ہندوستانی وزیر خارجہ کے دورے پر روس میں ان کے ہم منصب کا اعلان، تعلقات کو نئی بلندیوں پرلے جانے کا اشارہ
EPAPER
Updated: December 28, 2023, 7:42 AM IST | Moscow
ہندوستانی وزیر خارجہ کے دورے پر روس میں ان کے ہم منصب کا اعلان، تعلقات کو نئی بلندیوں پرلے جانے کا اشارہ
ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر جو روس کے دورہ پر ہیں،سے ملاقات کے دوران روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے بدھ کو اعلان کیا کہ روس ’میک ان انڈیا‘ کے تحت ہندوستان میں جدید ہتھیاروں کی تیاری کیلئے پرعزم ہے۔ ا نہوں نے ایس جے شنکر سے طویل بات چیت کے بعد ان کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
ایس جے شنکر روس کے ۵؍ روزہ دورے پر ہیں۔انہوں نے ہندوستان اور روس کے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک کے تعلقات میں نشیب وفراز آتے رہتے ہیں مگر روس اور ہندوستان کے تعلقات ہمیشہ مستحکم رہتے ہیں۔ا نہوں نے اس کےساتھ ہی دونوں ممالک کے دفاعی تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دفاعی محاذ پر تعاون بہت ہی زیادہ اعتماد کے نتیجے میں ہوتا ہے۔ بدھ کو انہوں نے سرگئی لاؤروف سے طویل ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ دونوں ملکوں نے ساتھ مل کر ہتھیاروں کی تیاری کے امکانات پر غور کیا ہے۔اس کے ساتھ ہی فوجی اور تکنیکی محاذ پر تعاون میں اضافے پر اتفاق کیاگیاہے۔ روسی وزیر خارجہ نے بتایا کہ ’’اس محاذ پر مسلسل پیش رفت ہورہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ روس نئی دہلی کے میک ان انڈیا مہم کے تحت فوجی مقاصد کیلئے استعمال ہونےو الی اشیاء کی تیاری کیلئے تیار ہے۔ واضح رہے کہ روس ہندوستان کو دنیا میں سب سے زیادہ اسلحہ فراہم کرنے والا ملک ہے۔ دونوں ملکوں نے ا س تعاون کو مزید آگے لے جانے کا عزم کیاہے۔