• Tue, 26 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

باندرہ ریلوے اسٹیشن پر’ریسٹورنٹ آن وہیل‘ کا منصوبہ

Updated: November 26, 2024, 10:59 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

آٹو رکشا کی بھیڑبھاڑ سے نمٹنے کیلئے اسٹیشن کے مغربی جانب اوپن ایئر ریسٹورنٹ شروع کرنے کیلئے ویسٹرن ریلوے آپریٹرس تلاش کررہا ہے۔

Passengers can be seen on the west side of Bandra Railway Station. Photo: INN
باندرہ ریلوے اسٹیشن کےمغربی جانب مسافروں کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر : آئی این این

یہاں ریلوے اسٹیشن کے مغربی جانب آٹو رکشوں کی بھیڑ کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ویسٹرن ریلوے  نے ممبئی کا پہلا اوپن ایئر ریسٹورنٹ آن وہیل کا منصوبہ بنایا ہے۔ رواںماہ کے شروع میں حکام نے گریڈ ایک زمرے والے ہیریٹج اسٹرکچر باندرہ اسٹیشن کے قریب ایک متروک ریلوے کوچ رکھا جسے جلد ہی کھانے کی جگہ میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ یہ ریسٹورنٹ کوچ کے اندر اور باہر کھلی فضا میں بیٹھنے کی سہولت فراہم کرے گا جو لائیو میوزیکل پرفارمنس کیلئے ایک پوڈیم کے ساتھ مکمل ہوگا۔ ریلوے عہدیداروں کو امید ہے کہ یہ اقدام رکشوں کو اسٹیشن کے احاطے میں غیرقانونی پارکنگ سے باز رکھے گا جو طویل عرصے سے ٹریفک کی بھیڑ اور مسافروں کیلئے تکلیف کا باعث   ہے۔
 ویسٹرن ریلوے کے ایک افسر نے کہا کہ ’’اس پروجیکٹ کا مقصد نہ صرف ٹریفک کو ہموار کرنا ہے بلکہ ایک ایسی جگہ بھی بنانا ہے جہاں لوگ اچھے کھانے اور لائیو میوزک سے لطف اندوز ہونے کیلئے اکٹھا ہو سکے۔ ‘‘
باندرہ مغرب میں گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) اسٹیشن سے متصل  ’ریسٹورنٹ آن وہیل‘ اس علاقے کو پھر سے بہتربنانےکیلئے تیار ہے۔ ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق ریلوے حکام کا خیال ہے کہ یہ منصوبہ   اس وقت تک کم سے کم نوکر شاہی رکاوٹوں کا سامنا کرے گا جب تک  یہ مسافروں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ کا موجب نہ بنے۔برسوں سے باندرہ اسٹیشن کے باہر کی جگہ مخصوص اسٹینڈس کے باوجود آٹو رکشوںکی غیر منظم پارکنگ سے دوچار ہے۔ رکشوں کی بھیڑ اکثر مسافروں کے داخل ہونے اور باہر نکلنے میں رکاوٹ بنتی ہے۔ تاہم حالیہ اقدامات جیسے کہ دکانداروں کی جانب سے تجاوزات کوہٹانا، نے پہلے ہی صورتحال کوبہتر بنا دیا ہے۔  
ویسٹرن ریلوے کے افسران علاقے کو صاف کرنے اور ریسٹورنٹ میں دلچسپی رکھنے والے آپریٹرس تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ 
 اس منصوبے کے ایک حصے کے طور پر پلیٹ فارم ایک  کے مرکزی دروازے کے باہر کنکورس ایریا کو آرٹ گیلری میں تبدیل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے جس سے اسٹیشن کی ثقافتی کشش میں مزید اضافہ ہو گا۔
 ممبئی کمیوٹرس کونسل کے صدر کیلاش ورما نے کہا کہ ’’باندرہ اسٹیشن کےمشرقی اور مغربی جانب  اسٹیشن کے باہر کا منظر افراتفری والارہتا ہے۔ اگرچہ اسٹیشن کی تزئین کاری سے چیزوں میں بہتری آئی ہے لیکن گاڑیاں اب بھی ٹریفک جام کا سبب بن رہی ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK