Inquilab Logo

بہار اسمبلی کے احاطے میں شراب کی خالی بوتلیں ملنے پر ہنگامہ

Updated: December 01, 2021, 11:06 AM IST | Inquilab News Network | Patna

اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادونے وزیراعلیٰ پر شدید تنقید کی،نتیش کمار سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ۔ کہا: ’’ وزیر اعلیٰ کواستعفیٰ دے دینا چاہئے، بہار کا وزیر داخلہ کون ہے؟ پوری طرح نتیش کمار قصوروارہیں۔‘‘ ان کے بقول :’’آج جمہوریت کے مندر کے احاطے میں شراب کی خالی بوتلیں مل رہی ہیں،اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ریاست میں شراب بندی پوری طرح ناکام ہے۔‘‘

Tejaswi Yadav and others are looking at bottles of liquor in the assembly premises.Picture:PTI
تیجسوی یادو اور دیگر اسمبلی احاطے میں شراب کی بوتلیں دیکھ رہےہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

بہار قانون ساز اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے دوسرے دن ایوان کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے ہنگامہ شروع ہوگیا۔ مقننہ کے احاطے میں شراب کی خالی بوتلیں ملنے پر اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادونے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو شدیدتنقید کا نشانہ بنایا اور ان سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔  وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے شراب کی خالی بوتل ملنے سے متعلق ایوان میں تفتیش  پرزور دیا۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نےچیف سیکریٹری اور ڈی جی پی کے ساتھ میٹنگ کی۔
’’بہار کو پوری طرح سے چوپٹ کر دیا ہے، ان کے وزیر شراب پیتے ہیں‘‘
 شراب بوتل ملنے کے بعد اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے میڈیا کے نمائندوں سے کہا:’’ وزیراعلیٰ نے حال ہی میں ایک بڑی جائزہ میٹنگ کی تھی۔ آج جمہوریت کے مندر کے احاطے میں شراب کی خالی بوتلیں مل رہی ہیں۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ریاست میں شراب بندی پوری طرح ناکام ہے۔ شراب نہ پینے کاحلف لینا نوٹنکی ہے۔ حکومت اس کا جواب نہیں دے گی، کہے گی کہ یہ اپوزیشن کی سازش ہے۔وزیراعلیٰ کے ساتھ شراب مافیا کی تصویر منظر عام پر آئی۔ہم لوگ نہ بنائوٹی ہیں نہ ملاوٹی ہیں،ان لوگوں نے بہار کو برباد کر دیا، نہ روزگار، نہ تعلیم اور نہ علاج ۔بہار کو پوری طرح سے چوپٹ کر دیا ہے۔ ان کے وزیر شراب پیتے ہیں، اسمبلی احاطے میں شراب کی خالی بوتلیں مل رہی ہیں، وزیر اعلیٰ کواستعفیٰ دے دینا چاہئے، بہار کا وزیر داخلہ کون ہے؟ پوری طرح نتیش کمار قصوروارہیں۔‘‘
 برداشت نہیں کریں گے:نتیش کمار
 اسمبلی کی پارکنگ میں شراب کی خالی بوتل ملنے کے معاملے میں وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا :’’ جو بھی گڑبڑ کر رہا ہے اسے نہیں چھوڑا جائےگا۔ ‘‘انہوںنے قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر سے درخواست کی کہ آپ انکوائری کا حکم دیں۔ اس کی مکمل چھان بین کی جائے گی۔ قصورواروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔‘‘ نتیش کمار نے کہا:’’ ڈی جی پی اور چیف سیکریٹری سےاس کی جانچ کرائی جانی چاہئے۔‘‘ شراب کی خالی بوتل ملنے پر  نتیش کمار نے ڈی جی پی ایس کے سنگھل کو اسمبلی میں طلب کیاجس کے بعدچیف سیکریٹری تریپوراری شرن اور ڈی جی پی سنگھل اسمبلی پہنچے۔ وزیر اعلیٰ نے ایوان میں شراب کی خالی بوتلوں کی برآمدگی سے متعلق انکوائری پر  تبادلۂ خیال کیا۔چیف سیکریٹری اور ڈی جی پی نے وزیراعلیٰ کے ساتھ میٹنگ کی۔
