• Sat, 01 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

دہلی میں دریائے جمنا ۲۰۷؍ میٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، ہنگامی میٹنگ، امتناعی احکامات نافذ

Updated: July 13, 2023, 10:22 AM IST | New Delhi

وزیر اعلیٰ کا مرکزی حکومت سے مداخلت کا مطالبہ ، مقامی افراد کو منتقل کیا گیا

Many areas of Delhi have come under water due to the increase in the level of Yamuna river. (PTI)
دریائے جمنا کی سطح میں اضافہ کی وجہ سے دہلی کے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔(پی ٹی آئی )

 شمالی ہند کی پہاڑی ریاستوں میں پچھلے کچھ دنوں سے مسلسل بارش کی وجہ سے دریاؤں  میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں دریاؤں کی سطح میں اضافے کا اثر اب دہلی میں بھی نظر آ رہا ہے۔ دہلی میں  جمناکے پانی کی سطح بدھ کو۲۰۷ء۵۵؍میٹر تک پہنچ گئی ہے جس نے آج تک کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ اس سے پہلے ۱۹۷۸ء جمناکے پانی کی سطح۲۰۷ء۴۹؍ میٹر تک پہنچ گئی تھی۔ اس کی وجہ سے دہلی کے نشیبی علاقوں میں سیلاب آنے کا امکان ہے۔ 
  جمنا کے پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اس میٹنگ میں حالات پر قابو رکھنے اور مقامی افراد کو جنگی پیمانے پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے پر غور ہوا۔ اس دوران مرکزی حکومت سے مطالبہ بھی کیا گیا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرے تاکہ بہتر حکمت عملی کے ساتھ کارروائی کی جاسکے۔کیجریوال نے تمام وزرا، عہدیداروں اور میئر کے ساتھ میٹنگ کے بعد کہا کہ دہلی میں ۴۰؍سال بعد اتنی بارش ہوئی ہے۔ دہلی کا نظام اتنی بارش کو برداشت کرنے کے قابل نہیں ہے۔ پھر بھی ہم حالات پر قابو پانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ اس وقت تمام جماعتوں کو عوام کی مدد کے  لئے آگے آنا چا ہئے۔
 قبل ازیں، جمنا کے پانی کے ریکارڈ سطح تک پہنچ جانے اور اسے عبور کر لینے کے خدشہ کے درمیان دہلی انتظامیہ نے دریا سے متصل نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر چلے جانے کی ہدایت دی ہے۔  جمنا میں پانی کی سطح بڑھنے کے بعد آس پاس کے علاقے زیرآب آگئے ہیں اور کچھ علاقے تو ایسے بھی ہیں جہاں گھروں میں کئی فٹ پانی بھرگیا ہے۔دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے پہاڑی ریاستوں میں آئندہ چند دنوں تک اسی طرح کی بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔      اطلاعات یہ بھی ہے کہ دہلی جمنا کے علاقوں میں امتناعی احکامات نافذ کردئیے گئے ہیں۔ 

 

Yamuna Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK