Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

کنال کامرا پر حکمراں محاذ چراغ پا، اپوزیشن حمایت میں اُترا

Updated: March 25, 2025, 12:35 PM IST | Iqbal Ansari | Mumabi

اسمبلی میں ہنگامہ، کامیڈین کے طنز ومزاح کو شیوسینا برداشت نہیں کرسکی، معافی مانگنے کا مطالبہ، وزیراعلیٰ نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا، کامرا کا معافی مانگنے سے انکار، عدالت میں سامنا کرنے کو تیار۔

Kanal Kamra. Photo: INN
کنال کامرا۔ تصویر: آئی این این

حکومت پر تنقید اور اپنی جرأت مندی کیلئے مشہور اسٹینڈ اَپ کامیڈین کنال کامرا  کے تازہ ویڈیو نے پورے ملک میں دھوم مچادی ہے۔ایک   طبقہ جہاں ان کی بے باکی کی داد دے رہاہے تو وہیں دوسرا طبقہ اپنے لیڈران کے خلاف    ان کے طنز پر چراغ پا ہے۔ ڈیڑھ ماہ قبل ممبئی کے کھار   میں واقع ایک ہوٹل میں  ہونے والے  اپنے مذکورہ شو کا ویڈیو اتوار کو کامرا نے یوٹیوب پر جاری کیا تو ہنگامہ مچ گیا۔ ویڈیو میں  انہوں  نے سابق وزیراعلیٰ  ایکناتھ شندے کی اُدھوٹھاکرے سے علاحدگی پر طنزو مزاح  کرتے ایک گانا پیش کیا ہے جس میں  شندے کا نام لئے بغیر انہیں غدار کہا گیا ہے۔اس پر  نہ صرف یہ کہ شیوسینکوں  نے قانون ہاتھ میں لے کر کھار میں اُس ہوٹل میں توڑ پھوڑ کی جہاں شو ہوا تھا بلکہ اسمبلی میں بھی یہ معاملہ پوری شدت سے اٹھایا گیا۔  
ہنگاموں کی وجہ سے اسمبلی کی کارروائی ملتوی
پیر کو قانون ساز اسمبلی اور کونسل دونوں میں  کامرا کے ویڈیو کا معاملہ گونجا۔ حکمراں محاذ کے اراکین نے کا ہنگامہ کیا اور کنال کےخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا  جبکہ اپوزیشن پارٹی کے اراکین اسے آزادی ٔ  اظہاررائے کے حق پر قدغن لگانے کی کوشش قرار دیا۔ اسی ہنگامے کے سبب  اسمبلی کی کارروائی ایک مرتبہ اور کونسل کی کارروائی ۳؍ مرتبہ  آدھے گھنٹے سے ۵؍  گھنٹے  تک کیلئے ملتوی کرنی پڑی۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ایوان اسمبلی میں یقین دلایاکہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے جنہیںحال ہی میں ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے، کے خلاف اس تبصرہ پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
اُدھو گروپ کو نشانہ بنانے کی کوشش
دیویندر فرنویس نےاس معاملے میں اُدھو ٹھاکرے گروپ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی اورکہا کہ’’اگرکوئی کسی کی سپاری لے کر کسی پراس طرح کی تنقید کرے گا تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کنال کامرا  نے اس سے قبل بھی سپریم کورٹ ( چیف جسٹس)، وزیر اعظم نریندر مودی اور اسی طرح دیگر کی توہین آمیز تبصرے کئے ہیں ۔‘‘ انہوں  نے الزام لگایا کہ’’ وہ سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے اس طرح کی سپاری لیتا رہتا ہے۔‘‘  وزیر اعلیٰ کےبقول ’’آئین نے کس بھی شہری کو اظہار رائے کا حق دیا ہے لیکن اسی کے ساتھ اس کی حدود بھی طے کئےگئے ہیں۔اگر کوئی رائےکسی کی شخصیت کو متاثر کرتی ہے تو پھر  وہ متاثرہ شخص کی آزادی پر حملہ  ہے۔‘‘ انہوں نے متنبہ کیاکہ ’’ جس طرح لیفٹ لبرل اور نکسل واد کو پرداشت نہیں کیاجائے گا اسی طرح ایسی  تنقیدیں بھی برداشت نہیں کی جائیں گی اور کنال کامرا کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔‘‘
کنال کامرا کا معافی مانگنے سے انکار
اس بیچ کنال کامرا جو تمل ناڈو میں مقیم ہیں، نے ذرائع کے مطابق ممبئی پولیس سے بات چیت کی ہے اور تفتیش میں ہر طرح کے تعاون کاو عدہ کیا ہے تاہم معافی مانگنے سے انکار کردیا ہے۔ شندے کو ’’غدار‘‘ کہنے کے معاملے میں بھی انہوں نے  کہا  کہ اگر کورٹ کہے گاتو وہ معافی مانگ لیں گے۔   اس طرح انہوں نے واضح اشارہ دے دیا ہے کہ وہ عدالتی لڑائی کیلئے تیار ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK