• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بینک بھرتی امتحان کے دوران ہنگامہ ، طلبہ کو پرچہ دیئے بغیر باہر کر دیا گیا

Updated: December 22, 2024, 1:17 AM IST | Chandrapur

چندر پور سینٹرل بینک میں مختلف اسامیوں کی تقرری کیلئے منعقدہ امتحان میں گڑ بڑی، ناندیڑ اور چندر پور میں طلبہ کا احتجاج ، پرچہ ملتوی

Students protesting in the exam hall of Chandrapur
چندر پور کے امتحان ہال میں طلبہ احتجاج کرتے ہوئے

چندر پور ڈسٹرکٹ سینٹرل بینک نے کل ۳۵۸؍ اسامیوں کیلئے بھرتی کا عمل شروع کیا ہے جس میں ۲۶۱؍ کلرک اور۹۷؍چپراسی کی اسامیاں شامل ہیں۔ ان عہدوں پر   تقرری کیلئے  ۲۱؍، ۲۲؍ اور ۲۳؍ دسمبر کو آن لائن امتحان لیا جا نے والا تھا۔ جبکہ سنیچر کو یعنی پہلے پرچے  کے روز ہی  ہنگامہ کھڑا ہو گیا جب امتحال ہال میں پرچے تاخیر سے پہنچے لیکن امیدواروںکو اس کیلئے وقت نہیں دیا گیا اور وقت مقررہ سے پہلے انہیں یہ کہہ کر باہر کر دیا گیا کہ ان کا پرچہ ہو گیا ہے۔ اس طرح کا واقعہ ناندیڑ میں بھی پیش آیا اور چندر پور کے امبیڈکر کالج میں بھی۔ 
  اطلاع کے مطابق چندر پور سینٹرل بینک  میں بھرتیوں کیلئے  ہونے والے امتحانا ت کا سنیچر کو پہلا پرچہ تھا جس کیلئے چندر پور، ناندیڑ، عثمان آباد،  اور پونے سمیت کئی علاقوں میں سینٹر لگائے گئے تھے۔  یہ امتحان ایک آئی ٹی آئی نامی ایک پرائیویٹ کمپنی نے منعقد کئے تھے۔ پرچے کا وقت ۱۰؍ تا ۱۲؍ بجے تھا۔ لیکن ناندیڑ کے ایکویرا ہائی اسکول میں قائم سینٹر پر پرچے تاخیرسے پہنچے۔  امیدواروں نے کسی طرح پرچہ لکھنا شروع کیا۔ ابھی ۱۵؍ منٹ بھی نہیں گزرے تھے کہ ان سے یہ کہہ کر پرچے  چھین لئے گئے کہ ان کا پرچہ ہو چکا ہے۔  تقریباً یہی بات چندر پور کے   بابا صاحب امبیڈکر کالج میں قائم سینٹر پر بھی پیش آئی۔  یہاں پرچے میں ایک سوال غلط چھپا تھا۔ طلبہ نے اس کی شکایت کی تو ان سے پرچہ لے لیا گیا اور سینٹر سے باہر نکال دیا گیا۔ ان سے کہا گیا کہ اب یہ پرچہ ۲۳؍ دسمبر کو دوبارہ ہوگا۔ اس پر  امیدوار ناراض ہو گئے کیونکہ انہیں دور دراز سے آنے جانے  میں وقت اور پیسہ دونوں صرف کرنا پڑتا ہے۔  انہوں نے احتجاج شروع کر دیا۔ کافی دیر تک وہ انتظامیہ کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔  انہوں نے آئی ٹی آئی کمپنی پر بدعنوانی کا الزام عائد کیا ہے۔ 
   اس دوران ناگپور میں جاری سرمائی اجلاس میں بھی اس معاملے کی گونج سنائی دی۔ رکن اسمبلی کشور جورگیوار نے اجلاس میں ڈسٹرکٹ سینٹرل بینک کی اس بھرتی میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہونے کا الزام لگایا ہے۔ جورگیوار نے اسمبلی اسپیکر کو بتایا کہ اس امتحانی عمل میں بڑے پیمانے پر تکنیکی و انتظامی امور میں گڑبڑ ہوئی ہے۔ بتادیں کہ چندر پور ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹیو بینک کی بھرتی کا عمل مختلف وجوہات کی وجہ سے پچھلے کئی سال سے سرخیوں میں رہا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے دوران سرکاری محکمہ اور خود وزیر اعلیٰ نے اس بھرتی کو روک دیا تھا۔ تاہم ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ نے  امتحان لینے کا حکم دیا اور کہا کہ ضلع بینک کے ملازمین کی بھرتی میں سیاسی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بینک نے ممبئی میں واقع ایک نجی کمپنی آئی ٹی آئی لیمیٹیڈ سے آن لائن امتحان منعقد کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔ چندر پور، ناگپور، امراوتی ا، گوندیا پونہ، ناسک، اورنگ آباد، جالنہ اور ناندیڑ میں سینٹر تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK