• Wed, 27 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آرجے ڈی کے قومی جنرل سیکریٹری اور اہم لیڈر شیام رجک کا پارٹی سے استعفیٰ

Updated: August 23, 2024, 11:15 AM IST | Asfar Faridi | Patna

پارٹی قیادت پر فریب دہی کا الزام، سابق ریاستی وزیر نےلالو یادو سے کہا: آپ مہرے چل رہے تھے، میں رشتہ داری نبھا رہا تھا، تیجسوی یادو نے کہا: کوئی فرق نہیں پڑتا۔

Shyam Rajak. Photo: INN
شیام رجک۔ تصویر : آئی این این

راشٹریہ جنتادل کے قومی جنرل سیکریٹری شیام رجک نے جمعرات کو اپنے عہدہ اورپارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے آر جے ڈی کےصدر لالو پرسادیادو کو خط لکھ کر استعفیٰ دیا ہے۔ شیام رجک نےاپنے خط میں پارٹی قیادت پر فریب دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے لکھاہے کہ  میں شطرنج کا شوقین نہیں تھا، اس لئے دھوکہ کھا گیا۔ آپ مہرے چل رہے تھے، میں رشتہ داری نبھا رہا تھا۔
  شیام رجک نے ’انقلاب‘ کے اس نمائندہ سےفون پر بات چیت کرتے ہوئے آرجے ڈی چھوڑنے کی تصدیق کی۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ آرجے ڈی چھوڑنے کی وجہ کیا رہی تو کہا کہ اس بارے میں رات میں بات کریںگے، ابھی بہت زیادہ فون آرہا ہے۔ یادرہے کہ شیام رجک آرجے ڈی سے جے ڈی یو میں گئے تھے اور اس وقت آرجے ڈی میں واپس ہوئے تھے جب وہ نتیش کمارکی قیادت والی این ڈی اے حکومت میں وزیرتھے لیکن اسی دوران ’پارٹی مخالف سرگرمی کی وجہ سے انہیں جے ڈی یو سے نکال دیا گیا تھا۔‘
 شیام رجک کے آرجے ڈی چھوڑنے پر تیجسوی پرساد یادو نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ تیجسوی یادو نے اس طرح سے اپنے رد عمل کا اظہار کیا  جیسے انہیں پہلے ہی سے یہ اندازہ تھا کہ شیام رجک ایسا کوئی فیصلہ کر سکتے ہیں۔ 
 اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ شیام رجک سلامت رہیں۔ ٹھیک ہے وہ چلے گئے، یہ کوئی بڑی بات نہیں، انتخابات ہونے والے ہیں، اس لئے آنا جانا لگا رہتا ہے لیکن ان کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔ واضح ہوکہ شیام رجک نے جب ۲۰۲۰ء میں آرجے ڈی میں واپسی کی تھی تواس وقت یہ قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ پارٹی کی طرف سے انہیں کسی ایوان میں بھیجا جائے گالیکن راجیہ سبھا اور قانون ساز کونسل میں خالی ہو نے والی جگہوں کے لئے ان کے نام پر غور نہیں کیا گیا۔ لوک سبھا کے انتخابات میں بھی انہیں ٹکٹ نہیں دیا گیا۔
سیاسی حلقووں میں جاری قیاس آرائیوں کے مطابق شیام رجک پھلواری سیٹ سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔ وہ یہاں سے ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔جے ڈی یو چاہے تو ارون مانجھی کی جگہ انہیں موقع دے سکتی ہے۔ اطلاع کے مطابق شیام رجک چند دنوں پہلے وزیراعلیٰ اور جے ڈی یو کے قومی صدرنتیش کمار سے ملاقات کرچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK