Inquilab Logo Happiest Places to Work

’ سی این جی‘ کے دام میں اضافہ ،رکشا اورٹیکسی مالکان برہم

Updated: April 10, 2025, 10:00 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ٹیکسی اور رکشا کے مالکان اور ڈرائیوروں نے کمپریسڈ نیچرل گیس کے دام میں ڈیڑھ روپے اضافہ پر کہا :حال ہی میں کرایے میں ۳؍ روپے اضافہ کا مقصد ہی فوت ہوگیا

Around 3 lakh auto-rickshaws and 20,000 black and yellow taxis run on CNG in Mumbai and its suburbs. (File photo)
ممبئی ومضافات میں تقریباً۳؍ لاکھ آٹورکشااور۲۰؍ ہزار کالی پیلی ٹیکسیاں سی این جی سے چلتی ہیں۔(فائل فوٹو)

پائپ لائن کے ذریعہ کمپریسڈ نیچرل گیس ( سی این جی ) کا استعمال کرنے والے صارفین اور رکشا ، ٹیکسی اور پرائیویٹ بسوں کے مالکان کی مشکلوں میں ایک بار پھراس وقت اضافہ ہوگیا جب بدھ ۹؍ اپریل سے سی این جی کی قیمتوں میں ایک تا  ڈیڑھ روپے کا اضافہ کر دیا گیا ۔ سی این جی کے نئے اضافی کرایہ کے مطابق گھریلو استعمال کے لئے پائپ لائن کے ذریعے سی این جی  استعمال کرنے والے صارفینں کو فی کلو ایک روپے زائد ادا کرنا پڑے گا ۔ اسی طرح ٹیکسی اور رکشا اور پرائیویٹ کار اوربس مالکان کو موجودہ فی کلو سی این جی کی قیمت پر ڈیڑھ روپے زائددینے ہوں گے  ۔
  حکومت کے اس فیصلے سے گھریلو استعمال کے لئے پائپ لائن کے ذریعہ سی این جی کا استعمال کرنے والوں اور ٹیکسی ، رکشا اور بس مالکان میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔ سی این سی کا استعمال کرنے والے ٹیکسی اور رکشا مالکان اور ڈرائیوروں کے بقول حال ہی میں فی کلو میٹر پر ۳؍ روپے اضافہ کیا گیا تھا ، اس کے علاوہ  الیکٹرانک میٹر نصب کرنے کی لازمی شرط عائد کرکے اور دیگر قانونی بندشوں کے جال میں جکڑ کر پہلے ہی مالی طور پر مالکان اور ڈرائیوروں کو پریشان کیا جارہاہے ،  اب گیس کی قیمت میں اضافہ کرکے بڑھائے گئے کرایہ کو صفر کر دیا گیا ہے یعنی ٹیکسی ، رکشا اور بس مالکان و ڈرائیور مسلسل مالی مشکلات کا سامنا کرتے رہیں ۔
  ٹیکسی ، رکشا اور پرائیویٹ کار اوربس مالکان  جو سی این جی گیس کا استعمال کرتے ہیں، گزشتہ ۳؍ مہینے سے ۷۸؍ روپے فی کلو سی این جی گیس بھروا رہے تھے  ۔ وہیں اب اس میں ڈیڑھ روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سےاب انہیں ۷۹؍ روپے ۵۰؍ پیسے فی کلوادا کرنا پڑے گا ۔اس سے قبل مہاراشٹر گیس لمیٹڈ ( ایم جی ایل ) نے نومبر اور دسمبر میں گھریلو پائپ لائن گیس پر ایک روپے جبکہ سی این جی  پر چلنے والے گاڑیوں پر۲؍ روپے کا اضافہ کیا تھا۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ ممبئی میں آٹو رکشا اور ٹیکسیوں کے کرایوں میں حالیہ اضافے کے بعد ہوا ہے جس کا مقصد ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی تلافی کرنا ہے۔
  اس ضمن میں مہانگر گیس لمیٹڈ کے ایک سینئر افسر کا کہنا ہے ’’ ممبئی میٹرو پولیٹین ریجن میں ٹیکسی ، رکشا کے علاوہ اکثر پرائیویٹ کار اور بسوں میں پیٹرول کے علاوہ سی این جی کا بھی استعمال ہوتا ہے ۔تاہم گھریلو گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ ایکسچینج ریٹ میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے پائپ لائن کے ذریعہ فراہم کی جانے والے گھریلو سی این جی اور ٹیکسی ، رکشا ، پرائیوٹ کار و بسوں میں استعمال ہونے والے سی این جی میں فی کلو ایک اور ڈیڑھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور اسے بروز بدھ ۹؍ اپریل سے نافذ کر دیا گیا ہے ۔‘‘
 مہانگر گیس لمیٹڈ کے افسر نے یہ بھی بتایا کہ’’ ممبئی میٹرو پولیٹین ریجن میں سی این جی سپلائی کے لئے ۳۵۸؍ سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ ۵؍ لاکھ سے زائد پرائیویٹ کار اور بسیں سی این جی کا استعمال کرتی ہیں۔ اس طرح ممبئی میں تقریباً ۳؍ لاکھ آٹو رکشا سی این جی سے چلتے ہیں ۔ اس کے علاوہ شہر میں ۲۰؍ ہزار کالی پیلی ٹیکسیوں میں بھی سی این جی گیس کا ہی استعمال کیا جاتا ہے۔‘‘تاہم مہانگر گیس لمیٹڈ نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ شہر اور مضافات میں ۲۴؍ لاکھ سے زائد صارف پائپ لائن کے ذریعے سپلائی کی جانے والی گھریلو گیس کا استعمال کرتے ہیں۔بہر کیف سی این جی کے دام  میں اضافہ کے سبب نہ صرف رکشا ، ٹیکسی ، پرائیوٹ کار اور بس مالکان کو بلکہ گھریلو صارف کو بھی مالی اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK