جے رام رمیش نے وزیراعظم کا نیا ریکارڈ قراردیا،۲۰۱۴ء سے قبل کےمودی کے وہ ویڈیو بھی شیئر ہونے لگے جن میں انہوں نے منموہن سنگھ کو نشانہ بنایاتھا۔
EPAPER
Updated: January 14, 2025, 10:18 AM IST | Agency | New Delhi
جے رام رمیش نے وزیراعظم کا نیا ریکارڈ قراردیا،۲۰۱۴ء سے قبل کےمودی کے وہ ویڈیو بھی شیئر ہونے لگے جن میں انہوں نے منموہن سنگھ کو نشانہ بنایاتھا۔
پیر کو ڈالر کے مقابلے روپیہ نے پھر غوطہ لگایا اور مزید نچلی سطح پر چلا گیا۔ روپے کی قیمت میں ریکارڈ گراوٹ کا یہ سلسلہ کئی دنوں سےجاری ہے جس کیلئے کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ان کے ۲۰۱۴ء سے قبل کے وہ ویڈیوشیئر کئے جارہے ہیں جن میں انہوں نے روپے کی قدر گرنے پر سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کو نشانہ بنایاتھا۔
پیر کو لگاتار دوسرے کاروباری سیشن میں روپے کی قدر میں گراوٹ کے بعد غیر مستحکم عالمی اشاروں کے درمیان روپے کی قیمت میں مزید ۲۷؍ پیسوں کی کمی آگئی اور ایک ڈالر ۸۶ء۶۳؍ روپے پر پہنچ گیا۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق آر بی آئی کی تازہ پالیسیوں کے نتیجے میں ڈالر ۹۰؍ روپے تک پہنچ سکتاہے۔
ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی پر کانگریس نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بنایا اوران کا ۲۰۱۴ء سے قبل کا ویڈیو بھی شیئر کیا ۔ اس ویڈیو میںمودی کہتے نظر آ رہے ہیں کہ ’’کیا وجہ ہے کہ ہندوستان کا روپیہ کمزور ہوتا جا رہا ہے۔ ملک آپ سے جواب مانگ رہا ہے۔‘‘ اس کے بعد ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ’’ایک بار پھر روپے کی قدر میں کمی آئی ہے اور وہ ڈالر کے مقابلے اب تک کی سب سے نچلی سطح پر پہنچ گیا ہے۔‘‘روپے کی موجودہ قدر کا حوالہ دیتے ہوئے ویڈیو میں کہاگیاہ ے کہ ’’ لیکن مودی کو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘‘ اس پوسٹ میں کیپشن لگا کر اسے مودی کا نیا ریکارڈ قرار دیاگیاہے۔ جے رام رمیش نے مودی کو نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’جب مودی نے وزارت عظمیٰ سنبھالی اس وقت ان کی عمر ۶۴؍ سال تھی اور روپیہ ڈالر کے مقابلے ۵۸ء۵۸؍ پر تھا۔ انہوں نے اس وقت روپے کو مضبوط کرنے کیلئے فصیح و بلیغ تقریریں کی تھیں اور اس کی قدر میں آنے والی کمی کو اپنے پیش رو وزیراعظم کی عمر سے جوڑ دیاتھا۔ اب جبکہ خود مودی ۷۵؍ سال کے ہورہے ہیں، روپیہ ان سے زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور ۸۶؍ پر پہنچ گیاہے۔‘‘