نیتی آیوگ کی رپورٹ اورنظم ونسق پراپوزیشن کا احتجاج
 آر جے ڈی،کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے اسمبلی احاطے میں لاء اینڈ آرڈر، نیتی آیوگ کی رپورٹ اور ریاست میں شراب بندی جیسے مسائل پر شدید احتجاج کیا۔ دوپہر میں ایوان کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے کانگریس کے اراکین اسمبلی نے اسمبلی گیٹ کے سامنے نیتی آیوگ کی رپورٹ پر ایوان میں حکومت سے جواب طلب کیا۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی لیڈر اجیت شرما کی قیادت میں ممبران اسمبلی نے نعرے بازی کی ۔
وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان
آر جے ڈی کے اراکین اسمبلی نے شراب بندی میں حکومت کی ناکامی پر مظاہرہ کیا۔ بھائی وریندر اور للت یادو نے بھی لاء اینڈ آرڈر کا سوال اٹھایا اور شراب بندی اور زراعت کے مسائل پر نتیش حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا۔ دوسری طرف، سی پی آئی، ایم ایل اور سی پی آئی (ایم) کے اراکین ، آر جے ڈی کانگریس ایم ایل اے کے ساتھ قطار میں کھڑے ہوکر یوگیندر پاسوان کے قتل کی تفتیش اور مقتول کے اہل خانہ کے ایک رکن کو نوکری اور معاوضہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔ اس دوران سی پی آئی ایم ایل کے رکن اسمبلی گوپال روی داس نے کہا :’’ بہار میں جرائم کے واقعات میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ یہ بہت تشویشناک ہے۔‘‘ سی پی آئی اورسی پی آئی ایم ایل کے ممبران اسمبلی نے روسڑا میں پولیس حراست میں صفائی اہلکار کی موت کے معاملے میں ای او اور ایس پی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اسپیکرپرعہدہ کے غلط استعمال کا الزام
اسمبلی کی کارروائی کے دوران آر جے ڈی رکن اسمبلی بھائی ویریندر نے ایوان میں اسپیکرپر اپنے عہدے کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگایاجس پرا سپیکر نے اعتراض کرتے ہوئے کہا :’’ آپ ایوان کے وقار سے کھلواڑنہ کریں۔ آپ اسپیکر پر عہدہ کے غلط استعمال کا الزام نہیں لگا سکتے۔‘‘بی جے پی ایم ایل اے گیانیندر سنگھ گیانو نے کہا :’’بھائی ویریندر کی رکنیت ختم ہو سکتی ہے۔‘‘ اس پر رکن اسمبلی محبوب عالم نے کہا :’’ اسپیکر ،حکمراں جماعت کونسی سزادلوےگی، کس کی رکنیت ختم ہو جائے گی؟ پہلے بتادیں۔بھائی وریندر ایک بار پھر کھڑے ہوئے اور بات کرنے لگے :’’رکنیت کیسے چلی جائے گی؟ لوگوں نے منتخب کرکے بھیجا ہے۔‘‘جس کے بعداسمبلی کی کارروائی ایک گھنٹے کیلئے ملتوی کر دی گئی۔ دوپہر کے کھانے کا وقفہ دیا گیا ہے۔لنچ کے بعددوبارہ کارروائی شروع ہوئی اورہنگامہ کے بعد  آج ( بدھ )صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دی گئی۔
سیمانچل میں دفعہ۳۷۱؍ نافذ کرنےکامطالبہ
  ایم آئی ایم لیجسلیچر پارٹی لیڈر اختر الامام کی قیادت میں منگل کو اسمبلی احاطے میں قانون سازوں نے سیمانچل میں علاقائی تفریق کو دور کرنےکیلئے دفعہ۳۷۱؍ کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔  آئی ایم آئی ایم ممبران اسمبلی نے کہا:’’ سیمانچل سب سے پسماندہ ہے۔حکومت کو اس علاقے کے لئےخصوصی پیکیج کا اعلان کرنا چاہئے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK