کے روز اپنی انتخابی مہم میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا ’’واحد کچرا جو میں دیکھ رہا ہوں وہ اس (ٹرمپ) کے حامی ہیں۔ ‘‘
ٹرمپ نے بائیڈن کے اسی بیا ن کے جواب میں صحافیوں سے کہا ’’ کیا آپ کو میرا کچرے کا ٹرک پسند آیا ؟ یہ ٹرک کملا ہیرس اور جو بائیڈن کے اعزاز میں ہے۔ ‘‘ریپبلکن پارٹی کے حامی صدر بائیڈن کے بیان پر چراغ پا ہیں۔ تاہم ٹرمپ کے مبینہ مخالف گروپ ’لنكولن پروجیکٹــ‘ نے ٹرمپ کا ایک ویڈیو کلپ جاری کیا ہے۔ یہ ۷؍ ستمبر کو وسکونسن ریاست میں ایک ریلی کا ویڈیوکلپ ہے جس میں ریپبلکن کے ایک اجتماع سے خطاب میں ٹرمپ نے نائب صدر کملا ہیرس کے حامیوں ا ور کارکنوں کو کچرا قرار دیا تھا۔ 
اس دوران نائب صدر اور صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس نے نارتھ کیرولائنا کا دورہ کیا۔ اس کے بعدوہ پنسلوینیا اور وسکونسن بھی گئیں ۔ وسکونسن میں اپنے حامیوں سے خطاب میں کملا ہیرس نے کہا ’’لوگ تھک چکے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ الزامات کا تبادلہ اب رک جائے۔ وقت آ گیا ہے کہ ہم بحیثیت قوم شانہ بشانہ آگے بڑھنے کا سفر شروع کریں۔ ‘‘کملا ہیرس نے بائیڈن کی زبانی لغزش کے حوالے سے سوالات پر جواب میں کہا ’’ میں یہ بات واضح کرنا چاہتی ہوں کہ میں افراد پر ایسی کسی بھی تنقید سے شدید اختلاف کرتی ہوں جو ان کے ووٹروں کی بنیاد پر کی جائے۔ ‘‘
وہائٹ ہاؤس کے سامنے خطاب میں کملا ہیرس نے ٹرمپ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا’’ یہ ایسا صدارتی امیدوار نہیں جو آپ کی زندگیاں بہتر بنانے کے بارے میں سوچے گا، یہ ایک غیر متوازن شخص ہے، انتقام کی ہوس سے بھرا ہوا جو بس اقتدار حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ‘‘واضح رہے کہ انتخابات سے ۶؍ دن قبل سروے رپورٹوں کے مطابق ۷؍ فیصلہ کن ریاستوں میں ڈیموکریٹ اور ریپبلکن پارٹیوں کے بیچ مقابلہ برابر کا نظر آ رہا ہے۔ بدھ کو ہالی ووڈ اداکار اور کیلیفورنیا ریاست کے سابق ریپبلکن گورنر آرنالڈ شوارزنیگر نے بھی اعلان کیا کہ وہ کملا ہیرس کوووٹ دیں گے۔ آرنالڈ کے مطابق وہ پہلے ایک امریکی اور پھر ریپبلکن ہیں۔ شوارزنیگر نے کہا تھا کہ ۲۰۲۰ء کے انتخابی نتائج کو تبدیل کرنے کےالزامات سے ٹرمپ نااہل قرارپا ئے تھےاو رکملا ہیرس کا انتخاب ہی امریکیوں میں تقسیم اوربرہمی کو کم کرنے کا واحد راستہ ہے۔ واضح رہےکہ ۵؍ نومبر کو ہونے وا لے امریکی انتخابات کیلئے اب تک۵ء۵؍کروڑ سے زیادہ افراد ای میل کے ذریعے ووٹ دے چکے ہیں۔ ۲۰۲۰ء کے انتخابات میں مجموعی طور پر۱۶؍کروڑ افراد نے رائے شماری میں حصہ لیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK