Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’آر پی ایف کانسٹبل چیتن سنگھ کو مزید ایک ماہ ’مینٹل ہاسپٹل‘ میں رکھنا ہوگا‘‘

Updated: March 28, 2025, 9:41 AM IST | Mumbai

تھانے اسپتال انتظامیہ نے معاملے کی سماعت کرنے والے جج کو اطلاع دی۔

Accused Chetan Singh Chaudhary. Photo: INN
ملزم چیتن سنگھ چودھری۔ تصویر: آئی این این

جئے پور - ممبئی   ایکسپریس ٹرین   میں اپنے سینئر  اور مسلمان مسافروں کو قتل کرنے کے مقدمہ کی سماعت کرنے والے جج کو تھانے مینٹل اسپتال نےبتایا ہے کہ ملزم چیتن سنگھ کو مزید ایک ماہ اسپتال میں رکھنا ہوگا تاکہ پتہ کیا جاسکے کہ وہ ذہنی مریض ہے یا نہیں۔  یاد رہے کہ اسی ماہ ۱۱؍ تاریخ کو ایک چشم دید گواہ کی گواہی عدالت میں درج کی جارہی تھی۔ اس دوران ریلوے پروٹیکشن فورس کے سابق کانسٹبل ملزم چیتن سنگھ چودھری کے دفاعی وکیل وجئے ونت پاٹل کی درخواست پر جج نے عدالتی کارروائی ۲۹؍ مارچ تک کیلئے ملتوی کردی تھی۔ جج نے یہ ہدایت دی تھی کہ چیتن کی طبی جانچ کی رپورٹ آئندہ سماعت کے دوران عدالت میں پیش کی جائے۔ دفاعی وکیل نے عدالتی کارروائی اس وجہ سے ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی کہ چیتن کو تھانےکے مینٹل اسپتال میں رکھا گیا ہے اور اسے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا تھا۔ دفاعی وکیل کا کہنا تھا کہ قتل کا کیس ہونے کی وجہ سے ملزم کی عدم موجودگی میں گواہی درج کرنا مناسب نہیں۔ اس لئے جج نے ۲۹؍ مارچ تک کیلئے سماعت ملتوی کردی تھی۔
تاہم تھانے مینٹل اسپتال کے ’ڈسٹرکٹ مینٹل ہیلتھ ریویو بورڈ‘ نے ۲۴؍ مارچ   ہی کو اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کردی جس میں کہا گیا ہے کہ یہ پتہ لگانے کیلئے کہ چیتن ذہنی مریض ہے یا نہیں، اسے مزید ایک ماہ اسپتال میں رکھنا ہوگا۔ یاد رہے کہ چیتن نے  خود کو ذہنی مریض بتا کر ضمانت حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کا علاج جاری ہے لیکن عدالت نے یہ کہتے ہوئے درخواست مسترد کردی تھی کہ ملزم کے ذہنی مریض ہونے کی بات کسی بھی دستاویز میں موجود نہیں ہے اور نہ ہی اس کا علاج کرنے والے ڈاکٹر نے اسے ذہنی مریض بتایا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK