لائسنس جاری کرنے اور گاڑیوں کے رجسٹریشن کا کام بری طرح متاثر۔ مطالبات منظور ہونے تک آندولن جاری رکھنے کااعلان
EPAPER
Updated: September 25, 2024, 11:21 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
لائسنس جاری کرنے اور گاڑیوں کے رجسٹریشن کا کام بری طرح متاثر۔ مطالبات منظور ہونے تک آندولن جاری رکھنے کااعلان
موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ ایمپلائز اسوسی ایشن نے مطالبات منظور نہ ہونے کے سبب گزشتہ روز سے بے مدت ہڑتال شروع کردی ہے جس سے ریاست بھر کے آر ٹی اوز میں کام کاج ٹھپ پڑ گیا ہے۔ اسوسی ایشن کی اپیل پر ۵۵؍ آر ٹی او دفاتر کے ساتھ تمام چیک پوسٹوں کو بلاک کر دیا گیا ہے ۔ اس سے کچے اور پکے لائسنس جاری کرنے اور گاڑیوں کے رجسٹریشن کا کام بری طرح متاثر ہو رہا ہے جس کی وجہ سے گاڑی والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔واضح رہے کہ ممبئی ڈویژن کے ملازمین جو تبادلوں اور پروموشن کے اہل ہیں، ان کا تبادلہ اور پروموشن نہیں کیا جا رہا ہے ۔اسی لئے ان میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔ منسوخ شدہ عہدوںپر کام کر رہے ملازمین کیلئے محکمہ جاتی امتحان کو لازمی قرار دیا جا رہا ہے۔ ملازمین کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ محکمہ جاتی امتحان کے حوالے سے کوئی پالیسی مرتب کرے۔ گزشتہ ۲؍ سال میں غیر منصفانہ انتظامی دفعات کی وجہ سےکئی پیچیدگیاں پیدا ہوئی ہیں جن کی وجہ سے ریاست میں زیادہ تر ملازمین کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے ۔ان ہی وجوہات کی بنا پر مذکورہ اسوسی ایشن نے منگل سے غیر معینہ مدت ہڑتال شروع کی ہے ۔
تاڑدیوآرٹی او کے ملازمین نے منگل اور بدھ کو انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ’ اتحاد کی جیت ہوگی‘ اور ’ہماری یونین ہماری طاقت‘ جیسے نعرے بلند کئے ۔
تاڑدیو آرٹی او کے ایجنٹ سلیم نوری نے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’آر ٹی او کے ملازمین کی بے مدت ہڑتال کی وجہ سے آر ٹی او کا کام ٹھپ پڑگیا ہے۔ لائسنس ، نجی موٹرگاڑیوں کی پاسنگ اور ٹرانسفر ، آر سی بُک ، گاڑیوں کے قرض اور دیگر کام پوری طرح رک گئے ہیں جس سے گاڑی والوںکو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ صرف پکے لائسنس اور ٹیکسی پاسنگ کا کام جاری ہے کیونکہ ان کاموں کیلئے پہلے سے تاریخ دی گئی ہے ۔جن لوگوں کو تاریخ دی گئی ہے ،ان کے کام ہو رہے ہیں، باقی کام بند ہیں ۔ ‘‘موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ ایمپلائز اسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری سریندر سرتاپے نے کہا کہ’’ کام کو ہموار کرنے کیلئے مقرر کی گئی کالسکر کمیٹی کے مفید مشوروں پر عمل نہ کرنے، سروس سینئریٹی اور تبادلوں کے حوالے سے مثبت اقدام نہ کئےجانےکی وجہ سےملازمین متنفر ہوگئے ہیں۔ اس لئے منگل سے غیر معینہ مدت ہڑتال شروع کی گئی ہے۔ ہڑتال کےپہلے روز تمام ملازمین نے شرکت کی جس کی وجہ سے آر ٹی او کے کام کاج ٹھپ پڑگئے ۔ ملازمین کے مطالبات جب تک پورے نہیں کئے جائیں گے ،ہڑتال جاری رہے گی۔‘‘
ٹرانسپورٹ کمشنر وویک بھمن وار نے اس تعلق سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’یونین کے مطالبات پر غور و خوض جاری ہے۔ اس کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے ، جو ضروری کارروائی کرے گی۔ ‘‘