• Tue, 19 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دنیا کے دیگر ممالک کو ہندوستان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہئے: جے شنکر

Updated: October 16, 2024, 12:01 PM IST | Agency | New Delhi

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کودنیا کے مختلف ممالک سے اپیل کی کہ وہ اپنے یہاں ترقی کیلئے ہندوستان کی صلاحیتوں اور نوجوان افرادی قوت سے استفادہ کریں۔

External Affairs Minister Jaishankar while addressing the programme. Photo: INN
وزیر خارجہ جے شنکرپروگرام سے خطاب کے دوران۔ تصویر : آئی این این

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کودنیا کے مختلف ممالک سے اپیل کی کہ وہ اپنے یہاں ترقی کیلئے ہندوستان کی صلاحیتوں اور نوجوان افرادی قوت سے استفادہ کریں۔ ڈاکٹر جے شنکر نے یہاں سشما سوراج بھون میں تارکین وطن کارکنوں کی قانونی اور محفوظ نقل مکانی کیلئے وزارت خارجہ کے فارین ایمپلائمنٹ ڈویژن کے ذریعہ تیار کردہ پورٹل ` ای مائیگریشن کے نئے ورژن کی نقاب کشائی کے موقع پر یہ اپیل کی۔ اس موقع پر محنت، روزگار، کھیل اور نوجوانوں کے امور کے مرکزی وزیر من سکھ منڈاویہ اور امور خارجہ کی وزیر مملکت پاویترا مارگریٹا بھی موجود تھیں۔ 
  ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ صرف پچھلے سال وزارت خارجہ کی مہم کے دوران محفوظ اور قانونی نقل مکانی کے چینلوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے وزیر اعظم نے ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا تھا جس کا نعرہ تھا’ گو سیف، گو پروٹیکٹیڈ‘۔ ای مائیگریٹ پورٹل کا آغاز ہندوستانی کارکنوں کیلئے ایک محفوظ، زیادہ شفاف اور جامع نقل و حرکت پیدا کرنے کی ہماری مسلسل کوششوں کا ثبوت ہے اور ہمارے شہریوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے ہماری کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک طرف جہاں ہم ہندوستان کی معیشت اور عالمی ساکھ میں اپنے تارکین وطن کارکنوں کی انمول شراکت کو تسلیم کرتے ہیں، وہیں ہمیں غیر ملکی سرزمین پر انہیں درپیش خطرات کو بھی تسلیم کرنا چاہئے۔ ہمارے مشن، بالخصوص خلیج میں مشن نے لیبر اتاشیوں کو وقف کیا ہے جو لیبر اور دیگر شکایات کے ازالے کو یقینی بناتے ہیں۔ جے شنکر نے کہا ’’مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ نظر ثانی شدہ ای-مائیگریٹ پورٹل میں چوبیس گھنٹےساتوں دن کثیر لسانی ہیلپ لائن نمبر بھی ہے جو انہیں درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے ہیں، جن کیلئے بعض اوقات فوری حل کی ضرورت ہوتی ہے۔ وزیر خارجہ نے اس موقع پر موجود غیر ملکی سفارت کاروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے ممالک کی ترقی کے سفر میں ہندوستان کے محنتی نوجوانوں کی صلاحیتوں اور ہنر سے استفادہ کریں ۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے ای مائیگریٹ پورٹل استعمال کرنے کی بھی اپیل کی۔ مرکزی وزیر منسکھ منڈاویہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے نہ صرف ملک میں بلکہ پوری دنیا میں ہندوستان کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا عزم کیا ہے بلکہ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت ہند کی تمام وزارتوں اور محکموں کو جامع طور پر سوچنا چاہئے اور لائحہ عمل تیار کیا جانا چاہئے۔ ای مائیگریٹ پورٹل اسی سوچ کا نتیجہ ہے جس سے محنت اور روزگار کی وزارت کا نیشنل کرئیر پورٹل اور مائی بھارت پورٹل بھی جڑے ہوئے ہیں۔ اس سے دنیا کے دیگر ممالک کو بھی ہندوستان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK